Bharat Express DD Free Dish

Union Home Minister Amit Shah: وزارت تعاون کے پانچ سال مکمل، وزیراعظم مودی کے فیصلے نے تحریک کو دی نئی زندگی- امت شاہ

امت شاہ نے کہا کہ آج متعدد ایسے منصوبوں کا آغاز کیا گیا ہے جو کافی عرصے سے زیرغور تھے۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی اے حکومت نے ہمیشہ سماج کے محروم طبقات کو بااختیار بنانے کے لیے نئی وزارتیں قائم کیں۔انہوں نے یاد دلایا کہ سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی نے قبائلی امور کی وزارت قائم کی،

نئی دہلی: قومی دارالحکومت نئی دہلی میں وزارت تعاون کے قیام کے پانچ سال مکمل ہونے کے موقع پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مرکزی وزیرداخلہ و تعاون امت شاہ سمیت متعدد مرکزی وزراء، اعلیٰ حکام اور تعاونی شعبے سے وابستہ نمائندوں نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امت شاہ نے کہا کہ 6 جولائی 2021 کو وزیراعظم نریندر مودی نے مرکزی وزارت تعاون کے قیام کا تاریخی فیصلہ کیا، جس نے ملک کی تعاونی تحریک کو نئی سمت اور نئی توانائی فراہم کی۔انہوں نے کہا، “تمام تعاونی اداروں کی جانب سے میں وزیراعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ان کے ایک فیصلے نے کروڑوں افراد کو فائدہ پہنچایا اور تعاونی تحریک کو ایک نئے دور میں داخل کیا۔ گزشتہ 75 برسوں تک اس شعبے کو نظر انداز کیا جاتا رہا، لیکن وزیراعظم مودی نے اسے اگلی صدی کی ضروریات کے مطابق آگے بڑھانے کا کام کیا ہے۔”

ریاستوں کے اختیارات میں مداخلت نہیں، تعاون ہمارا مقصد

امت شاہ نے کہا کہ جب وزارتِ تعاون قائم کی جا رہی تھی تو بعض حلقوں نے یہ کہہ کر مخالفت کی کہ تعاون ریاستی حکومتوں کا موضوع ہے، اس لیے مرکز کو اس میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پانچ برس بعد یہ واضح ہو چکا ہے کہ وزارت کا مقصد ریاستوں کے اختیارات میں مداخلت نہیں بلکہ ان کے ساتھ مل کر نظام کو مضبوط بنانا ہے۔ان کے مطابق وزارت نے گزشتہ پانچ برسوں میں تعاونی شعبے کے مسائل کی نشاندہی کر کے ان کے حل کے لیے متعدد اقدامات کیے، جس سے ریاستوں کی ترقی کو بھی نئی رفتار ملی۔

نئی اسکیمیں اور دیہی ترقی پر زور

امت شاہ نے کہا کہ آج متعدد ایسے منصوبوں کا آغاز کیا گیا ہے جو کافی عرصے سے زیرغور تھے۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی اے حکومت نے ہمیشہ سماج کے محروم طبقات کو بااختیار بنانے کے لیے نئی وزارتیں قائم کیں۔انہوں نے یاد دلایا کہ سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی نے قبائلی امور کی وزارت قائم کی، جب کہ وزیراعظم نریندر مودی نے جل شکتی، ماہی پروری، مویشی پروری و ڈیری اور بعد ازاں وزارتِ تعاون کی بنیاد رکھی۔

 پی اے سی ایس اور بیج پیداوار میں اہم پیش رفت

امت شاہ نے کہا کہ ملک بھر کی پرائمری ایگریکلچرل کریڈٹ سوسائٹیز (PACS)(پی اے سی ایس) اب ایک مشترکہ ماڈل بائی لاز کے تحت کام کر رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ 55 ہزار سے زائد  پی اے سی ایس اب کامن سروس سینٹرز(سی ایس سی) کے ذریعے دیہی علاقوں میں 300 سے زیادہ خدمات فراہم کر رہی ہیں اور گاؤں کی اقتصادی سرگرمیوں کا اہم مرکز بن چکی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ قومی سطح پر قائم کی گئی نئی تعاونی بیج پیداوار تنظیم آئندہ تین برسوں میں بھارت کی سب سے بڑی غیر سرکاری بیج پیدا کرنے والی تنظیم بننے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

ان کے مطابق اس کے تین بنیادی مقاصد ہیں:

کسانوں کو خالص اور معیاری بیج فراہم کرنا،

زیادہ پیداوار دینے والی جدید اقسام کے بیج تیار اور تقسیم کرنا،

اور روایتی بھارتی بیجوں کا تحفظ کرنا۔

شیاما پرساد مکھرجی کو خراج عقیدت

امت شاہ نے اپنے خطاب میں بھارتیہ جن سنگھ کے بانی ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی کی 125ویں یومِ پیدائش کا بھی ذکر کیا اور ان کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ اگر آج جموں و کشمیر بھارت کا اٹوٹ حصہ ہے تو اس میں ڈاکٹر مکھرجی کی جدوجہد کا اہم کردار ہے۔ انہوں نے “دو نشان، دو آئین” کے خلاف تحریک چلائی اور اس مقصد کے لیے اپنی جان تک قربان کر دی۔امت شاہ نے کہا کہ وزیراعظم مودی نے آرٹیکل 370 کی منسوخی کے ذریعے ڈاکٹر مکھرجی کے خواب کو حقیقت کا روپ دیا۔انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ اگر ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی نہ ہوتے تو آسام اور مغربی بنگال کی موجودہ صورتحال مختلف ہو سکتی تھی۔ ان کے مطابق مکھرجی کی تحریک نے اس وقت کی کانگریس حکومت کو اپنے مؤقف پر نظرثانی پر مجبور کیا تھا۔خطاب کے اختتام پر امت شاہ نے اعلان کیا کہ مرکزی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی کی یومِ پیدائش ملک کے ہر شہر اور قصبے میں منائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر مکھرجی نے جن سنگھ کی بنیاد رکھی، جو بعد میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی شکل میں ابھر کر ملک کی خدمت کر رہی ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read