وزیر اعظم مودی نے چھٹھ مہاپرَو کی مبارکباد دی۔
نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے ریڈیو پروگرام ’من کی بات‘ کے 127ویں قسط میں قوم کو تہواروں کی خوشیوں کی مبارکباد دی اور خاص طور پر چھٹھ مہاپرَو کے موقع پر اپنی نیک تمنائیں پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پورے ملک میں تہواروں کا جوش و خروش دیکھا جا رہا ہے۔
وزیر اعظم مودی نے اپنے خطاب میں کہا، ’’پورے ملک میں اس وقت تہواروں کی رونق ہے۔ ہم سب نے کچھ دن پہلے دیوالی منائی ہے اور اب بڑی تعداد میں لوگ چھٹھ پوجا میں مصروف ہیں۔ گھروں میں ٹھیکوا بنایا جا رہا ہے، جگہ جگہ گھاٹ سج رہے ہیں، بازاروں میں چہل پہل ہے، اور ہر طرف عقیدت، اپنائیت اور روایت کا حسین امتزاج نظر آ رہا ہے۔‘‘
وزیر اعظم نے چھٹھ پوجا میں شامل خواتین کے جذبۂ عقیدت اور خدمت کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کہا، ’’چھٹھ کا مہاپرَو نہ صرف مذہبی اور ثقافتی اہمیت رکھتا ہے بلکہ یہ سماج اور فطرت کے درمیان گہری یکجہتی کی علامت بھی ہے۔ چھٹھ کا وَرت رکھنے والی خواتین جس خلوص اور لگن سے اس تہوار کی تیاری کرتی ہیں، وہ خود میں بہت متاثرکن مثال ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’چھٹھ کے گھاٹوں پر سماج کا ہر طبقہ ایک ساتھ کھڑا ہوتا ہے۔ یہ منظر بھارتی سماجی یکجہتی کی سب سے خوبصورت مثال پیش کرتا ہے۔‘‘ وزیر اعظم مودی نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آپ ملک یا دنیا کے کسی بھی کونے میں ہوں، اگر موقع ملے تو چھٹھ کے اس پوترا تہوار میں ضرور شامل ہوں۔‘‘
آخر میں وزیر اعظم نے پورے ملک کے عوام، خاص طور پر بہار، جھارکھنڈ اور پوروانچل کے لوگوں کو چھٹھ مہاپرَو کی دل سے مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا، ’’یہ تہوار نہ صرف مذہبی عقیدت کو مضبوط کرتا ہے بلکہ سماج میں اتحاد، ہم آہنگی اور اپنائیت کے جذبے کو بھی فروغ دیتا ہے۔‘‘
بھارت ایکسپریس۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔
