Bharat Express DD Free Dish

Ahmedabad plane crash: احمد آباد طیارہ حادثہ: ہلاک ڈاکٹرس کے لیے معاوضہ کا مطالبہ کرنے والی عرضی سپریم کورٹ میں داخل

عرضی میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ مرکزی حکومت کو ہدایت دے کہ وہ سبھی مہلوکین (جن میں بی جے میڈیکل کالج کے ریزیڈنٹ ڈاکٹرس بھی شامل ہیں) کے اہل خانہ کو 50 لاکھ روپے کا عبوری معاوضہ دے۔

احمد آباد میں 12 جون کو ہوئے ایئر انڈیا فلائٹ نمبر اے آئی-171 حادثہ صرف مسافروں کے لیے ہلاکت خیز ثابت نہیں ہوا، بلکہ ان ڈاکٹرس کے لیے بھی پروانۂ موت بن گیا جو بی جے میڈیکل کالج کے ہاسٹل میں ظہرانہ یعنی لنچ کر رہے تھے۔ اس تعلق سے اب 2 ڈاکٹروں کے ذریعہ سپریم کورٹ میں عرضی داخل کی گئی ہے۔ اس عرضی میں عدالت عظمیٰ سے فوری نوٹس لینے اور مرکزی حکومت کو متاثرہ کنبوں کو مناسب معاوضہ دینے کی ہدایت سے متعلق اپیل کی گئی ہے۔

مہلوکین کیلئے 50 لاکھ روپے کے معاوضے کا مطالبہ

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس عرضی میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ مرکزی حکومت کو ہدایت دے کہ وہ سبھی مہلوکین (جن میں بی جے میڈیکل کالج، احمد آباد کے ریزیڈنٹ ڈاکٹرس بھی شامل ہیں) کے کنبہ کو 50 لاکھ روپے کے عبوری معاوضہ کا فوری اعلان کر اس کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

ایک اعلیٰ سطحی ماہرین کی کمیٹی تشکیل دینے کی مانگ

عرضی میں یہ بھی گزارش کی گئی ہے کہ مرکزی حکومت ایک اعلیٰ سطحی ماہرین کی کمیٹی تشکیل دے، جس میں سپریم کورٹ یا ہائی کورٹ کے سبکدوش جج، طیارہ ماہرین، ماہر معیشت اور انشورنس ماہرین شامل ہوں۔ یہ کمیٹی متاثرہ کنبوں کو عبوری معاوضہ کی تقرری ’تریوینی کوڈکانی بنام ایئر انڈیا لمیٹڈ‘ معاملے میں سپریم کورٹ کے ذریعہ قائم اصولوں کے مطابق کرے۔

متاثرہ کنبوں کو طویل قانونی عمل سے گزرنا نہ پڑے

عرضی میں ایئر انڈیا لمیٹڈ کو یہ ہدایت دینے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے کہ وہ معاوضہ سے متعلق دعووں کا جلد نمٹارا کرے، تاکہ متاثرہ کنبوں کو طویل قانونی عمل سے گزرنا نہ پڑے۔ عرضی میں مرکزی حکومت کو ایک ہدایت یہ بھی دینے کی گزارش کی گئی ہے کہ وہ مہلوکین کے اہل خانہ کو بازآبادکاری امداد اور روزگار کے مواقع بھی فراہم کرے۔

اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ اس طرح کے حادثے دوبارہ نہ ہوں

عرضی دہندگان نے عدالت عظمیٰ سے گزارش کی ہے کہ وہ حادثے کے اسباب کی گہرائی سے جانچ کے لیے متعلقہ افسران کو ہدایت دے اور اس طرح کے حادثات مستقبل میں نہ ہوں، اس کے لیے ضروری اقدام اٹھانے کو کہے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read