Bharat Express DD Free Dish

Sam Pitroda Praises PM Modi: ’’وزیر اعظم ایک بہترین مقرر اور محنتی انسان ہیں…‘‘، سیم پترودا نے پی ایم مودی کی تعریف کی

انڈین اوورسیز کانگریس کے صدر سیم پترودا نے کہا کہ اگرچہ ان کے اور پی ایم مودی کے درمیان نظریاتی اختلافات ہیں، لیکن وہ اپنے ’’گجراتی دوست‘‘ کو ایک انتہائی نرم دل اور محبت کرنے والا انسان مانتے ہیں۔

نئی دہلی: انڈین اوورسیز کانگریس کے صدر سیم پترودا نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک بہترین مقرر اور محنتی انسان قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ان کے اور مودی کے درمیان نظریاتی اختلافات ہیں، لیکن وہ اپنے ’’گجراتی دوست‘‘ کو ایک انتہائی نرم دل اور محبت کرنے والا انسان مانتے ہیں۔ سیم پترودا کا یہ غیر متوقع بیان کانگریس پارلیمانی پارٹی (سی پی پی) کی چیئرپرسن سونیا گاندھی کے اس تبصرے کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے وزیر اعظم مودی کو ایک ’’بہترین مقرر‘‘ قرار دیا تھا۔

خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس نے جب سونیا گاندھی کے تبصرے پر سیم پترودا سے سوال کیا تو انہوں نے کہا، ’’میں ایک انسان کی حیثیت سے ان کا بہت احترام کرتا ہوں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’وہ میرے گجراتی دوست ہیں۔ ایک انسان کے طور پر میں ان کی عزت کرتا ہوں۔ میں ان سے مل چکا ہوں، میری اہلیہ اور میں دونوں ان سے ملے ہیں۔ ذاتی طور پر وہ انتہائی ملنسار، مہربان، محبت کرنے والے اور دوسروں کا خیال رکھنے والے شخص ہیں۔ بلاشبہ وہ ایک اچھے مقرر اور محنتی بھی ہیں۔ ہمارے درمیان اچھے تعلقات ہیں۔‘‘

مودی کے خلاف ذاتی طور پر کوئی اختلاف نہیں: پترودا

کانگریس کے سینئر لیڈر نے مزید کہا، ’’ہمارے درمیان کوئی ذاتی اختلاف نہیں ہے۔ ایک گجراتی لیڈر، دوست اور خیرخواہ کی حیثیت سے مودی کے خلاف میرے دل میں کچھ نہیں ہے۔ وہ میرے ساتھ بہت اپنائیت سے پیش آتے ہیں۔ اس معاملے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ میں ان کے اس رویے کی قدر کرتا ہوں اور میری طرف سے بھی یہی جذبہ ہے۔ میں کئی بار گجرات میں ان کے گھر جا چکا ہوں۔‘‘

اس کے بعد انہوں نے نظریاتی اختلافات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو دیکھنے کے مودی کے نظریے سے انہیں اختلاف ہوسکتا ہے اور ان کی سیاسی فکر سے بھی اتفاق ضروری نہیں، لیکن یہ ایک الگ معاملہ ہے۔ پترودا نے کہا، ’’یہ کسی شخص کے خلاف نہیں بلکہ اس کے خیالات کے خلاف اختلاف ہے۔ یہ دونوں الگ الگ چیزیں ہیں۔ دیکھیے، میں مودی سے اختلاف کرسکتا ہوں اور اس کے باوجود ان کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھا سکتا ہوں، ہنسی مذاق کرسکتا ہوں۔ اس لیے مجھے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔‘‘

سونیا گاندھی بھی پی ایم مودی کو بتا چکی ہیں بہترین مقرر

قابل ذکر ہے کہ 2018 میں سونیا گاندھی نے بھی اس بات سے اتفاق کیا تھا کہ وزیر اعظم نریندر مودی ایک بہترین مقرر ہیں۔ انہوں نے کہا تھا، ’’مودی کو اچھی تقریریں کرنے کی اپنی صلاحیت پر فخر ہے۔ میں پوری طرح اتفاق کرتی ہوں کہ وہ ایک بہترین مقرر ہیں اور کسی اداکار کی طرح بولتے ہیں، لیکن ملک کو حیرت ہوتی ہے کہ وہ جہاں بھی جاتے ہیں، غلط باتیں کہہ جاتے ہیں۔‘‘

بھارت ایکسپریس۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read