نئی دہلی: مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے نیشنل انسٹی ٹیوشنل رینکنگ فریم ورک (NIRF) 2025 میں نمایاں مقام حاصل کرنے والے اعلیٰ تعلیمی اداروں کو 4 ستمبر کو بھارت منڈپم، نئی دہلی میں منعقدہ تقریب میں اعزازات سے نوازا۔ یہ جامعہ ہمدرد کے لیے باعث فخر ہے کہ اس نے فارمیسی کے شعبے میں بھارت میں پہلا مقام برقرار رکھا۔ یہ اعزاز جامعہ ہمدرد نے 2024 میں بھی حاصل کیا تھا اور اب تک NIRF کے آغاز 2016 سے لے کر یہ ساتویں مرتبہ ہے جب جامعہ ہمدرد فارمیسی میں نمبر ون رہا ہے۔
مختلف زمروں میں شاندار کارکردگی
NIRF رینکنگ میں اداروں کا جائزہ تدریس و تعلیمی وسائل، تحقیق و پیشہ ورانہ خدمات، فارغ التحصیل طلبہ کے نتائج، سماجی شمولیت اور ادارے کی ساکھ کے معیار پر لیا جاتا ہے۔ فارمیسی میں پہلی پوزیشن کے علاوہ جامعہ ہمدرد نے یونیورسٹی کیٹیگری میں 47واں مقام، اوور آل کیٹیگری میں 74واں مقام، میڈیکل کیٹیگری میں 40واں مقام اور مینجمنٹ کیٹیگری میں 87واں مقام حاصل کیا۔ جامعہ ہمدرد ملک کی ٹاپ 50 یونیورسٹیوں اور ٹاپ 100 اداروں میں شامل ہے۔ اس سال NIRF 2025 میں 14,163 اداروں کو مختلف زمروں میں شامل کیا گیا۔
چانسلر اور وائس چانسلر کی مبارکباد
جامعہ ہمدرد کے چانسلر جناب حماد احمد اور وائس چانسلر پروفیسر ایم افشارعالم نے اسکول آف فارماسیوٹیکل ایجوکیشن اینڈ ریسرچ کی ڈین پروفیسراوما بھنڈاری، رجسٹرار کرنل طاہر مصطفیٰ، ڈائریکٹر IQAC و NIRF نوڈل آفیسراورڈین (اکیڈمکس) پروفیسر(ڈاکٹر) ایس رئیس الدین، ڈپٹی ڈائریکٹر IQAC اور NIRF کوآرڈینیٹر پروفیسرایم شہر یار، جامعہ ہمدرد کی NIRF ٹیم، اساتذہ، طلبہ اور عملے کو اس شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔
اعلیٰ معیار برقرار رکھنے کی اپیل
وزیرتعلیم سے رینکنگ سرٹیفکیٹ اور ٹرافی وصول کرنے کے بعد پروفیسر افشار عالم نے کہا کہ سخت مقابلے اور بڑھتی ہوئی اداروں کی تعداد کے باوجود جامعہ ہمدرد نے فارمیسی میں اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔ انہوں نے تمام اسٹیک ہولڈرز، خصوصاً اساتذہ سے کہا کہ وہ خود اطمینانی کا شکار نہ ہوں اور اعلیٰ معیار برقرار رکھنے کے لیے مزید محنت کریں۔ انہوں نے چانسلر جناب حماد احمد کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے جامعہ ہمدرد میں تحقیق کے ماحول کو فروغ دینے کے تمام اقدامات میں مسلسل تعاون فراہم کیا۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


