Bharat Express DD Free Dish

Gwalior Tragic Incident: گوالیار میں بے قابو ٹرک کا قہر، شیتلا ماتا مندر کے قریب کئی دکانوں سے ٹکرایا، 12 افراد ہلاک، 5 کی حالت تشویش ناک

تاریخی شیتلا ماتا مندر میں نوراتری کے دوران لاکھوں عقیدت مند درشن کے لیے پہنچتے ہیں۔ اس دوران مندر کی جانب جانے والے راستے پر بڑی گاڑیوں کی آمدورفت بند کردی جاتی ہے، لیکن اس کے باوجود ٹرک کو وہاں داخلے کی اجازت کس نے دی، اس کی جانچ کی جارہی ہے۔

گوالیار: مدھیہ پردیش کے گوالیار میں ایک بڑا حادثہ پیش آیا ہے، جہاں ضلع ہیڈکوارٹر سے 18 کلومیٹر دور واقع تاریخی شیتلا ماتا مندر کے قریب پہاڑی سے اترتے وقت ایک ٹرک بے قابو ہوگیا۔ اس حادثے کی زد میں تقریباً 50 افراد آگئے، جن میں سے کم از کم 12 افراد کی موت ہوگئی۔ دو پولیس اہلکاروں اور کئی بچوں سمیت 25 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

بے قابو ٹرک دکانوں میں گھسا، کئی گاڑیاں بھی تباہ

موصولہ اطلاعات کے مطابق دھان کی بوریوں سے لدا ایک ٹرک پہاڑی سے نیچے اترتے وقت بے قابو ہوگیا اور تاریخی شیتلا ماتا مندر کے قریب واقع دکانوں سے جا ٹکرایا۔ عینی شاہدین کے مطابق ٹرک چینور کی جانب سے آتے ہوئے مندر کے مرکزی بیرونی دروازے کے قریب گھاٹی سے نیچے اتر رہا تھا کہ اچانک بے قابو ہوکر دروازے کے آس پاس بنی دکانوں میں گھس گیا۔ حادثے میں کئی دکانوں کو نقصان پہنچا، جبکہ دو پہیہ گاڑیاں بھی تباہ ہوگئیں۔ ٹرک کی زد میں آنے سے متعدد افراد زخمی ہوئے اور کئی لوگ اس کے نیچے دب گئے۔

12 کی موت، زخمیوں میں دو پولیس اہلکار بھی شامل

حادثے میں 12 افراد کی موت ہوگئی، جبکہ دو پولیس اہلکاروں سمیت تقریباً 27 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔ زخمیوں میں سے تقریباً پانچ افراد کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔ وہیں، مہلوکین کی لاشیں گوالیار کے جے آروگیہ اسپتال میں رکھی گئی ہیں۔

مقامی باشندے نے انتظامیہ پر لگایا لاپرواہی کا الزام

ایک مقامی باشندے نے خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس سے بات کرتے ہوئے کہا، ’’جب میں نے چاروں طرف دیکھا تو وہاں شدید افراتفری اور چیخ و پکار مچی ہوئی تھی۔ لوگ گھبراہٹ میں اپنے اہل خانہ کو تلاش کررہے تھے۔ لوگوں کو ٹرک کے نیچے پھنسا دیکھنا انتہائی افسوس ناک تھا۔ جہاں تک لاپرواہی کی بات ہے، تو یہ گوالیار انتظامیہ کی سنگین لاپرواہی کا نتیجہ ہے۔ ایک بہت بڑی چوک ہوئی ہے، جس کی وجہ سے شیتلا ماتا مندر کے قریب یہ حادثہ پیش آیا۔‘‘

انہوں نے کہا کہ اس حادثے سے ہماری سناتن آستھا کو گہرا صدمہ پہنچا ہے۔ لوگوں کی اس مندر میں اٹوٹ عقیدت ہے، جہاں ناریل تک نہیں پھوڑے جاتے اور لیموں تک نہیں کاٹے جاتے، اس کے باوجود ایسا المناک حادثہ پیش آگیا۔ یہ دل توڑ دینے والا واقعہ ہے۔

وزیر اعلیٰ سے متاثرین کے لیے معاوضے کا مطالبہ

مقامی باشندے نے مطالبہ کیا کہ حکومت اور وزیر اعلیٰ موہن یادو، جو سناتن دھرم، اجین اور مندروں کی بات کرتے ہیں، انہیں آج گوالیار آنا چاہیے۔ شیتلا ماتا مندر حادثے میں جان گنوانے والوں کے اہل خانہ کو معاوضہ دیا جائے اور زخمیوں کا مفت علاج کرایا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایسا نہیں کیا گیا تو وہ اسپتال جاکر غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال شروع کردیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ انصاف ملنا چاہیے اور متاثرین کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

پابندی کے باوجود مندر تک کیسے پہنچا ٹرک؟

واضح رہے کہ تاریخی شیتلا ماتا مندر میں نوراتری کے دوران لاکھوں عقیدت مند درشن کے لیے پہنچتے ہیں۔ اس دوران مندر کی جانب جانے والے راستے پر بڑی گاڑیوں کی آمدورفت بند کردی جاتی ہے، لیکن اس کے باوجود ٹرک کو وہاں داخلے کی اجازت کس نے دی، اس کی جانچ کی جارہی ہے۔ حکام کے مطابق اس بات کی تحقیقات کی جارہی ہیں کہ ٹرک کو اس راستے سے گزرنے کی اجازت کس نے دی اور اس پورے معاملے میں کس کی لاپرواہی رہی۔ انتظامیہ کی جانب سے متاثرین کو ضروری مدد فراہم کی جارہی ہے۔

بھارت ایکسپریس۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read