دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کو جان سے مارنے کی دھمکی دینے کے الزام میں پولیس نے ایک 25 سالہ نوجوان کو گرفتار کیا ہے۔ ملزم نے غازی آباد سے 112 ایمرجنسی ہیلپ لائن پر کال کرکے یہ دھمکی دی تھی، جس کے بعد محکمہ پولیس میں ہلچل مچ گئی تھی۔ دھمکی ملنے کے فوراً بعد غازی آباد پولیس اور دہلی پولیس کے درمیان تال میل قائم کیا گیا اور کال کی اطلاع ملتے ہی غازی آباد پولیس نے تکنیکی نگرانی کی مدد سے ملزم کی شناخت کی اور اسے چند گھنٹوں میں گرفتار کر لیا گیا۔
دھمکی دینے کے لیے استعمال ہونے والا سم کارڈ گورکھپور کے ایک پتے پر رجسٹرڈ تھا اور ملزم کے ایک رشتہ دار کے نام پر جاری کیا گیا تھا۔ ملزم کی شناخت شلوک ترپاٹھی کے نام سے ہوئی ہے، جو پہلے غازی آباد کورٹ میں کام کر چکا ہے، فی الحال میرٹھ میں ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کر رہا ہے۔ گرفتاری کے بعد غازی آباد پولیس نے ملزم کو دہلی پولیس کے حوالے کر دیا، جو فی الحال اس سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔
ملزم ہو سکتا ہے ذہنی مریض
ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ ملزم ذہنی طور پر غیر مستحکم ہو سکتا ہے، تاہم اس پہلو کی تصدیق طبی معائنے کے بعد ہی ہو گی۔ وہیں رپورٹس کے مطابق یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ اس نے اپنی بیوی سے جھگڑے کے بعد نشے کی حالت میں یہ کال کی تھی۔ پولیس اب اس بات کی تفتیش کر رہی ہے کہ ملزم کا کسی سیاسی تنظیم سے کوئی تعلق ہے یا نہیں اور اس نے یہ حرکت کیوں کی۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔
دریں اثنا اس واقعے کے بعد دہلی کے سیکورٹی ادارے الرٹ ہوگئے ہیں اور وزیراعلیٰ ریکھا گپتا کے سیکورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔ ساتھ ہی دہلی پولیس اور غازی آباد پولیس کی مشترکہ کارروائی کی بھی ستائش کی جا رہی ہے، جنھوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک بڑے ممکنہ خطرے کو ٹال دیا۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔



