Bharat Express DD Free Dish

Yamuna Expressway Bus Accident: یمنا ایکسپریس وے پر ولوو بس اور ٹریلر میں خوفناک تصادم، 4 افراد ہلاک، 20 مسافر زخمی

پولیس کے مطابق حادثے کا شکار نجی ولوو بس بہار رجسٹریشن نمبر کی تھی، جو لکھنؤ سے دہلی جا رہی تھی۔ اسی دوران راجستھان رجسٹریشن نمبر کا بجری سے لدا ٹریلر ایکسپریس وے کی تیسری لین میں چل رہا تھا، تیز رفتار بس پیچھے سے اس سے جا ٹکرائی۔

نئی دہلی: اتر پردیش کے متھرا میں یمنا ایکسپریس وے پر ایک بار پھر ہولناک سڑک حادثہ پیش آیا، جہاں مسافروں سے بھری ایک ولوو بس تیز رفتاری کے باعث ٹریلر سے جا ٹکرائی۔ اس خوفناک حادثے میں 4 افراد جاں بحق ،جب کہ 20 مسافر زخمی ہوگئے، جن میں کئی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔پولیس کے مطابق یہ حادثہ منگل کی علی الصبح تقریباً ساڑھے تین بجے یمنا ایکسپریس وے کے مائل اسٹون 112 اور 113 کے درمیان پیش آیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور انتظامیہ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور فوری طور پر امدادی و بچاؤ کارروائیاں شروع کر دیں۔ ریسکیو ٹیموں نے بس میں پھنسے تمام زخمیوں کو نکال کر ایمبولینس کے ذریعے قریبی اسپتال منتقل کیا، جب کہ جاں بحق ہونے والے چار افراد کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دی گئیں۔

پولیس کے مطابق حادثے کا شکار نجی ولوو بس بہار رجسٹریشن نمبرکی تھی، جو لکھنؤ سے دہلی جا رہی تھی۔ اسی دوران راجستھان رجسٹریشن نمبر کا بجری سے لدا ٹریلر ایکسپریس وے کی تیسری لین میں چل  رہا تھا،  تیز رفتار بس پیچھے سے اس سے جا ٹکرائی۔ تصادم اس قدر شدید تھا کہ بس کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا اور موقع پر افرا تفری مچ گئی۔حکام کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے چاروں افراد کی ابھی تک شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ پولیس ان کے پاس سے ملنے والے دستاویزات اور دیگر سامان کی مدد سے شناخت کی کوشش کر رہی ہے تاکہ ان کے اہل خانہ کو جلد از جلد اطلاع دی جا سکے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثے کی ممکنہ وجہ بس ڈرائیور کو نیند کا جھونکا آنا بتایا جا رہا ہے، جس کے باعث وہ گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا۔ زخمیوں میں بعض کی حالت نازک ہے اور انہیں بہتر علاج فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ پولیس نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

بھارت ایکسپریس اردو



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read