نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے سلوواکیہ کے صدر پیٹر پیلیگرینی سے ملاقات کے بعد ان کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے خیالات اور بصیرت ہمیشہ انتہائی متاثر کن اور قیمتی ثابت ہوتے ہیں۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان براتسلاوا میں ہونے والی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون، ٹیکنالوجی اور ثقافتی روابط سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں لکھا، ’’صدر پیلیگرینی، آپ سے ملاقات کر کے خوشی ہوئی۔ مجھے اطمینان ہے کہ ہم اپنی گزشتہ ملاقات میں شروع ہونے والی اہم گفتگو کو آگے بڑھا سکے۔ آپ کی بصیرت اور خیالات ہمیشہ بہت متاثر کن اور قابلِ قدر ہوتے ہیں۔‘‘وزیر اعظم نے سلوواکیہ کے صدر کی ایک پوسٹ بھی شیئر کی، جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان دوستانہ تعلقات کا ذکر کیا گیا تھا۔ صدر پیلیگرینی نے اپنے پیغام میں کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ وہ فروری میں نئی دہلی کے دورے کے دوران شروع ہونے والی کھلی اور دوستانہ بات چیت کو وزیر اعظم مودی کے ساتھ مزید آگے بڑھا رہے ہیں۔
پی ایم مودی نے ڈاکٹر رابرٹ گافریک سے بھی ملاقات کی جنہوں نے اپنشدوں کا سلوواک میں ترجمہ کرنے کی کوشش کی قیادت کی۔ میٹنگ کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے پی ایم مودی نے لکھا، “کل شام براتسلاوا میں، میں نے ڈاکٹر رابرٹ گافرک سے ملاقات کی، جنہوں نے اپنشدوں کے سلوواک میں ترجمہ کی قیادت کی۔ ہندوستانی تاریخ، ثقافت اور روحانیت کے لیے ان کا جذبہ واقعی قابل تعریف ہے۔”وزیر اعظم مودی اور صدر پیلیگرینی نے ملاقات کے دوران ایک دوسرے کو تحائف بھی پیش کیے اور ایک خصوصی مصوری نمائش کا مشاہدہ کیا۔ اس نمائش میں وارانسی سے متاثر ہو کر بنائی گئی پینٹنگز پیش کی گئیں، جنہیں حال ہی میں بھارت کا دورہ کرنے والے سلوواک فنکاروں نے تخلیق کیا تھا۔اس موقع پر وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ’’براتسلاوا میں بنارس کا تعلق دیکھنا خوش آئند ہے۔ فن اور ثقافت میں لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کی غیر معمولی صلاحیت ہوتی ہے۔‘‘ انہوں نے نمائش میں شریک تمام فنکاروں کو مبارکباد اور نیک خواہشات بھی پیش کیں۔
اس سے قبل 15 جون کو دونوں رہنماؤں کے درمیان صدارتی محل میں وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوئے تھے۔ ملاقات کے دوران مینوفیکچرنگ، ٹرانسپورٹ، اختراع، سرمایہ کاری، توانائی، بایو فیول اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی جیسے اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے پر گفتگو کی گئی۔اس اجلاس میں وزیر خارجہ ایس جے شنکر، خارجہ سکریٹری وکرم مصری اور قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول بھی موجود تھے۔ بھارتی وزارت خارجہ کے مطابق دونوں ممالک نے ڈیجیٹلائزیشن، اختراع، دفاع، خلائی تحقیق، جوہری توانائی اور تعلیم کے شعبوں میں بڑھتی ہوئی شراکت داری کا خیرمقدم کیا اور مستقبل میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

