پاکستان کی خفیہ ایجنسی کے لیے جاسوسی کے معاملے میں ایک اور سنسنی خیز انکشاف ہوا ہے۔ ہریانہ میں پانی پت کے بعد اب کیتھل ضلع سے ایک شخص کو پاکستان کی خفیہ ایجنسی کو حساس معلومات بھیجنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔
ملزم کی شناخت 25 سالہ دیویندر سنگھ ڈھلو کے طور پر ہوئی ہے جو کیتھل ضلع کے مست گڑھ گاؤں کا رہنے والا ہے۔ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) آستھا مودی نے بتایا کہ دیویندر سنگھ گزشتہ سال نومبر 2024 میں کرتار پور راہداری کے ذریعے پاکستان گیا تھا، جہاں وہ پاکستانی خفیہ ایجنسی کے رابطے میں آیا اور بھارت سے حساس معلومات پاکستان کے ساتھ شیئر کرنے لگا۔ اگر ایس پی آستھا مودی کی مانیں تو پاکستانی ایجنٹوں نے دیویندر کو جاسوسی کے لیے کافی رقم دی تھی۔
ملزم نے خالصہ کالج سے کررہا ہے ایم اے
میڈیا رپورٹس کے مطابق دیویندر اس وقت پٹیالہ کے خالصہ کالج میں پولیٹیکل سائنس میں ایم اے کر رہا ہے اور پاکستانی ایجنٹوں کے کہنے پر پٹیالہ ملٹری کینٹ کی تصاویر اور دیگر حساس معلومات پاکستان بھیج رہا تھا۔
دیویندر سنگھ کو 12 مئی کو اپنی فیس بک آئی ڈی پر پستول اور بندوق کے ساتھ قابل اعتراض تصاویر اپ لوڈ کرنے پر گرفتار کیا گیا تھا۔ اس کی گرفتاری کے بعد جب پولیس نے اس سے پوچھ گچھ کی اور اسے ریمانڈ پر لیا تو اس کے پاکستان سے منسلک جاسوسی نیٹ ورک کا انکشاف ہوا۔
موبائل ضبط کر کے فارنسک جانچ کے لیے بھیجا گیا
ایس پی مودی نے کہا کہ ملزم کا موبائل فون قبضے میں لے کر فارنسک جانچ کے لیے بھیج دیا گیا ہے اور اس کے بینک اکاؤنٹس کی بھی چھان بین کی جا رہی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ وہ پاکستان سے کتنی رقم لے رہا تھا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ملزم کو عدالت میں پیش کر کے مزید تفتیش کے لیے دوبارہ ریمانڈ پر لیا گیا ہے۔
اسی ہفتے کے شروع میں، 24 سالہ نعمان الٰہی کو بھی پاکستان کے لیے جاسوسی کے الزام میں ہریانہ کے ضلع پانی پت سے گرفتار کیا گیا تھا۔ وہ ایک نجی کمپنی میں سکیورٹی گارڈ کے طور پر کام کرتا تھا اور پاکستانی ایجنٹوں سے اپنے بہنوئی اور کمپنی ڈرائیور کے اکاؤنٹس میں رقم منگواتا تھا۔ اس کے علاوہ ‘آپریشن سندور’ کے تحت پنجاب میں مزید دو مشتبہ جاسوسوں کو گرفتار کیا گیا، جن پر پاکستان کو معلومات فراہم کرنے کا الزام ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


