Bharat Express DD Free Dish

Rajnath Singh initates discussion: راجناتھ سنگھ نے لوک سبھا میں آپریشن سندور پر بحث کا آغاز کرتے ہوئے اسے دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کی پالیسی کی فیصلہ کن مثال قرار دیا

بحث کا آغاز کرتے ہوئے راجناتھ سنگھ نے پارلیمنٹ کی طرف سے بہادر جوانوں کو سلام پیش کیا۔ یہ بحث لوک سبھا میں 16 گھنٹے تک جاری رہے گی، جب کہ 29 جولائی کو راجیہ سبھا میں بھی اسی موضوع پر تفصیلی بحث متوقع ہے۔

نئی دہلی: وزیردفاع راجناتھ سنگھ نے پیر کے روز پارلیمنٹ کے ایوانِ زیریں لوک سبھا میں طویل انتظار کی حامل بحث کا باضابطہ آغاز کرتے ہوئے ’آپریشن سندور‘ کو ہندوستانی افواج کی طرف سے انجام دی گئی ایک تاریخی کارروائی قرار دیا۔ انہوں نے شہید سپاہیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ فوجی ہمیشہ ملک کے لیے اپنی جان قربان کرنے کو تیار رہتے ہیں۔ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ سب سے پہلے، میں پارلیمنٹ کی طرف سے ان بہادر جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے ملک کے لیے قربانیاں دی ہیں۔ آپریشن سندور نہ صرف ایک فوجی کارروائی تھی، بلکہ یہ ہندوستان کی دہشت گردی کے خلاف پالیسی کی ایک مؤثر اور فیصلہ کن مثال بھی تھی۔ یہ ہماری خودمختاری، شناخت اور شہریوں کی سلامتی سے وابستہ ذمہ داری کا عکاس تھا۔

انٹیلی جنس اور منصوبہ بندی کی بنیاد پر کارروائی

راجناتھ سنگھ نے ایوان کو بتایا کہ 6 اور 7 مئی کو شروع کی گئی اس کارروائی سے قبل ہندوستانی مسلح افواج نے ہر پہلو پر گہرائی سے مطالعہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس کئی متبادل تھے، لیکن ہم نے وہ راستہ چنا جس سے دہشت گردوں اور ان کے ٹھکانوں کو سب سے زیادہ نقصان ہو اور پاکستانی شہریوں کو کوئی گزند نہ پہنچے۔ وزیر دفاع نے بتایا کہ ’آپریشن سندور‘ میں کل 9 دہشت گردانہ بنیادی ڈھانچوں کو نشانہ بنایا گیا۔ اس کارروائی میں اندازاً 100 سے زائد دہشت گرد، ان کے ٹرینر، ہینڈلرز اور معاونین مارے گئے، جن میں سے بیشتر جیشِ محمد، لشکرِ طیبہ اور حزب المجاہدین جیسے تنظیموں سے جڑے ہوئے تھے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ پورا آپریشن محض 22 منٹ میں مکمل کر لیا گیا تھا۔

پارلیمنٹ میں بحث کے آغاز سے قبل کی ہلچل

راجناتھ سنگھ کی تقریر سے پہلے، ایوان کی کارروائی دن میں تین بار ملتوی ہوئی، کیونکہ اپوزیشن اراکین نعرے بازی کرتے ہوئے ایوان کے وسط میں آ گئے تھے۔ اسپیکر اوم برلا نے اپوزیشن اراکین کو تنبیہ کی کہ وہ کارروائی میں خلل ڈالنے سے باز رہیں۔

’آپریشن سندور‘ کا پس منظر

’آپریشن سندور‘ کا آغاز 7 مئی کو کیا گیا تھا، جو کہ جموں و کشمیر کے پہلگام میں 22 اپریل کو پیش آنے والے ہولناک دہشت گردانہ حملے کے بعد ہندوستان کی جوابی کارروائی تھی۔ اس حملے میں 26 عام شہری مارے گئے تھے۔ ہندوستان نے اس کے جواب میں پاکستان اور پاکستان مقبوضہ کشمیر (PoK) میں موجود دہشت گرد ٹھکانوں پر ہدفی کارروائیاں کی تھیں۔ یہ بحث لوک سبھا میں 16 گھنٹے تک جاری رہے گی، جب کہ 29 جولائی کو راجیہ سبھا میں بھی اسی موضوع پر تفصیلی بحث متوقع ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read