Urdu Conclave 2026

Krishna Janambhoomi Donation Scam: رام مندر کے بعد اب کرشن جنم بھومی مندر میں بھی بدعنوانی، انتظامی کمیٹی پر کروڑوں کے چندے میں بے ضابطگیوں کے دعوے

ایودھیا کے رام مندر میں مبینہ لوٹ کے بڑے گھوٹالے کے بعد اب متھرا سے بھی اسی نوعیت کا ایک معاملہ سامنے آیا ہے۔دنیش فلاہاری مہاراج نے دعویٰ کیا ہے کہ شری کرشن جنم بھومی مندر میں عطیات اور چڑھاوے کی رقم میں مبینہ بے ضابطگیاں ہوئی ہیں، جس کے بعد معاملے پر نئی بحث چھڑ گئی ہے۔

ایودھیا کے رام مندر میں چندے کی مبینہ لوٹ کے الزامات کے بعد اب متھرا سے بھی ایسا ہی ایک معاملہ سامنے آیا ہے۔ دنیش فلاہاری مہاراج نے شری کرشن جنم بھومی مندر میں عطیات اور چڑھاوے کی رقم میں مبینہ گھوٹالے کا الزام عائد کیا ہے۔ انہوں نے خون سے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو خط لکھ کر دعویٰ کیا کہ مندر کی انتظامی کمیٹی سی سی ٹی وی بند کرکے لوٹ مار کر رہی ہے۔

انتظامی کمیٹی پر سنگین الزامات

دنیش فلاہاری مہاراج نے اپنے خط میں یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ انتظامی کمیٹی کے بعض افراد کے پاس پہلے کچھ نہیں تھا، لیکن اب وہ کروڑوں روپے کی جائیدادوں اور مہنگی گاڑیوں کے مالک بن چکے ہیں۔

سی سی ٹی وی بند کرکے چندے میں خرد برد

وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو لکھا گیا یہ خط سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔ خط میں فلاہاری مہاراج نے الزام لگایا کہ جس طرح ایودھیا کے رام مندر میں عطیات کی رقم میں بے ضابطگیاں ہو رہی ہیں، اسی طرح کرشن جنم بھومی مندر میں بھی چندے کی رقم کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ متھرا میں کوئی بیرونی شخص چوری نہیں کر رہا بلکہ انتظامی کمیٹی کے لوگ ہی اس میں ملوث ہیں۔ ان کے مطابق کئی برسوں سے چندے میں مبینہ خرد برد جاری ہے۔ جب چندہ بکس کھولے جاتے ہیں تو سی سی ٹی وی کیمرے بند کر دیے جاتے ہیں اور جمع شدہ رقم، زیورات، ہیرے اور دیگر قیمتی اشیا آپس میں تقسیم کر لی جاتی ہیں۔

یوپی سے اتراکھنڈ تک زمینوں کا دعویٰ

دنیش فلاہاری مہاراج نے خط میں مزید کہا کہ جو لوگ پہلے اسکوٹر یا عام گاڑیوں پر چلتے تھے، آج وہ کروڑوں روپے مالیت کی گاڑیوں میں سفر کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق انتظامیہ سے وابستہ افراد نے اتر پردیش سے لے کر اتراکھنڈ تک زمینیں خرید رکھی ہیں اور ان کے پاس کوٹھیاں، بنگلے اور فارم ہاؤس بھی موجود ہیں۔

سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ

فلاہاری مہاراج نے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے مطالبہ کیا کہ اس پورے معاملے کی سی بی آئی سے تحقیقات کرائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایسا نہیں کیا گیا تو وہ الہ آباد ہائی کورٹ سے رجوع کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ برسوں سے لوگوں کے عطیات میں مبینہ بے ضابطگیاں ہو رہی ہیں ۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔