بھارت کے 11ویں وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا پیر (18 مئی 2026) کو اپنی سالگرہ منا رہے ہیں۔ اس خاص موقع پر وزیراعظم نریندر مودی سمیت مرکزی حکومت کے کئی سینئر وزراء اور قدآور لیڈروں نے انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے ملک کی تعمیر و ترقی میں ان کے تاریخی کردار کو یاد کیا۔ طویل عوامی زندگی گزارنے والے دیوے گوڑا کو بھارتی سیاست میں کسانوں اور دیہی بھارت کی آواز بلند کرنے کے لیے خاص طور پر جانا جاتا ہے۔
پی ایم مودی نے دیوے گوڑا کے جذبے کو سراہا
وزیراعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘پر سابق وزیراعظم کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے نہایت جذباتی اور باوقار پیغام لکھا۔ پی ایم مودی نے کہا کہ اپنے طویل عوامی زندگی کے دوران دیوے گوڑا نے ملک کے لیے غیر معمولی خدمات انجام دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ دیوے گوڑا پالیسی سے متعلق معاملات کی گہری سمجھ اور سماج کے محروم طبقات کی خدمت کے جذبے کے لیے پورے ملک میں پہچانے جاتے ہیں۔ وزیراعظم نے ان کی درازیٔ عمر اور اچھی صحت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
امت شاہ اور راج ناتھ سنگھ کا خراجِ تحسین
مرکزی وزیرِداخلہ امت شاہ اور وزیرِدفاع راج ناتھ سنگھ نے بھی دیوے گوڑا کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے کسان دوست رویے کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ امت شاہ نے انہیں “دھرتی کا سچا سپوت” قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسانوں اور دیہی بھارت کے لیے ان کی زندگی بھر کی خدمات نے قوم پر ایک انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔وہیں وزیرِدفاع راج ناتھ سنگھ نے بھارت کی ترقی، خاص طور پر کسانوں کے مفادات کے تحفظ میں دیوے گوڑا کے تاریخی اور نمایاں کردار کی بھرپور تعریف کی۔
دیوے گوڑا کا وزیراعظم بننے تک کا سفر
18 مئی 1933 کو کرناٹک کے حسن ضلع کے ایک چھوٹے سے گاؤں ہردانہلی میں پیدا ہونے والے ایچ ڈی دیوے گوڑا کا سیاسی سفر نہایت شاندار رہا ہے۔ سال 1991 میں وہ پہلی بار لوک سبھا کے لیے منتخب ہوئے اور کسانوں کے مسائل کو قومی سطح پر اٹھایا، جس کے بعد 1994 میں وہ کرناٹک کے 14ویں وزیرِاعلیٰ بنے۔ملک کی سیاست میں اصل موڑ سال 1996 میں آیا، جب وہ مرکزی سیاست کا اہم چہرہ بن کر ابھرے اور یکم جون 1996 کو یونائیٹڈ فرنٹ اتحاد کی حکومت کی قیادت کرتے ہوئے بھارت کے 11ویں وزیراعظم کے طور پر حلف لیا۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔
