نئی دہلی :وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے تین روزہ دورہ آسٹریلیا کے دوران جمعہ کو آسٹریلیا کے اپوزیشن لیڈراور رکن پارلیمنٹ اینگس ٹیلر سے ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں لیڈروں نے بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ملاقات کے دوران دونوں فریقوں نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان دفاع، تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، ٹیکنالوجی، توانائی اور عوامی روابط سمیت مختلف اہم شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دی جائے۔ دونوں لیڈرنے دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے لیے مشترکہ عزم کا بھی اظہار کیا۔
بھارتی وزارت خارجہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ملاقات کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے آسٹریلیا کےاپوزیشن لیڈر اینگس ٹیلر سے ملاقات کی، جس میں بھارت-آسٹریلیا جامع اسٹریٹجک شراکت داری کی مسلسل مضبوط ہوتی ہوئی نوعیت پر مثبت اور تعمیری گفتگو ہوئی۔وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ یہ ملاقات نہایت خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئی، جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ آسٹریلیا کی دونوں بڑی سیاسی جماعتیں بھارت کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے یکساں طور پر پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو آسٹریلیا میں وسیع سیاسی حمایت حاصل ہے، جو مستقبل میں شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
#PMModiInAustralia || #WATCH | Prime Minister @narendramodi holds a meeting with the Leader of the Opposition of Australia, Angus Taylor MP, in Melbourne.#IndiaAustralia🇮🇳-🇦🇺 | @MEAIndia | @HCICanberra | @cgimelbourne pic.twitter.com/HhhJFabsYz
— All India Radio News (@airnewsalerts) July 10, 2026
وزیر اعظم مودی اپنے دورہ آسٹریلیا کے دوران مصروف سفارتی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ اس دوران وہ مختلف سیاسی رہنماؤں، صنعت و تجارت سے وابستہ شخصیات اور آسٹریلیا میں مقیم بھارتی برادری کے ارکان سے بھی ملاقاتیں کر رہے ہیں۔اس سے قبل وزیر اعظم مودی نے آسٹریلیا کے وزیر اعظم انتھونی البانیز کے ساتھ دوطرفہ مذاکرات کیے تھے۔ انہوں نے آسٹریلیا کی گورنر جنرل سیم موسٹن، ریاست وکٹوریہ کی گورنر مارگریٹ گارڈنر اے سی سے بھی ملاقات کی۔ اس کے علاوہ وہ آسٹریلیا-بھارت سی ای او فورم میں شریک ہوئے اور میلبورن میں بھارتی برادری کی جانب سے منعقدہ استقبالیہ تقریب میں بھی شرکت کی۔ وزیر اعظم نے آسٹریلیا کے سابق وزیر اعظم اسکاٹ موریسن سے بھی ملاقات کی۔
دورے کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی میلبورن کرکٹ گراؤنڈ (ایم سی جی) کا بھی دورہ کریں گے، جہاں ان کے ہمراہ وزیر اعظم انتھونی البانیز بھی موجود ہوں گے۔ دونوں رہنما بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلوں کے شعبے میں تعاون کے لیے مشترکہ روڈ میپ جاری کریں گے۔بھارت کے خارجہ سکریٹری وکرم مسری نے خصوصی میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ کھیل دونوں ممالک کے تعلقات کا ایک اہم شعبہ بن چکا ہے اور اس میں تعاون کے بے شمار امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت 2030 کے کامن ویلتھ گیمز کی میزبانی کرے گا جبکہ آسٹریلیا 2032 کے اولمپک کھیلوں کی تیاری کر رہا ہے، ایسے میں کھیلوں کے میدان میں شراکت داری دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


