Bharat Express DD Free Dish

Jharkhand shivers in cold wave: ٹھنڈ اور سرد لہر کی زد میں جھارکھنڈ، دو دن تک گھنے کہرے کا یلو الرٹ

محکمۂ موسمیات کے مطابق 6 جنوری کے بعد کم از کم درجۂ حرارت میں بتدریج بہتری کے آثار ہیں، لیکن فی الحال سردی اور کہرے سے راحت کے امکانات کم ہیں۔ جنوبی جھارکھنڈ کے اضلاع مشرقی اور مغربی سنگھ بھوم اور سمڈیگا میں سردی کا اثر نسبتاً کم رہنے کا اندازہ ہے۔

رانچی: شدید ٹھنڈ اور سرد لہر کے باعث پورا جھارکھنڈ کپکپا اٹھا ہے۔ رانچی میں واقع محکمۂ موسمیات کے مرکز نے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیر کے روز ریاست کے شمال مغربی اور وسطی حصوں میں سرد لہر کی کیفیت برقرار رہے گی، جبکہ کئی اضلاع میں گھنا کہرا معمولاتِ زندگی اور آمدورفت کو بری طرح متاثر کر سکتا ہے۔

اسی کے پیش نظر محکمۂ موسمیات نے پیر کے لیے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ کے مطابق گڑھوا، پلامو، لاتہار، لوہردگا، چترا، کوڈرما، ہزاری باغ اور گملا اضلاع کے بعض علاقوں میں پیر کو کم از کم درجۂ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی جائے گی۔ گملا اور لاتہار میں درجۂ حرارت کے 5 ڈگری سیلسیس تک گرنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کے باعث صبح اور رات کے اوقات میں شدید سردی محسوس کی جائے گی۔

کھلے علاقوں میں سردی بڑھنے کے آثار

شمال مغربی سرد ہواؤں کے اثر سے کھلے علاقوں میں سردی کی شدت مزید بڑھنے کے آثار ہیں۔ اس کے ساتھ ہی پیر کو ریاست کے شمالی اور شمال مغربی اضلاع میں گھنے کہرے کی وارننگ دی گئی ہے۔ صاحب گنج، گوڈا، پاکوڑ، دمکا، دیوگھر، گریڈیہ اور پلامو پرمنڈل کے اضلاع میں حدِ نگاہ 50 سے 200 میٹر تک محدود ہو سکتی ہے۔ کہرے کے سبب سڑک اور ریل آمدورفت پر منفی اثر پڑنے کا خدشہ ہے۔

لاتہار میں کم از کم ٹمپریچر 6.3 ڈگری سیلسیس

محکمۂ موسمیات نے گاڑی چلانے والوں کو خصوصی احتیاط برتنے، آہستہ رفتار سے گاڑی چلانے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست میں موسم خشک رہا۔ اس عرصے میں چائباسا میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 27.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جبکہ لاتہار میں کم از کم درجۂ حرارت 6.3 ڈگری سیلسیس رہا۔ دارالحکومت رانچی میں کم از کم درجۂ حرارت 10.7 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے 1.6 ڈگری زیادہ ہے، تاہم پیر سے اس میں بھی کمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

6 جنوری کے بعد کم از کم ٹمپریچر بھڑھنے کے آثار

محکمۂ موسمیات کے مطابق 6 جنوری کے بعد کم از کم درجۂ حرارت میں بتدریج بہتری کے آثار ہیں، لیکن فی الحال سردی اور کہرے سے راحت کے امکانات کم ہیں۔ جنوبی جھارکھنڈ کے اضلاع مشرقی اور مغربی سنگھ بھوم اور سمڈیگا میں سردی کا اثر نسبتاً کم رہنے کا اندازہ ہے۔ محکمہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سردی سے بچاؤ کے مناسب انتظامات کریں، بزرگوں اور بچوں کا خاص خیال رکھیں اور کسان پالا پڑنے کے خدشے کے پیش نظر فصلوں کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کریں۔

بھارت ایکسپریس۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read