وزیر اعظم مودی نے اپنے تھائی لینڈ کے دو روزہ دورے کے دوران تھائی لینڈ میں اہم سفارتی اقدامات کے ساتھ ساتھ ثقافتی تعلقات کی مضبوطی کے لیے بھی اہم اقدامات اٹھائے ہیں۔ ایسے ہی اقدامات کے سلسلے میں وزیر اعظم مودی نے تھائی لینڈ کے بادشاہ، ملکہ، وزیر اعظم، وزیر اعظم کے منگیتر اور سابق وزیر اعظم کو ہندوستانی کی صناعی، فن کاری اور ثقافتی روایات کی نمائندگی کرنے والے بیش بہا تحائف پیش کیے ہیں۔ آئیے ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ وزیر اعظم نے کسے کیا اور تحفہ دیا ہے اور کیا ہے اس تحفے کی خاصیت۔

تھائی لینڈ کے بادشاہ کا تحفہ: پیتل کا سارناتھ بدھ
وزیر اعظم نے تھائی لینڈ کے بادشاہ واجیرا لانگ کانگ کو دھیان مدرا میں بیٹھے ہوئے سارناتھ بدھ کا پیتل کا مجسمہ پیش کیا ہے۔ یہ شاندار اور مقدس مجسمہ بدھ مت کی روحانیت اور ہندوستانی کاریگری کی شاندار نمائندگی کرتا ہے، جو سارناتھ کے انداز سے متاثر ہے۔ بہار میں بننے والا یہ مجسمہ گپتا اور پالا آرٹ کی روایات کی عکاسی کرتا ہے۔ بدھ کا دھیان مدرا بیٹھا ہونا گہرے مراقبہ اور اندرونی سکون کی علامت ہے، جس میں بدھا پدماسن میں بیٹھے ہوئے ہیں۔ اس مجسمے میں بدھ کا پس منظر آسمانی مخلوقات اور پھولوں کی شکلوں سے مزین، جو کہ مجسمے کی روحانیت کو ظاہر کرتے ہیں۔ وہیں اس کی بنیاد ایک آرائشی کمل ہے۔ اس کے علاوہ دھرم چکر اور مقدس علامتوں سے مزین یہ مجسمہ پاکیزگی اور روحانی بیداری کی علامت ہے۔ پیتل سے بنا یہ مجسمہ لچک اور دھرم کی ابدی فطرت کو مجسم کرتا ہے، جو اسے مراقبہ کی جگہوں، خانقاہوں، یا گھروں میں رکھنے کے لیے ایک نایاب شے بناتا ہے اور روشن خیالی اور اندرونی سکون کی علامت کے طور پر کام کرتا ہے۔

تھائی لینڈ کی ملکہ کا تحفہ: بنارسی ریشمی بروکیڈ شال
وزیر اعظم نے تھائی لینڈ کی ملکہ سوتھیدا کو بھی ایک بہترین تحفہ پیش کیا، جو کہ واجیرا لانگ کانگ کی چوتھی بیوی ہیں۔ وزیر اعظم مودی نے ملکہ سوتھیدا کو اتر پردیش کی بروکیڈ ریشمی شال کا تحفہ دیا، جو خاص طور پر وارانسی کی بُنائی کی شاندار روایت کا شاہکار ہے۔ بہترین ریشم سے تیار کردہ اس شال میں گاؤں کی زندگی، روحانی تقریبات اور فطرت کی عکاسی کرنے والے پیچیدہ نقش بنائے گئے ہیں جو ہندوستان کے چھوٹے اور پچوائی آرٹ سے متاثر ہیں۔ شال کے مختلف رنگ، سرخ، نیلا، سبز اور پیلا، خوشی اور نیکی کی علامت مانے جاتے ہیں۔ جب کہ گہرے گلابی، بیگنی اور سنہرے رنگ پر مبنی ایک بڑا آرائشی بارڈر اس شال کو ایک شاہی انداز عطا کرتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ شال ایک نرم، گرم اور پرتعیش لباس ہے، جو منفرد اور باکمال ہنرمندوں کی ہفتوں کی محنت کے بعد تیار ہوتا ہے۔

تھائی لینڈ کی وزیر اعظم شیناواترا کا تحفہ: ڈوکرا آرٹ کی پیتل سے بنی مورنما کشتی
وزیر اعظم مودی نے اپنی تھائی ہم منصب پیتونگترن شیناواترا کو ڈوکرا آرٹ کی نمائندہ ایک نایاب پیتل سے بنی ہوئی مور نما کشتی، جس پر ایک قبائلی سوار ہے، تحفے میں پیش کی۔ یہ شاہکار ڈوکرا فن پارہ ہندوستانی دھاتی دستکاری کی ایک شاندار مثال ہے، جو چھتیس گڑھ کی قبائلی برادریوں کی ایجاد ہے۔ قدیم اور نایاب موم کاسٹنگ تکنیک کا استعمال کرتے ہوئے بنائے گئے اس شاہکار فن پارے کا ہر ایک ٹکڑا ہاتھ سے تیار کیا گیا ہے اور نہایت منفرد ہے۔ اس مجسمے میں مور کی شکل کی ایک کشتی ہے، جو ثقافتی تخیل کی علامت ہے، جس میں پیچیدہ نمونوں اور رنگ برنگے لکیر جڑے ہوئے ہیں۔ وہیں ایک قبائلی سوار سکون سے اس کشی کو چلا رہا ہے، جو کہ انسانوں اور فطرت کے درمیان ہم آہنگی کی نمائندگی کرتا ہے۔ اور یہی ڈوکرا آرٹ کا مرکزی موضوع ہے۔ پیتل سے تیار کیے گئے اس فن پارے کی خاصیت یہ ہے کہ وقت کے ساتھ اس کی دلکشی میں اضافہ ہوتا رہتا ہے۔ اس کے ساتھ ستھ یہ فن پارہ ہندوستان کے قبائلی ورثے کو بھی اپنے اندر سموئے ہوئے ہے۔

تھائی لینڈ کی وزیر اعظم کے شوہر کا تحفہ: سلور گولڈ کف لنکس
تھائی لینڈ کی وزیر اعظم شیناواترا کے شوہر پتاکا سکساوت کو موتیوں سے مزین گولڈ پلیٹڈ ٹائیگر موٹف کفلنک کا تحفہ عطا کیا، جو کہ کلاسیک روایت، فنکاری اور جدید نفاست کا بہترین آمیزہ ہے۔ کف لنکس کی سطح پر بنا ہوا شیر کا شاندار چہرہ ہمت، قیادت اور شہنشاہی کا نمائندہ ہے۔ ساتھ ہی راجستھانی اور گجراتی دست کاری کا نمونہ بہترین اور پیچیدہ میناکاری ایک قدیم ثقافتی ورثے کی مظہر ہے۔ شیر کے چہرے کے اردگرد موتیوں کی مالا طاقت اور خوب صورتی کا بہترین سنگم پیش کرتی ہے اور ان دونوں کے درمیان توازن پیدا کرتی ہے۔ سوانے کی ملمع سازی کے ساتھ اعلیٰ معیار کی چاندی سے تیار کردہ یہ کف لنگس دیر پا اور پہننے میں آسان ہیں۔ یہ تحفہ ہندوستان کی زیورات کی روایت کی بھی بھرپور عکاسی کرتا ہے۔

تھائی لینڈ کے سابق وزیر اعظم تھاکسن شیناواترا کا تحفہ: مور اور دِیے والی پیتل کی ’’اُرلی‘‘
وزیر اعظم مودی نے اس موقع پر تھائی لینڈ کے سابق وزیر اعظم تھاکسن شیناواترا کو ایک بہترین تحفہ پیش کیا ہے، جو کہ ہندوستان اور تھائی لینڈ کے روحانی تعلقات کی نمائندگی کرتا ہے۔ تھاکسن شیناواترا کو وزیر اعظم کی جانب سے تحفے میں پیش کی گئی آندھرا پردیش میں بنی ہوئی مور اور دِیے والی پیتل کی اُرلی روایتی پیتل کی کاریگری کا شاہکار ہے۔ یہ اُرلی پاکیزگی، مثبتیت اور کثرت کی علامت ہے۔ روایتی طور پر رسومات اور تہوار کی سجاوٹ کے لیے اس کا استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ اُرلی اکثر پانی، پھولوں یا تیرتی موم بتیوں سے بھری ہوتی ہے، جب کہ دیا (تیل کا چراغ) اس کی روحانی اہمیت کو بڑھاتا ہے۔ اپنے پیچیدہ نقش و نگار اور بے عیب فنشنگ کے لیے مشہور یہ فن پارہ آندھرا پردیش کے دھاتی کام کے بھرپور ورثے کی عکاسی کرتا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

