وزیر اعظم نریندر مودی کی 76ویں سالگرہ اور ان کی عوامی زندگی میں آئینی عہدے پر 25 سال مکمل ہونے کے موقع پر بھارتیہ جنتا پارٹی نے 17 ستمبر سے ملک گیر ’سیوا سنکلپ ابھیان‘ کا آغاز کیا ہے۔ ایک ماہ تک جاری رہنے والے اس خصوصی مہم کا اہم حصہ ’کرم بھومی سے جنم بھومی‘ کے عنوان سے وارانسی سے وڈ نگر اور وڈ نگر سے وارانسی تک نکالی جانے والی دو طرفہ بائیک ریلی ہے۔اس بائیک ریلی کو دفاعی وزیر راج ناتھ سنگھ اور اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے وارانسی کے رودراکشی کنونشن سینٹر سے ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ یہ ریلی 10 ریاستوں سے گزرتے ہوئے مجموعی طور پر 40,000 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرے گی۔
کرم بھومی سے جنم بھومی تک پیغام
منتظمین کے مطابق وارانسی سے گجرات کے وڈ نگر اور وڈ نگر سے وارانسی تک جانے والا یہ قافلہ محض بائیک سفر نہیں بلکہ وزیر اعظم نریندر مودی کی 25 سالہ عوامی زندگی، قوم کی تعمیر اور اچھی حکمرانی کے ماڈل کو عوام تک پہنچانے کی ایک بڑی مہم ہے۔ دونوں سمتوں سے بیک وقت شروع ہونے والی یہ بائیک ریلی ملک کی 10 اہم ریاستوں کے سیکڑوں اضلاع اور ہزاروں گاؤں سے گزرے گی۔ 40,000 کلومیٹر کے اس طویل سفر کے دوران نوجوان بائیک سوار ’ایک بھارت، شریشٹھ بھارت‘ کا پیغام ملک بھر میں پہنچائیں گے۔
وارانسی میں این ڈی اے لیڈرجمع ہوئے
وارانسی میں ریلی کے افتتاحی پروگرام کے دوران این ڈی اے کی یکجہتی اور جوش و خروش بھی نظر آیا۔ دفاعی وزیر راج ناتھ سنگھ اور وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے ساتھ آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ این. چندرا بابو نائیڈو، مرکزی وزیر انوپریا پٹیل اور لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) کے سربراہ چراغ پاسوان بھی خصوصی طور پر موجود رہے۔ این ڈی اے کے لیڈروں نے وزیر اعظم مودی کی دور اندیشی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وارانسی سے وڈ نگر تک کی یہ یاترا ملک کی سیاست میں ایک نئی تاریخ رقم کرے گی۔ نریندر مودی وارانسی سے 2014، 2019 اور 2024 میں مسلسل تین مرتبہ لوک سبھا کے رکن منتخب ہوئے ہیں۔
روحانی اور ثقافتی جذبات کا سنگم
’کرم بھومی سے جنم بھومی‘ یاترا میں ثقافتی اور روحانی جذبات بھی نمایاں رہے۔ سفر شروع ہونے سے پہلے کاشی وشوناتھ مندر میں گنگا جل سے بابا وشوناتھ کا جل ابھیشیک اور مہاردر ابھیشیک کیا گیا۔ للتا گھاٹ سے گنگا جل لے کر بائیک سوار ڈمرو دستے اور شنکھ ناد کے درمیان روانہ ہوئے۔ وزیر اعظم مودی کی جنم بھومی وڈ نگر اور کرم بھومی وارانسی کو جوڑنے والی یہ یاترا دونوں سمتوں سے ایک ساتھ آگے بڑھے گی۔ اس کے ذریعے ملک کے مشرق سے مغرب تک ترقی اور قومی یکجہتی کا پیغام پہنچانے کی کوشش کی جائے گی۔
راستے میں 6 بڑے عوامی بیداری پروگرام
40,000 کلومیٹر کے اس سفر کے دوران ہر پڑاؤ اور آرام گاہ پر سماجی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ بائیک سوار صفائی مہم، بڑے پیمانے پر شجر کاری، پانی کے تحفظ، منشیات سے پاک ہندوستان، ٹی بی سے پاک ہندوستان اور پلاسٹک سے پاک ہندوستان جیسے قومی ترجیحی موضوعات پر عوامی بیداری پیدا کریں گے۔راستے میں مختلف مقامات پر نکڑ سبھا، عوامی مکالمے اور چراغاں کے پروگرام بھی منعقد کیے جائیں گے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


