Bharat Express DD Free Dish

CIO Science Olympiad: سی آئی او کے سائنس اولمپیاڈ میں 30 ہزار سے زائد طلبہ کی شرکت، ملک کی مختلف ریاستوں میں جماعت ششم، ہفتم اور ہشتم کے طلبہ نے لیا حصہ

اولمپیاڈ کے سوالیہ پرچے طلبہ کی جماعتوں کے مطابق تیار کیے گئے تھے۔ جماعت ہفتم اور ہشتم کے پرچے این سی ای آر ٹی کے سائنس نصاب پر مبنی تھے، جب کہ جماعت ششم کے لیے ماحولیاتی سائنس کو بنیاد بنایا گیا۔ طلبہ کی سہولت کے لیے امتحان انگریزی، ہندی، اردو اور مختلف علاقائی زبانوں میں منعقد کیا گیا۔

نئی دہلی: چلڈرن اسلامک آرگنائزیشن (CIO) کے زیر اہتمام ملک کی مختلف ریاستوں میں پہلی بار سائنس اولمپیاڈ منعقد کیا گیا جس میں جماعت ششم، ہفتم اور ہشتم کے 30 ہزار سے زائد طلبہ نے حصہ لیا۔ اس تعلیمی مقابلے میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے طلبہ نے بھی شرکت کی۔ سائنس اولمپیاڈ کا مقصد بچوں میں سائنس کے تئیں دلچسپی پیدا کرنا، ان میں غوروفکر، مشاہدے اور تجزیے کی صلاحیتوں کو بڑھانا اور قدرتی دنیا کو سمجھنے کی ترغیب دینا ہے۔ اس کے ذریعے بچوں کو ماحول کے تحفظ اور قدرتی وسائل کے صحیح استعمال کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔

این سی ای آر ٹی کے نصاب پر مبنی تھے سوالیہ پرچے

اولمپیاڈ کے سوالیہ پرچے طلبہ کی جماعتوں کے مطابق تیار کیے گئے تھے۔ جماعت ہفتم اور ہشتم کے پرچے این سی ای آر ٹی کے سائنس نصاب پر مبنی تھے، جب کہ جماعت ششم کے لیے ماحولیاتی سائنس کو بنیاد بنایا گیا۔ طلبہ کی سہولت کے لیے امتحان انگریزی، ہندی، اردو اور مختلف علاقائی زبانوں میں منعقد کیا گیا۔

مختلف ریاستوں میں امتحانی مراکز کا ذمہ داران نے کیا دورہ

امتحان کے انتظامات کا جائزہ لینے اور طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے جماعت اسلامی ہند اور سی آئی او کے متعدد ذمہ داران نے مختلف ریاستوں میں امتحانی مراکز کا دورہ کیا۔ ان میں جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر اور شعبۂ اطفال کے نگراں ایس امین الحسن سمیت مختلف حلقوں کے امراء، سی آئی او کے عہدیداران اور دیگر ذمہ داران شامل تھے۔ دہلی، بنگلورو، ناندیڑ، گجرات، پنجاب اور آندھرا پردیش میں بھی امتحانی مراکز کا دورہ کیا گیا۔

ایس امین الحسن نے کنوینر اور ٹیم کو دی مبارک باد

اس موقع پر ایس امین الحسن نے اولمپیاڈ کے کامیاب انعقاد پر کنوینر محترمہ عائشہ علوی اور ان کی پوری ٹیم کو مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی مختلف ریاستی اکائیوں اور ٹیم کے ارکان کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔ اولمپیاڈ کو مقامی ذرائع ابلاغ، ٹی وی چینلوں اور سوشل میڈیا پر بھی کوریج کیا گیا۔ والدین نے اس اقدام کو سراہا اور اسے بچوں میں سائنسی دلچسپی، علمی صلاحیتوں اور صحت مند مقابلے کے جذبے کو فروغ دینے کی اچھی کوشش قرار دیا۔

طلبہ کی تعداد 50 ہزار تک پہنچنے کی امید

دریں اثنا، سید تنویر احمد نے ڈاکٹر خان مبشرہ فردوس (نیشنل اسسٹنٹ سکریٹری شعبۂ اطفال)، مرکزی کمیٹی کے ارکان، ریاستی سی آئی او سکریٹریز، مینٹورز اور دیگر ذمہ داران کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کیرالا، تمل ناڈو، ہریانہ، راجستھان، چھتیس گڑھ اور تلنگانہ میں سائنس اولمپیاڈ کا انعقاد ابھی باقی ہے۔ ان ریاستوں میں امتحانات مکمل ہونے کے بعد طلبہ کی مجموعی تعداد 50 ہزار تک پہنچنے کی امید ہے۔ سی آئی او کی ریاستی اکائیوں، اسکولوں اور دیگر تعلیمی اداروں کے تعاون سے منعقد ہونے والا یہ سائنس اولمپیاڈ بچوں میں سائنسی شعور پیدا کرنے، ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کی ایک اہم کوشش ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read