مظفرپور اسمبلی الیکشن 2025۔
پٹنہ، بہار کا مظفرپور ضلع نہ صرف اپنی مشہور ’شاہی لیچی‘ کے لیے جانا جاتا ہے بلکہ یہ ریاست کی سیاست کا ایک ایسا انتخابی اکھاڑا بھی ہے جہاں کا ہر الیکشن نیا موڑ لے کر آتا ہے۔ یہاں کے سیاسی نتائج اکثر پیشگوئیوں کو غلط ثابت کرتے ہیں۔
تاریخی پس منظر
مظفرپور اسمبلی سیٹ کا آغاز 1957 میں ہوا تھا، اور تب سے یہ سیٹ کسی ایک پارٹی کی جاگیر نہیں بنی۔1957 میں مہامایا پرساد نے کانگریس کے قدآور لیڈر مہیش بابو کو شکست دی تھی۔ یہی مہامایا پرساد بعد میں 1967 میں بہار کے پہلے غیر کانگریسی وزیر اعلیٰ بنے۔ یہ سیٹ مظفرپور لوک سبھا حلقہ کے چھ اسمبلی علاقوں میں سے ایک ہے، جو زیادہ تر شہری اکثریت والی سیٹ ہے۔ یہاں تقریباً 88 فیصد ووٹر شہری ہیں۔ اسی وجہ سے اسے اتر بہار کی تجارتی راجدھانی بھی کہا جاتا ہے۔
سیاسی اتار چڑھاؤ
بی جے پی کے سریش کمار شرما گزشتہ پچیس برسوں سے یہاں قسمت آزما رہے ہیں۔ انہیں2000 اور 2005 میں شکست ملی، مگر 2010 اور 2015 میں مسلسل دو جیت کے ساتھ سیٹ پر اپنی مضبوط گرفت بنائی۔ لیکن 2020 میں انہیں انڈین نیشنل کانگریس کے وجیندر چودھری نے بھاری اکثریت سے ہرا دیا۔ یہ کانگریس کی اس سیٹ پر چھٹی تاریخی جیت تھی۔
آزادی تحریک اور عوامی شعور
مظفرپور کی سیاسی بیداری کی جڑیں آزادی کی تحریک میں پیوست ہیں۔1908 میں جب خودیرام بوس کو جج ڈگلس کنگسفورڈ پر بم پھینکنے کے الزام میں گرفتار کر کے مظفرپور لایا گیا، تو پورا شہر انہیں دیکھنے امنڈ پڑا۔ جب عدالت نے انہیں سزائے موت سنائی، تو انہوں نے مسکرا کر اسے قبول کیا، یہی جذبہ مظفرپور کی عوامی طاقت کی پہچان بنا۔
جارج فرنانڈس کا تاریخی الیکشن
1977 میں ایمرجنسی کے بعد ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں جارج فرنانڈس جیل میں رہتے ہوئے مظفرپور سے امیدوار تھے۔ ان کی اہلیہ لیلا کبیر ایک گاڑی میں ان کے پوسٹر کے ساتھ مہم چلا رہی تھیں۔ عوام نے انہیں کبھی دیکھا بھی نہیں تھا، مگر پھر بھی تین لاکھ سے زیادہ ووٹوں کے فرق سے جتایا۔
انہوں نے 1977 سے 2004 تک پانچ بار اس سیٹ کی نمائندگی کی۔ حالانکہ، 2009 میں آزاد امیدوار کے طور پر وہ اپنی ضمانت بھی نہیں بچا پائے۔
اس بار کا سیاسی منظرنامہ
آنے والے بہار اسمبلی انتخابات میں مظفرپور سیٹ پر ایک بار پھر دلچسپ مقابلہ ہونے جا رہا ہے ۔ این ڈی اے (بی جے پی) اور مہاگٹھ بندھن (کانگریس و اتحادی) کے درمیان سخت ٹکر متوقع ہے۔ یہ سیٹ ایک بار پھر یہ طے کرے گی کہ مظفرپور کی سیاست میں ’شاہی لیچی‘ کی مٹھاس کس کے نصیب میں لکھی ہے۔
بھارت ایکسپریس۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

