Bharat Express DD Free Dish

PM Modi congratulates Sunetra Pawar: مہاراشٹر کی نائب وزیراعلیٰ کے طور پر حلف لینے پر پی ایم مودی نے سنیترا پوار کو کی مبارکباد

رکنِ اسمبلی ثنا ملک نے کہا کہ پارٹی میں اگر اجیت پوار کے بعد کسی شخصیت کو فوری طور پر قبول کیا جا سکتا تھا تو وہ سنیترا پوار ہی ہیں، کیونکہ وہ گزشتہ دو برسوں سے پارٹی کارکنوں کے ساتھ قریبی رابطے میں رہی ہیں۔

وزیراعظم نریندر مودی۔

ممبئی: وزیراعظم نریندر مودی نے سنیترا پوار کو مہاراشٹر کی نائب وزیرِاعلیٰ کے عہدے کا حلف لینے پر مبارکباد دی ہے۔ این سی پی قانون ساز پارٹی کی رہنما اور مرحوم نائب وزیرِاعلیٰ اجیت پوار کی اہلیہ سنیترا پوار نے آج لوک بھون میں مہاراشٹر کی ڈپٹی سی ایم کے طور پر حلف اٹھایا۔

وزیراعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا، ’’مہاراشٹر کی نائب وزیرِاعلیٰ کے طور پر اپنی ذمہ داری سنبھالنے والی سنیترا پوار کو دلی مبارکباد۔ وہ اس عہدے پر فائز ہونے والی پہلی خاتون ہیں۔ مجھے پورا یقین ہے کہ وہ ریاست کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے انتھک محنت کریں گی اور مرحوم اجیت دادا پوار کے خوابوں کو شرمندۂ تعبیر کریں گی۔‘‘

لوک بھون میں منعقدہ حلف برداری کی تقریب کے دوران این سی پی قانون ساز پارٹی کی لیڈر اور آنجہانی ڈپٹی سی ایم اجیت پوار کی اہلیہ سنیترا پوار کے حلف لینے پر موجود این سی پی لیڈران نے ’’اجیت دادا امر رہیں‘‘ کے نعرے لگائے۔ اس سے قبل، آنجہانی نائب وزیرِاعلیٰ اجیت پوار کی اہلیہ اور راجیہ سبھا رکن سنیترا پوار کے این سی پی قانون ساز پارٹی کی لیڈر منتخب ہونے کے بعد پارٹی لیڈران نے مہاراشٹر کے وزیرِاعلیٰ دیویندر فڑنویس سے ملاقات کی تھی۔

این سی پی لیڈر انل بھیداس پاٹل نے کہا تھا کہ سب سے اہم بات یہ تھی کہ پارٹی کارکنوں اور تمام ارکانِ اسمبلی کے ساتھ مل کر یہ طے کیا جائے کہ سنیترا پوار کو اس ذمہ داری کے لیے کس طرح آمادہ کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اجیت پوار کے انتقال کا صدمہ اتنا بڑا تھا کہ سنیترا پوار کے لیے اس سے نکل پانا تقریباً ناممکن تھا، حالانکہ پارٹی کی کوشش تھی کہ قیادت کسی مضبوط ہاتھ میں دی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں سنیترا پوار یہ ذمہ داری نبھا سکتی ہیں، خاص طور پر اس لیے کہ جلد ہی بلدیاتی انتخابات ہونے والے ہیں۔ اجیت پوار اپنے منتخب کردہ امیدواروں کو کامیاب بنانے کے لیے مسلسل دورے کر رہے تھے، اور ان کے انتقال کے بعد امیدواروں کو سنبھالنے کی ذمہ داری اب سنیترا پوار پر آ گئی ہے۔

رکنِ اسمبلی ثنا ملک نے کہا کہ پارٹی میں اگر اجیت پوار کے بعد کسی شخصیت کو فوری طور پر قبول کیا جا سکتا تھا تو وہ سنیترا پوار ہی ہیں، کیونکہ وہ گزشتہ دو برسوں سے پارٹی کارکنوں کے ساتھ قریبی رابطے میں رہی ہیں۔

بھارت ایکسپریس۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read