Bharat Express DD Free Dish

’’پٹرول-ڈیزل کو ہتھیار کی طرح…‘‘ امریکہ-ایران جنگ کے درمیان وزیراعظم مودی نے بھارت کی تیاری پر دیا بڑا بیان

امریکہ،اسرائیل-ایران جنگ کے درمیان وزیراعظم نریندرمودی نے بڑا بیان دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول-ڈیزل کو ہتھیار کی طرح استعمال کیا گیا، لیکن ہم نے تیاری کی تھی، یہ کام آگیا۔

نئی دہلی: وزیراعظم نریندرمودی نے آزادی کی 80ویں سالگرہ کے موقع پر لال قلعہ کی فصیل سے قوم سے خطاب کرتے ہوئے ایران-امریکہ کشیدگی کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لیے ہندوستان نے پہلے ہی ضروری تیاریاں کر رکھی تھیں، جو بحران کے وقت کارآمد ثابت ہوئیں۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ توانائی کا تحفظ (سیکورٹی اینرجی) وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔ توانائی کے بغیر نئی دنیا کو چلانا مشکل ہو گیا ہے اور ہمیں بڑی مقدار میں توانائی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے 2047 تک 100 گیگاواٹ نیوکلیئر پاور پیدا کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔

وزیر اعظم مودی نے لال قلعہ کی فصیل پر 13ویں مرتبہ قومی پرچم لہرایا، جس کے بعد انہیں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پٹرول، ڈیزل اور کھاد سمیت مختلف چیزوں کو ہتھیار کے طور پر استعمال کیا گیا اور تیل و گیس کے نام پر لوگوں کو خوف زدہ کرنے کی کوشش کی گئی۔

دنیا بھر میں کشیدگی کا ماحول

وزیر اعظم مودی نے کہا کہ گزشتہ 12 برسوں کے دوران ملک کو کئی بڑے بحرانوں کا سامنا کرنا پڑا۔ کورونا وبا کی وجہ سے تمام نظام درہم برہم ہو گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یوکرین سے لے کر مغربی ایشیا تک دنیا کے کئی حصوں میں کشیدگی کا ماحول ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحران کے دوران دنیا بھر میں افواہیں پھیلائی گئیں اور بعض لوگوں کو اس میں بھی خوشی محسوس ہو رہی تھی، لیکن ہندوستان نے پہلے سے جو تیاریاں کی تھیں، وہ مشکل وقت میں کام آئیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک اپنی طاقت کے بل پر کھڑا رہا اور اسی طاقت کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔

’ریفارم ہمارا عزم ہے‘

وزیراعظم مودی نے کہا، ’’ہمارے لیے ریفارم ہمارا عزم ہے۔ آنے والے وقت میں ہم اگلے مرحلے کی اصلاحات کرنے والے ہیں۔ ہمیں اپنی سوچ میں بھی اصلاح کرنا ہوگی۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ہندوستان بنانے کے لیے ملک کو نئی سمت اورنئی توانائی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ملک کی نوجوان طاقت کو قوم کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان طاقت ہر حال میں ملک کی تعمیروترقی میں اپنا پرچم لہرائے گی۔

آبنائے ہرمزسے متعلق کشیدگی

دریں اثنا، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی آج کہا کہ وہ جلد ہی آبنائے ہرمزکوامریکی علاقہ قراردیں گے۔ ایران کے ساتھ جنگ شروع ہونے کے بعد سے آبنائے ہرمزکو لے کرکشیدگی میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔ اسی صورتحال کے باعث دنیا بھر میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے اورکئی علاقوں میں تیل کی قلت کا خدشہ بھی پیدا ہوا ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو-



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read