پی ایم مودی
وزیر اعظم مودی نے آج ملک کی عوام سے خطاب کرتے ہوئے پہلگام دہشت گردانہ حملے اور آپریشن سندور کے حوالے سے بات کی۔ واضح رہے کہ پہلگام دہشت گرانہ حملے کے بعد سے وزیر اعظم کا ملک کی عوام سے یہ پہلا خطاب تھا۔ پیش ہیں وزیر اعظم مودی کے خطاب کے اہم نکات:
وزیر اعظم مودی نے آپریشن سندور کی کامیابی ملک کی خواتین کو وقف کی
واضح رہے کہ پہلگام دہشت گردانہ حملے میں چوں کہ دہشت گردوں نے خواتین کے سامنے ان کے شوہروں اور اہل خانہ کا مارا تھا، لہٰذا اس کے بدلے کو وزیر اعظم نے خواتین کے نام وقف کرتے ہوئے کہا ’’ہمارے بہادر سپاہیوں نے آپریشن سندور کے مقاصد کے حصول میں بے مثال بہادری کا مظاہرہ کیا۔ میں ان کی بہادری، ان کی ہمت اور ان کی کامیابیوں کو ملک کی ہر ماں، ہر بہن اور ہر بیٹی کے نام وقف کرتا ہوں۔‘‘
دہشت گردوں نے ہماری بہنوں اور بیٹیوں کا سندور اجاڑا تو ہم نے ان کے ہیڈکوارٹرز کیے تباہ: وزیر اعظم مودی
وزیر اعظم مودی نے اپنے خطاب کے دوران پہلگام دہشت گردانہ حملے کا بدلہ لینے کی بات کرتے ہوئے کہا ’’دہشت گردوں نے ہماری بہنوں کا سندور اجاڑا تھا۔ اس لیے ہندوستان نے دہشت گردی کے یہ ہیڈکوارٹرز اجاڑ دیے۔‘‘
ہندوستانی حملوں میں سو سے زیادہ دہشت گردوں کی ہلاکت کی تصدیق کی
وزیر اعظم نے دہشت گردوں کو سبق سکھانے کے حوالے سے آپریشن سندور کی کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے کہا ’’ہندوستان کے ان حملوں میں سو سے زیادہ خوں خوار دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتارا گیا ہے۔ دہشت گردی کے بہت سے آقا گزشتہ دو تین دہائیوں سے پاکستان میں کھلے عام گھوم رہے تھے۔ وہ ہنوستان کے خلاف سازشیں کرتے تھے۔ انھیں ہندوستان نے ایک جھٹکے میں ختم کر دیا۔‘‘
پاکستانی فوج کی ناکامی کو کیا واضح
وزیر اعظم مودی نے ہندوستانی فوج کے مقابلے میں پاکستانی فوج کی ناکامی کے حوالے سے کہا ’’دنیا نے دیکھا کہ کیسے پاکستان کے ڈرونز پاکستان کی میزائلیں ہندوستان کے سامنے تنکے کی طرح بکھر گئیں۔ ہندوستان کے بہترین ایئر ڈیفنس سسٹم نے انھیں آسمان میں بھی تباہ کر دیا۔ پاکستان کی تیاری ’’سیما‘‘ پر وار کی تھی، لیکن ہندوستان نے پاکستان کے ’’سینے‘‘ پر وار کر دیا۔ ہندوستان کے ڈرونز اور میزائلوں نے سٹیک حملے کیے اور پاکستانی فوج کے ان ایئر بیسز کو نقصان پہنچایا جن پر پاکستان کو نہایت گھمنڈ تھا۔‘‘
دہشت گردی کے خلاف جاری رہے گی کارروائی
وزیر اعظم نے آئندہ دہشت گردی کی سرپرستی کرنے پر خبردار کرتے ہوئے کہا ’’ہم نے پاکستان کے دہشت گردی اور فوجی ٹھکانوں پر اپنی جوابی کارروائی کو ابھی صرف ملتوی کیا۔ آنے والے دنوں میں ہم پاکستان کے ہر قدم کر اس کسوٹی پر ماپیں گے کہ وہ کیا رویہ اپناتا ہے۔ ہندوستان کی تینوں افواج، ایئرفورس، آرمی، نیوی اور بی ایس ایف اور ہندوستان کے نیم فوجی دستے لگاتار الرٹ پر ہیں۔ سرجیکل اسٹرائیک اور ایئر اسٹرائیک کے بعد اب آپریشن سندور دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کی پالیسی ہے۔‘‘
پاکستان نے دنیا بھر کے سامنے جنگ بندی کی بھیک مانگی: پی ایم مودی
جنگ بندی پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ اس کی پہل پاکستان نے کی اور جنگ بندی کے لیے پوری دنیا میں گہار لگا رہا تھا۔ انھوں نے کہا ’’ہندوستان کی جارحانہ کارروائی کے بعد پاکستان بچنے کے راستے تلاشنے لگا۔ پاکستان دنیا بھر میں تناؤ کم کرنے کے لیے گہار لگا رہا تھا۔‘‘
جوہری بلیک میلنگ نہیں چلے گی: وزیر اعظم
وزیر اعظم مودی نےواضح کر دیا کہ ہندوستان جوہری ہتھیاروں کے نام پر بلیک میلنگ برداشت نہیں کرے گا اور دہشت گردی اور دہشت گردوں کے سرپرستوں کے خلاف سخت کارروائی کرے گا۔ وزیر اعظم نے کہا ’’کوئی بھی نیوکلیئر بلیک میل ہندوستان نہیں سہے گا۔ نیو کلیئر بلیک میل کی آڑ میں پنپ رہے دہشت گردی کے ٹھکانوں پر ہندوستان سٹیک اور فیصلہ کن حملے کرے گا۔‘‘
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔
