Bharat Express DD Free Dish

PM Modi Responds to Sam Pitroda: پترودا کی تعریف پر وزیر اعظم مودی کا جواب، کہا- سیم بھائی کو دیوالی اور نئے سال کی مبارکباد

انٹرویو میں انڈین اوورسیز کانگریس کے صدر سیم پترودا نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک بہترین مقرر اور محنتی انسان قرار دیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ اگرچہ ان کے اور وزیر اعظم مودی کے درمیان نظریاتی اختلافات ہیں، لیکن وہ اپنے گجراتی دوست کو انتہائی نرم دل اور ملنسار انسان مانتے ہیں۔

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے انڈین اوورسیز کانگریس کے صدر سیم پترودا کو دیوالی اور نئے سال (نوتن ورش) کی مبارکباد دی ہے۔ وزیر اعظم نے خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس کی ایکس پوسٹ کو دوبارہ شیئر کرتے ہوئے یہ پیغام دیا۔ وزیر اعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، ’’آپ کو سیم بھائی اور انجنا بین کو دیوالی اور نئے سال کی بہت بہت مبارکباد۔ دعا ہے کہ آنے والا سال خوشیوں اور اچھی صحت سے بھرپور ہو۔ جے جگن ناتھ۔‘‘

سیم پترودا نے مودی کو بتایا تھا بہترین مقرر اور محنتی انسان

قابل ذکر ہے کہ خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں انڈین اوورسیز کانگریس کے صدر سیم پترودا نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک بہترین مقرر اور محنتی انسان قرار دیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ اگرچہ ان کے اور وزیر اعظم مودی کے درمیان نظریاتی اختلافات ہیں، لیکن وہ اپنے گجراتی دوست کو انتہائی نرم دل اور ملنسار انسان مانتے ہیں۔

پترودا نے کہا تھا، ’’وہ میرے گجراتی دوست ہیں۔ ایک انسان کی حیثیت سے میں ان کا احترام کرتا ہوں۔ میں ان سے مل چکا ہوں اور میری اہلیہ بھی ان سے ملی ہیں۔ ذاتی طور پر وہ انتہائی ملنسار، مہربان، محبت کرنے والے اور دوسروں کا خیال رکھنے والے شخص ہیں۔ بلاشبہ وہ ایک اچھے مقرر اور محنتی بھی ہیں۔ ہمارے درمیان اچھے تعلقات ہیں۔‘‘

ذاتی طور پر مودی سے کوئی اختلاف نہیں: پترودا

کانگریس کے سینئر لیڈر نے مزید کہا تھا کہ ان کے اور مودی کے درمیان کوئی ذاتی اختلاف نہیں ہے۔ ایک گجراتی لیڈر، دوست اور خیرخواہ کی حیثیت سے ان کے دل میں وزیر اعظم کے خلاف کچھ نہیں ہے۔ مودی ان کے ساتھ انتہائی اپنائیت سے پیش آتے ہیں اور وہ اس کی قدر کرتے ہیں۔ پترودا نے یہ بھی بتایا تھا کہ وہ کئی بار گجرات میں مودی کے گھر جا چکے ہیں۔

حالانکہ، انہوں نے نظریاتی اختلافات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ دنیا کو دیکھنے کے مودی کے نظریے اور ان کی سیاسی فکر سے انہیں اختلاف ہوسکتا ہے، لیکن یہ کسی شخص کے خلاف نہیں بلکہ اس کے خیالات کے خلاف اختلاف ہے۔ پترودا نے کہا تھا، ’’میں پی ایم مودی سے اختلاف کرسکتا ہوں اور اس کے باوجود ان کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھا سکتا ہوں اور ہنسی مذاق بھی کرسکتا ہوں۔ اس لیے مجھے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔‘‘

بھارت ایکسپریس۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read