نئی دہلی:11مئی کی تاریخ بھارت کی تاریخ میں ایک اہم اور تاریخی موڑ کی حیثیت رکھتی ہے۔ آج پورا ملک نیشنل ٹیکنالوجی ڈے منا رہا ہے، جو ان سائنس دانوں، انجینئروں اور محققین کے نام وقف ہے جن کی محنت اور صلاحیتوں نے بھارت کو عالمی سطح پر ایک مضبوط اور باوقار مقام دلایا۔ یہ دن نہ صرف سائنسی کامیابیوں کی یاد دلاتا ہے ،بلکہ ملک کی تکنیکی ترقی اور خود انحصاری کے عزم کی بھی علامت بن چکا ہے۔اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک بھر کے شہریوں کو مبارکباد دیتے ہوئے 1998 کے ان تاریخی لمحات کو یاد کیا جب راجستھان کے پوکھرن میں بھارت نے کامیاب جوہری تجربات کرکے پوری دنیا کو حیران کر دیا تھا۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ 11 مئی 1998 کو انجام دیے گئے ’آپریشن شکتی‘ نے بھارت کو عالمی طاقتوں کی صف میں لا کھڑا کیا اور یہ لمحہ ملک کی سائنسی برتری اور مضبوط عزم کی علامت بن گیا۔
Greetings on National Technology Day. We recall with pride the hard work and dedication of our scientists, which led to the successful tests in Pokhran in 1998. That landmark moment reflected India’s scientific excellence and unwavering commitment.
Technology has become a key…
— Narendra Modi (@narendramodi) May 11, 2026
وزیر اعظم مودی نے ان سائنس دانوں اور ماہرین کو خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے سخت عالمی پابندیوں، وسائل کی کمی اور کئی چیلنجز کے باوجود بھارت کو ایٹمی طاقت بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی صرف ایک جوہری تجربہ نہیں تھی بلکہ ملک کی خود اعتمادی، خود انحصاری اور سائنسی صلاحیت کا اعلان بھی تھا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آج ٹیکنالوجی صرف دفاعی نظام یا لیبارٹریوں تک محدود نہیں رہی بلکہ یہ ’آتم نربھر بھارت‘ یعنی خود کفیل بھارت کی بنیاد بن چکی ہے۔ مصنوعی ذہانت (AI)، خلائی تحقیق، گرین ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل سروسز اور دفاعی ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں بھارت تیزی سے عالمی قیادت کی طرف بڑھ رہا ہے۔وزیر اعظم مودی نے کہا کہ چند برس پہلے تک یہ تصور کرنا مشکل تھا کہ دیہی علاقوں میں رہنے والا ایک عام شخص موبائل فون کے ذریعے ڈیجیٹل ادائیگیاں کرے گا یا گھر بیٹھے سرکاری سہولیات سے فائدہ اٹھا سکے گا۔ آج یہ سب ہمارے سائنس دانوں اور ٹیکنالوجی ماہرین کی جدت اور تحقیق کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو تحقیق اور اختراع کی جانب راغب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو ایسے باصلاحیت افراد کی ضرورت ہے جو مقامی مسائل کا حل ملک کے اندر ہی تلاش کر سکیں۔
واضح رہے کہ 11 مئی کو نیشنل ٹیکنالوجی ڈے منانے کا فیصلہ سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی نے 1998 کے پوکھرن جوہری تجربات کے بعد کیا تھا۔ اس دن بھارت نے دنیا کو اپنی تکنیکی اور دفاعی طاقت کا احساس دلایا تھا۔ تب سے ہر سال 11 مئی کو ملک اپنی سائنسی اور تکنیکی کامیابیوں کا جشن مناتا ہے اور ان شخصیات کو یاد کرتا ہے جنہوں نے بھارت کو ترقی کی نئی بلندیوں تک پہنچایا۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


