بھارتی ریزرو بینک (RBI) نے 2000 روپے کے نوٹوں سے متعلق نیا اپڈیٹ جاری کیا ہے۔ ریزرو بینک کے مطابق 31 دسمبر 2025 تک 98.41 فیصد نوٹ واپس آ چکے ہیں، لیکن اب بھی 5,669 کروڑ روپے مالیت کے نوٹ لوگوں کے پاس موجود ہیں۔ یہ نوٹ تاحال بازار میں گردش کر رہے ہیں۔ RBI نے بتایا کہ ابتدا میں 2000 روپے کے نوٹوں کی مجموعی مالیت تقریباً 3.56 لاکھ کروڑ روپے تھی، جن میں سے اب بہت تھوڑی رقم باقی رہ گئی ہے۔ قابلِ ذکر ہے کہ حکومت نے سال 2023 میں 2000 روپے کے نوٹوں کو چلن سے باہر کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس کے بعد عوام سے کہا گیا تھا کہ وہ بینک جا کر اپنے پاس موجود یہ نوٹ واپس جمع کرا دیں۔ تب سے ملک بھر میں لوگوں نے مرحلہ وار 2000 روپے کے نوٹ واپس کرنا شروع کیے۔
دو مہینوں میں انتہائی سست واپسی
اگرچہ گزشتہ دو مہینوں کے دوران ان نوٹوں کی واپسی کی رفتار بہت سست رہی ہے۔ 31 اکتوبر 2025 تک 5,817 کروڑ روپے کے نوٹ باقی تھے، جبکہ اب یہ رقم گھٹ کر 5,669 کروڑ روپے رہ گئی ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ دو مہینوں میں صرف 148 کروڑ روپے کے نوٹ ہی واپس آئے ہیں، جبکہ بڑی تعداد میں لوگ اب بھی یہ نوٹ اپنے پاس رکھے ہوئے ہیں۔RBI نے واضح کیا ہے کہ 2000 روپے کے نوٹ اب بھی لیگل ٹینڈر ہیں، یعنی قانونی طور پر قابلِ استعمال ہیں، تاہم انہیں تبدیل کروا لینا بہتر ہوگا۔
2000 روپے کے نوٹ کیوں بند کیے گئے؟
2000 روپے کے نوٹ سال 2016 میں نوٹ بندی کے دوران متعارف کرائے گئے تھے، جب 500 اور 1000 روپے کے پرانے نوٹ بند کیے گئے تھے۔ بعد میں ’کلین نوٹ پالیسی‘ کے تحت مئی 2023 میں 2000 روپے کے نوٹوں کو چلن سے ہٹا دیا گیا، کیونکہ دوسرے چھوٹے نوٹ اور سکے کافی مقدار میں دستیاب ہو چکے تھے۔ RBI نے عوام کو سہولت دی تھی کہ وہ یہ نوٹ بینکوں میں جمع کرا دیں۔
کہاں تبدیل کروا سکتے ہیں یہ نوٹ؟
اب یہ نوٹ عام بینک برانچوں میں نہیں بلکہ RBI کے 19 دفاتر میں تبدیل کروائے جا سکتے ہیں۔ یہ دفاتر احمد آباد، بنگلورو، بیلاپور، بھوپال، بھوبنیشور، چندی گڑھ، چنئی، گوہاٹی، حیدرآباد، جے پور، جموں، کانپور، کولکاتا، لکھنؤ، ممبئی، ناگپور، نئی دہلی، پٹنہ اور ترواننت پورم میں واقع ہیں۔ اس کے علاوہ انڈیا پوسٹ کے ذریعے ڈاک کے ذریعہ بھی نوٹ RBI کو بھیجے جا سکتے ہیں۔ یہ سہولت اب بھی جاری ہے اور لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ جلد از جلد اپنے 2000 روپے کے نوٹ تبدیل کروا لیں۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


