Bharat Express DD Free Dish

PM Modi hails Indian diaspora as ‘living bridge’: ’’صرف ’کری‘ نہیں، کریٹیویٹی، کمٹمنٹ اور کردار بھی لاتے ہیں ہندوستانی‘‘، پی ایم مودی نے برطانیہ میں مقیم ہندوستانیوں کو دونوں ممالک کو جوڑنے والا ’’زندہ پل‘‘ قرار دیا

پی ایم مودی نے کہا کہ برطانیہ میں موجود ہندوستانی برادری صرف ’’کری‘‘ نہیں، تخلیقی صلاحیت، وابستگی اور بہترین کردار بھی ساتھ لائی ہے۔

پی ایم مودی۔

وزیراعظم نریندر مودی نے جمعرات کو لندن میں برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں ہندوستانی نژاد برطانوی شہریوں کو دونوں ممالک کے درمیان ’’زندہ پُل‘‘ قرار دیتے ہوئے ان کی خدمات کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔ انھوں نے کہا کہ برطانیہ میں موجود ہندوستانی برادری صرف ’’کری‘‘ نہیں، تخلیقی صلاحیت، وابستگی اور بہترین کردار بھی ساتھ لائی ہے۔

وزیراعظم مودی نے کہا کہ ’’برطانیہ میں ہند نژاد افراد ہمارے ممالک کو جوڑنے والا ایک زندہ پُل ہیں۔ وہ صرف ہندوستان سے کری ہی نہیں لائے، بلکہ تخلیقی صلاحیت، عزم اور کردار بھی لائے ہیں۔ ان کی خدمات صرف برطانیہ کی معیشت تک محدود نہیں بلکہ ثقافت، کھیل اور عوامی خدمت میں بھی نمایاں ہیں۔‘‘ اس موقع پر وزیراعظم مودی اور پی ایم کیئر اسٹارمر کی موجودگی میں ہندوستان اور برطانیہ کے درمیان ’’جامع اقتصادی و تجارتی معاہدہ‘‘ (CETA) پر دستخط کیے گئے، جسے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات میں نئی جہت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔

وزیراعظم مودی نے اعلان کیا کہ اس معاہدے کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک نے ’’ڈبل کنٹریبیوشن کنونشن‘‘ پر بھی اتفاق کیا ہے جو خاص طور پر ٹیکنالوجی اور فائنانس جیسے سروس سیکٹرز میں تعاون کو فروغ دے گا۔ انھوں نے کہا کہ ’’یہ معاہدے سرمایہ کاری کو فروغ دیں گے اور دونوں ممالک میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کریں گے۔ ان معاہدوں سے عالمی استحکام اور خوش حالی کو بھی تقویت ملے گی کیوں کہ یہ دنیا کی دو بڑی جمہوریتوں کے درمیان طے پائے ہیں۔‘‘

پی ایم مودی نے ’’وژن 2035‘‘ کا کیا اعلان

دریں اثنا وزیراعظم مودی نے ’’وژن 2035‘‘ کا بھی اعلان کیا، جو دفاع، ٹیکنالوجی، ماحولیاتی تبدیلی، تعلیم اور عوامی روابط کے شعبوں میں آئندہ دہائی کے لیے تعاون کا لائحۂ عمل فراہم کرے گا۔ وزیراعظم مودی نے کہا کہ ’’وژن 2035 ہمارے اشتراک کو قابلِ اعتماد اور مضبوط بنانے کا روڈ میپ ہے۔ ایک دفاعی صنعتی روڈ میپ بھی تیار کیا گیا ہے۔ ہم ٹیکنالوجی سیکیورٹی انیشی ایٹو کو مضبوط بنائیں گے اور AI، سیمی کنڈکٹرز، اہم معدنیات اور سائبر سیکیورٹی جیسے شعبوں میں ایک مشترکہ مستقبل تشکیل دیں گے۔‘‘

تعلیم کے میدان میں بھی نئی پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ برطانیہ کی چھ یونیورسٹیاں ہندوستان میں اپنے کیمپس کھول رہی ہیں، جن میں یونیورسٹی آف ساؤتھمپٹن نے گزشتہ ہفتے گڑگاؤں میں اپنے کیمپس کا افتتاح کیا۔ اس دوران پی ایم مودی نے کرکٹ کو دونوں ممالک کی شراکت داری کی علامت قرار دیا اور کہا کہ ’’کرکٹ دونوں ممالک کے لیے صرف ایک کھیل نہیں بلکہ ایک جذبہ ہے اور ہماری شراکت داری کا استعارہ بھی۔ ہم ہمیشہ اس شراکت داری میں ’’سیدھے بلّے‘‘ کے ساتھ کھیلتے ہیں۔‘‘ اپنے پرتپاک استقبال پر انھوں نے برطانوی وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انھیں جلد ہندوستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔

بھارت ایکسپریس اردو



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read