Bharat Express DD Free Dish

India adds 5.7 million active mobile users in October as Jio leads growth: اکتوبر میں بھارت میں 57 لاکھ فعال موبائل یوزر کا اضافہ، جیو کی سبقت برقرار

ٹیلکام انڈسٹری کے ماہرین کہتے ہیں کہ ڈیٹا کے بڑھتے استعمال، بہتر نیٹ ورک معیار اور 5G سروسز کی توسیع کی وجہ سے صارفین کے رجحان میں تیزی آ رہی ہے۔ جیو اور ایئرٹیل دونوں اپنی 5G نیٹ ورک کی توسیع پر بھرپور سرمایہ کاری کر رہے ہیں،

بھارت میں موبائل یوزر کی تعداد میں اکتوبر کے مہینے کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ٹیلی کام ریگولیٹری اتھارٹی آف انڈیا  کے تازہ اعداد و شمار پر مبنی مختلف تجزیاتی رپورٹس کے مطابق ملک میں فعال موبائل یوزر کی تعداد میں 57 لاکھ کا اضافہ ہوا، جو گزشتہ پانچ مہینوں میں سب سے زیادہ ہے۔ اس مثبت رجحان کی قیادت ایک مرتبہ پھر ریلائنس جیو نے کی، جس نے سب سے زیادہ فعال یوزرکو اپنے نیٹ ورک میں شامل کیا۔

جفریز کی رپورٹ کے مطابق کیلنڈر سال 2025 کے ابتدائی دس ماہ کے دوران بھارتی ٹیلی کام سیکٹر میں مضبوط سبسکرائبر مومینٹم اور بڑھتی ہوئی ڈیٹا کھپت اوسط آمدنی فی یوزر کے لیے اچھے امکانات پیدا کر رہی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ اکتوبر میں فعال یوزر کی مجموعی تعداد بڑھ کر 109.4 کروڑ تک پہنچ گئی، جو پچھلے آٹھ برسوں میں سب سے زیادہ سالانہ اضافہ دکھاتی ہے۔ رواں سال اب تک تقریباً 3.4 کروڑ فعال یوزر کا اضافہ ہوا ہے، جس سے مارکیٹ کی مضبوطی واضح ہوتی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق، جیو نے اکتوبر میں 39 لاکھ نئے فعال یوزر کو شامل کر کے اپنی برتری برقرار رکھی، جس سے اس کے کل فعال یوزرکی تعداد 47.6 کروڑ تک پہنچ گئی۔ دوسری جانب بھارتی ایئرٹیل نے بھی گزشتہ نو ماہ کا سب سے بڑا اضافہ ریکارڈ کرتے ہوئے 28 لاکھ فعال صارفین حاصل کیے، جس سے اس کا شمار 39.2 کروڑ پر پہنچ گیا۔ اس کے مقابلے میں ووڈافون آئیڈیا کے لیے صورتحال منفی رہی، اور کمپنی نے اکتوبر میں مزید 4 لاکھ فعال یوزرکھو دیے۔

یہ صورتحال جیو کے مسلسل غلبے کی عکاسی کرتی ہے، کیونکہ یہ آٹھویں ماہ بھی ایئرٹیل سے زیادہ فعال یوزر شامل کرنے میں کامیاب رہی۔ دوسری جانب، مارکیٹ شیئر کے اعتبار سے بھی تبدیلیاں سامنے آئیں۔ آئی سی آئی سی آئی سیکیورٹیز کی رپورٹ کے مطابق جیو کا فعال یوزر میں مارکیٹ شیئر ماہ بہ ماہ 14 بیس پوائنٹس بڑھ کر 43.5 فیصد تک پہنچ گیا۔ ایئرٹیل نے بھی چھ بیس پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کرتے ہوئے اپنا حصہ 35.8 فیصد کر لیا، جبکہ وی آئی ایل (Vodafone Idea Ltd) کے شیئر میں 12 بیس پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی، جس سے اس کا حصہ گھٹ کر 15.6 فیصد رہ گیا۔

ٹیلکام انڈسٹری کے ماہرین کہتے ہیں کہ ڈیٹا کے بڑھتے استعمال، بہتر نیٹ ورک معیار اور 5G سروسز کی توسیع کی وجہ سے صارفین کے رجحان میں تیزی آ رہی ہے۔ جیو اور ایئرٹیل دونوں اپنی 5G نیٹ ورک کی توسیع پر بھرپور سرمایہ کاری کر رہے ہیں، جس کا اثر فعال یوزر کے اضافہ پر بھی واضح نظر آتا ہے۔ دوسری طرف، ووڈافون آئیڈیا مالی مشکلات اور محدود نیٹ ورک سرمایہ کاری کے باعث مارکیٹ میں اپنی پوزیشن برقرار رکھنے میں دشواری کا سامنا کر رہی ہے۔

مجموعی طور پر اکتوبر 2025 ٹیلی کام سیکٹر کے لیے نہایت مثبت ثابت ہوا، جس نے ایک بار پھر بھارت کی ڈیجیٹل ترقی کی رفتار اور یوزر کے بدلتے رجحانات کی تصویر پیش کی ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read