وزیر اعظم نریندر مودی۔
اوسلو: وزیر اعظم نریندر مودی منگل کے روز اوسلو میں منعقد ہونے والے تیسرے انڈیا-نورڈک سمٹ میں شرکت کریں گے۔ اس سمٹ کا مقصد ٹیکنالوجی، قابل تجدید توانائی، دفاع، پائیداری اور تجارت جیسے شعبوں میں بھارت اور نورڈک ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
نورڈک ممالک کے سربراہان بھی ہوں گے شریک
وزارت خارجہ (ایم ای اے) کے مطابق اس سمٹ میں ناروے کے وزیر اعظم جونس گہر اسٹور، ڈنمارک کی وزیر اعظم میٹ فریڈرکسن، فن لینڈ کے وزیر اعظم پیٹری آرپو ، آئس لینڈ کی وزیر اعظم کرسٹرین فراسٹادوٹیر اور سویڈن کے وزیر اعظم الف کرسٹرسن بھی شرکت کریں گے۔ ایم ای اے نے کہا کہ یہ سمٹ اس سے قبل 2018 میں اسٹاک ہوم اور 2022 میں کوپن ہیگن میں منعقد ہونے والی میٹنگوں کا تسلسل ہے۔ اس کے ذریعے بھارت اور نورڈک ممالک کے تعلقات کو مزید اسٹریٹجک شکل دی جائے گی، خاص طور پر ٹیکنالوجی و اختراع، گرین ٹرانزیشن، قابل تجدید توانائی، پائیداری، بلیو اکانومی، دفاع، خلائی تحقیق اور آرکٹک جیسے شعبوں میں۔
انڈیا-ناروے بزنس اینڈ ریسرچ سمٹ میں بھی شرکت
سمٹ سے قبل وزیر اعظم مودی نے پیر کے روز اوسلو میں انڈیا-ناروے بزنس اینڈ ریسرچ سمٹ میں بھی حصہ لیا، جہاں انہوں نے انڈیا-ای ایف ٹی اے تجارتی و اقتصادی شراکت داری معاہدے کے نفاذ کے بعد دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے اقتصادی تعاون پر زور دیا۔ اس پروگرام میں 50 سے زیادہ کمپنیوں کے سی ای اوز اور بھارت و ناروے کے کاروباری اور تحقیقی شعبوں سے وابستہ 250 سے زائد افراد شریک ہوئے۔ اس دوران بھارتی اور ناروے کی تنظیموں کے درمیان کئی تجارتی معاہدوں پر بھی دستخط کیے گئے۔
ناروے پہنچنے پر پی ایم مودی کا پرتپاک استقبال
وزیر اعظم مودی اپنی پانچ ملکی دورے کے چوتھے مرحلے میں پیر کو ناروے پہنچے تھے۔ خصوصی اعزاز کے طور پر ناروے کے وزیر اعظم جونس گہر اسٹور خود ایئرپورٹ پر ان کے استقبال کے لیے موجود تھے۔ بھارت میں ناروے کی سفیر مے ایلن سٹینر، ناروے میں بھارت کی سفیر گلوریا گینگٹے اور دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ناروے کے بادشاہ سے وزیر اعظم مودی کی ملاقات
اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم مودی نے اوسلو کے رائل پیلس میں ناروے کے بادشاہ ہیرالڈ پنجم سے بھی ملاقات کی۔ دونوں لیڈران نے خاص طور پر ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی کے میدان میں بھارتی اور ناروے کی کمپنیوں کے درمیان بڑھتے تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعظم دفتر (پی ایم او) کے مطابق، وزیر اعظم مودی نے ناروے کی قدرتی خوبصورتی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اور ناروے کی دیرینہ دوستی جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور عوامی مرکزیت والی حکمرانی جیسی مشترکہ اقدار پر مبنی ہے اور وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہی ہے۔ اس کے بعد کنگ ہیرالڈ نے وزیر اعظم مودی کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام بھی کیا، جس پر وزیر اعظم نے ان کا شکریہ ادا کیا۔
مودی کو ملا ناروے کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز
اس سے قبل دن میں وزیر اعظم مودی کو ناروے کے سب سے بڑے شہری اعزاز “گرینڈ کراس آف دی رائل ناروے جین آرڈر آف میرٹ” سے نوازا گیا، جو غیر ملکی سربراہان مملکت اور حکومت کو دیا جاتا ہے۔ اعزاز حاصل کرنے کے بعد وزیر اعظم مودی نے کہا کہ وہ اس اعزاز کو حاصل کر کے خود کو باعثِ فخر محسوس کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز بھارت کے عوام کے نام ہے اور بھارت-ناروے دوستی کی مضبوطی کی علامت ہے۔ وزیر اعظم نے اس اعزاز کے لیے کنگ ہیرالڈ اور ناروے کے عوام کا بھی شکریہ ادا کیا۔ پی ایم او کے مطابق یہ اعزاز ناروے اور انسانیت کے مفاد میں غیر معمولی خدمات انجام دینے پر دیا جاتا ہے۔
بھارت ایکسپریس۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔




