پی ایم مودی نے مارک ٹلی کی موت پر غم کا اظہار کیا۔
نئی دہلی: سینئر صحافی اور معروف مصنف سر ولیم مارک ٹلی کا انتقال ہو گیا۔ وہ اتوار کے روز 90 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ دنیا انہیں مارک ٹلی کے نام سے جانتی تھی۔ ان کے انتقال پر وزیراعظم نریندر مودی نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ صحافت کی دنیا کی ایک عظیم شخصیت سر مارک ٹلی کے انتقال کی خبر افسوسناک ہے۔ بھارت اور یہاں کے عوام کے ساتھ ان کا گہرا تعلق ان کے کام میں صاف جھلکتا تھا۔ ان کی رپورٹنگ اور سوچ نے عوامی مکالمے پر ایک گہرا نقش چھوڑا۔ وزیراعظم نے ان کے اہلِ خانہ، دوستوں اور بے شمار چاہنے والوں کے تئیں تعزیت کا اظہار کیا۔
مارک ٹلی بی بی سی کے سابق صحافی تھے اور اپنے پورے کیریئر کے دوران بھارت اور جنوبی ایشیا سے متعلق رپورٹنگ کرتے رہے۔ انہیں بھارت اور برطانیہ، دونوں حکومتوں کی جانب سے ایوارڈز سے نوازا گیا تھا۔ وہ کافی عرصے سے علیل تھے اور جنوبی دہلی کے ایک اسپتال میں زیرِ علاج تھے، جہاں انہوں نے آخری سانس لی۔
ٹلی نے بھارت میں حاصل کی ابتدائی تعلیم
مارک ٹلی کی پیدائش 24 اکتوبر 1935 کو کلکتہ کے ٹالی گنج علاقے میں ایک خوشحال برطانوی تاجر خاندان میں ہوئی تھی۔ ان کی ابتدائی تعلیم بھارت میں ہی ہوئی، جس میں دارجلنگ کے ایک بورڈنگ اسکول میں تعلیم بھی شامل ہے۔ نو برس کی عمر میں وہ برطانیہ چلے گئے۔ انہوں نے کیمبرج یونیورسٹی سے مذہبیات کی تعلیم حاصل کی اور ابتدا میں چرچ سے وابستہ ہونے کا ارادہ کیا، لکین بعد میں یہ خیال ترک کر دیا اور صحافت کو بطور پیشہ اختیار کیا۔ وہ 1964 میں بی بی سی سے وابستہ ہوئے۔
دہلی میں بنے بی بی سی کے بیورو چیف
1965 میں وہ بی بی سی کے بھارت نامہ نگار کے طور پر دوبارہ بھارت آئے اور اس کے بعد نئی دہلی میں بی بی سی کے بیورو چیف مقرر ہوئے۔ اپنے 22 سالہ دور میں انہوں نے جنوبی ایشیا کے تقریباً تمام بڑے واقعات کی رپورٹنگ کی۔ ان میں بھارت-پاکستان جنگ، آپریشن بلیو اسٹار، اس کے بعد اندرا گاندھی کا قتل اور سکھ مخالف فسادات، بھوپال گیس سانحہ، راجیو گاندھی کا قتل اور بابری مسجد کی شہادت جیسے واقعات شامل ہیں۔
جولائی 1994 میں چھوڑ دیا بی بی سی
جولائی 1994 میں اس وقت کے ڈائریکٹر جنرل سے اختلافات کے بعد انہوں نے بی بی سی چھوڑ دیا، جس کے بعد وہ نئی دہلی سے ایک آزاد صحافی اور براڈکاسٹر کے طور پر کام کرتے رہے۔ حالانکہ، ان کا بی بی سی سے رابطہ برقرار رہا اور وہ 2019 تک بعض پروگراموں میں نظر آتے رہے۔
ایک ممتاز مصنف بھی تھے مارک ٹلی
مارک ٹلی ایک ممتاز مصنف بھی تھے۔ ان کی اہم کتابوں میں امرتسر: مسز گاندھی کی آخری لڑائی (1985)، راج سے راجیو: بھارتی آزادی کے 40 سال (1988)، نو فل اسٹاپس اِن انڈیا (1988)، انڈیا اِن سلو موشن (2002)، انڈیاز اَن اینڈنگ جرنی (2008) اور انڈیا: دی روڈ اہیڈ (2011) شامل ہیں۔ ان کی معروف افسانوی تصانیف میں دی ہارٹ آف انڈیا (1995) اور اپ کنٹری ٹیلز (2017) شامل ہیں۔
2005 میں پدم بھوشن سے ہوئے سرفراز
مارک ٹلی کو 1985 میں برطانیہ کی جانب سے آفیسر آف دی آرڈر آف دی برٹش ایمپائر (او بی ای) کے اعزاز سے نوازا گیا تھا، جبکہ حکومتِ ہند نے انہیں 1992 میں پدم شری اور 2005 میں پدم بھوشن سے سرفراز کیا تھا۔
بھارت ایکسپریس۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


