احمد آباد: بی اے پی ایس کے زیر اہتمام ’’پرمکھ ورنی امرت مہوتسو‘‘ کا اختتام گزشتہ شب احمد آباد کے مشہور سابر متی ریور فرنٹ ایونٹ سینٹر میں ہوا جس میں بی اے پی ایس کے صدر مہنت سوامی مہاراج، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، وزیراعلیٰ بھوپیندر پٹیل، نائب وزیراعلیٰ ہرش سنگھوی اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر پرمکھ سوامی مہاراج کی خدمات، روحانی افکار اور انسان دوستی کے مشن کو مختلف تخلیقی اور بصری پیشکشوں کے ذریعے خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
75 برس پرانی یاد اور خدمت کا سفر
اس موقع پر 1950 کی اس تاریخی گھڑی کو یاد کیا گیا جب بی اے پی ایس کے بانی شاستری جی مہاراج نے امبلیوالی پول میں پرمکھ سوامی مہاراج کو تاحیات سربراہ مقرر کیا تھا۔ حاضرین کو اس واقعے سے جوڑا گیا کہ اسی روز انہوں نے خود برتن دھوئے، جسے ان کی خودداری، عاجزی اور خدمت گزاری کی علامت کے طور پر یاد رکھا جاتا ہے۔ اسٹیج کی خاص تزئین میں امبلیوالی پول اور اکشر دھام دہلی کا علامتی امتزاج پیش کیا گیا جو ان کے روحانی سفر اور عالمی انسانی خدمت کا آئینہ تھا۔
مقررین کے خیالات اور تقاریر
تقریب کا آغاز تعارفی ویڈیو اور موضوعاتی رقص سے ہوا۔ پھر پرمکھ سوامی مہاراج کی زندگی، عالمی خدمت اور روحانی کردار پر کئی بصری دستاویزات دیکھی گئیں۔ بی اے پی ایس کے بزرگ سنتوں نے ان کی شخصیت کے نمایاں پہلوؤں تپسیا، عاجزی، شکر گزاری اور خدمت خلق پر سیر حاصل گفتگو کی۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اپنی گفتگو میں کہا: ’’پرمکھ سوامی مہاراج نے خدمت اور بھکتی کو ایک لڑی میں پرویا۔ انہوں نے مشکل وقت میں سناتن دھرم کو نئی توانائی دی اور ان کا کردار پوری قوم کے لیے مشعل راہ ہے۔‘‘ اسی طرح وزیراعلیٰ بھوپیندر پٹیل نے انہیں ’’گجرات کی روحانی تاریخ کا سنہرا باب‘‘ قرار دیا اور کہا کہ یہ مہوتسو حقیقت میں ’’لوگوں کا تہوار‘‘ ہے۔
مہنت سوامی مہاراج کا پیغام
مہنت سوامی مہاراج نے جذباتی انداز میں کہا: ’’پرمکھ سوامی مہاراج نے دوسروں کی خوشی کو ہی اپنی خوشی سمجھا۔ ان کے لیے ہر انسان خدا کا عکس تھا۔ اگر ہم واقعی ان کی یاد کو زندہ رکھنا چاہتے ہیں تو ہمیں معافی، عاجزی اور خدمت کو اپنا شعار بنانا ہوگا۔‘‘ 50 ہزار سے زائد افراد کی موجودگی میں اجتماعی آرتی کا روح پرور منظر دیکھنے سے تعلق رکھتا تھا۔
تقریب کا اختتام اور انتظامات
تقریب کا اختتام آتش بازی، نوجوانوں کے رقص اور ’’پرمکھ ورنی امرت مہوتسو کی جے‘‘ کے نعروں کے ساتھ ہوا۔ اس مہوتسو کی تیاری میں 7000 سے زائد رضاکاروں نے تین ماہ تک خدمات انجام دیں جبکہ تقریب کو بھارت سمیت دنیا بھر کے لاکھوں افراد نے live.baps.org اور آستھا چینل پر براہ راست دیکھا۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔
