Bharat Express DD Free Dish

PM Modi Stresses Aatmanirbhar Bharat on Independence Day: ’’آتم نربھر بھارت مضبوط اور ترقی یافتہ بھارت کی بنیاد‘‘ پی ایم مودی نے یومِ آزادی پر اپنے خطاب میں خودانحصاری پر دیا زور

پی ایم مودی نے دفاع، ٹیکنالوجی، توانائی، خلا اور مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں ملک کی کامیابیوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ خود انحصاری ہی بھارت کی طاقت ہے۔

79ویں یومِ آزادی کے موقع پر لال قلعہ کی فصیل سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِاعظم نریندر مودی نے ’’آتم نربھر بھارت‘‘ کو ’’وکست بھارت‘‘ کی تعمیر کا بنیادی ستون قرار دیا۔ انھوں نے دفاع، ٹیکنالوجی، توانائی، خلا اور مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں ملک کی کامیابیوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ خود انحصاری ہی بھارت کی طاقت، وقار اور 2047 تک ترقی یافتہ ملک بننے کی بنیاد ہے۔

پیش ہیں اس حوالے سے پی ایم مودی کے خطاب کے اہم نکات:

دفاعی خود کفالت اور آپریشن سندور:

وزیرِاعظم نے ’’آپریشن سندور‘‘ کو بھارت کی دفاعی خود کفالت کی واضح مثال قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’میڈ اِن انڈیا‘‘ ہتھیاروں نے بھارت کو آزادانہ اور فیصلہ کن کارروائی کی صلاحیت دی ہے اور قومی سلامتی بیرونی انحصار پر نہیں چھوڑی جا سکتی۔

جیٹ انجن کی مقامی تیاری:

مودی نے بھارتی نوجوانوں اور اختراع کاروں پر زور دیا کہ وہ ملک میں ہی جدید جیٹ انجن تیار کریں تاکہ مستقبل کا دفاعی نظام مکمل طور پر مقامی ہو۔

سیمی کنڈکٹرز اور ہائی ٹیک قیادت:

بھارت 2025 کے آخر تک ’’میڈ اِن انڈیا‘‘ سیمی کنڈکٹر چِپس متعارف کرائے گا۔ وزیرِاعظم نے مصنوعی ذہانت (AI)، سائبر سیکیورٹی، ڈیپ ٹیک اور آپریٹنگ سسٹمز میں اختراع پر زور دیا تاکہ بھارت عالمی مسابقت میں آگے رہے۔

خلائی خود انحصاری:

1۔ گروپ کیپٹن شبھانشو شکلا کی کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے مودی نے بھارت کے اپنے خلائی اسٹیشن کے قیام کا اعلان کیا۔ اس کے علاوہ انھوں نے بتایا کہ 300 سے زائد اسٹارٹ اپس سیٹلائٹ، ایکسپلوریشن اور جدید خلائی ٹیکنالوجی پر کام کر رہے ہیں اور بھارت عالمی سطح پر قیادت کر رہا ہے۔

صاف اور قابل تجدید توانائی:

وزیرِاعظم نے کہا کہ بھارت نے 2030 تک 50 فیصد صاف توانائی حاصل کرنے کا ہدف مقرر کیا تھا، لیکن عوام کی لگن کی بدولت یہ ہدف 2025 میں ہی حاصل ہو گیا۔ انھوں نے سولر، نیوکلئیر، ہائیڈرو اور ہائیڈروجن توانائی کے فروغ کو خود کفالت کی جانب اہم قدم قرار دیا۔ پی ایم مودی نے بتایا کہ نجی شعبے کی شمولیت سے جوہری توانائی کو فروغ دیا جا رہا ہے اور 10 نیوکلئیر ری ایکٹرز کام کر رہے ہیں۔ 2047 تک نیوکلیئر توانائی کی صلاحیت کو 10 گنا بڑھانے کا ہدف ہے۔

نیشنل کرٹیکل منرلز مشن:

وزیرِاعظم نے بتایا کہ بھارت نے اسٹریٹجک خود مختاری کے لیے 1,200 مقامات پر قیمتی معدنیات کی تلاش کا عمل شروع کیا ہے تاکہ دفاعی اور صنعتی ترقی کو مقامی وسائل سے ممکن بنایا جا سکے۔

ڈیپ واٹر ایکسپلوریشن مشن:

بھارت سمندر کی گہرائیوں سے توانائی حاصل کرے گا تاکہ غیر ملکی ایندھن پر انحصار کم کیا جا سکے۔

زرعی خود کفالت اور کھاد کی پیداوار:

وزیرِاعظم نے زرعی شعبے میں خود کفالت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک کو کھاد کی درآمد پر انحصار کم کرنا ہوگا تاکہ کسان خود مختار ہوں اور خوراک کی سلامتی یقینی بنائی جا سکے۔

ڈیجیٹل خود مختاری:

پی ایم مودی نے بھارتی نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ بھارت کے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر بنائیں تاکہ مواصلاتی اور تکنیکی خود انحصاری حاصل ہو۔

ادویات اور طبی اختراعات میں خود کفالت:

پی ایم مودی نے بھارت کو دنیا کی ’’فارمیسی‘‘ قرار دیتے ہوئے وزیرِاعظم نے R&D میں سرمایہ کاری بڑھانے پر زور دیا۔ انھوں نے کوویڈ کے دوران دیسی ویکسین اور CoWIN پلیٹ فارم کی کامیابی کو مثال بناتے ہوئے مقامی سطح پر نئی دوائیں، ویکسینز اور علاج تیار کرنے کی اپیل کی۔ اس کے علاوہ انھوں نے سائنس دانوں سے کہا کہ وہ عالمی سطح پر پیٹنٹ حاصل کریں تاکہ بھارت دنیا کی صحت میں مثبت کردار ادا کرے۔

سوَدیشی کی حمایت–’ووکل فار لوکل‘:

وزیرِاعظم نے عوام اور دکانداروں سے اپیل کی کہ وہ فخر سے بھارتی مصنوعات استعمال کریں۔ انھوں نے دکانوں پر ’’سوَدیشی‘‘ کے بورڈ لگانے کی تجویز دی تاکہ مقامی معیشت کو فروغ ملے۔

مشن سُدرشن چکر: دفاعی طاقت میں اضافہ:

مودی نے ’’مشن سُدرشن چکر‘‘ کے آغاز کا اعلان کیا، جس کا مقصد دشمن کی دفاعی دراندازی کا خاتمہ اور بھارت کی جارحانہ دفاعی صلاحیت کو مضبوط بنانا ہے۔ انھوں نے اس کا ربط شری کرشن کے سُدرشن چکر سے جوڑتے ہوئے کہا کہ بھارت اپنی ثقافتی وراثت سے رہنمائی لیتے ہوئے جدید دفاعی ٹیکنالوجی کی طرف بڑھ رہا ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read