مہاراشٹر کے ناندیڑ میں جمعرات کی شام ایک انتہائی دردناک سڑک حادثے نے پورے علاقے کو دہلا کر رکھ دیا۔ ناندیڑ-بھوکَر ہائی وے پر تیز رفتار ٹرک اور ٹاٹا میجک وین کے درمیان آمنے سامنے کی زوردار ٹکر میں 8 افراد کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ اس بھیانک حادثے پر وزیر اعظم نریندر مودی نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے لیے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔
پولیس کے مطابق یہ خوفناک حادثہ واکد گاؤں کے قریب سیتاکھنڈی علاقے میں پیش آیا۔ ٹاٹا میجک وین ناندیڑ سے بھوکَر کی جانب جا رہی تھی، جس میں مجموعی طور پر 12 افراد سوار تھے۔ اسی دوران سامنے سے آنے والے ایک ٹرک نے وین کو زوردار ٹکر مار دی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ وین کے پرخچے اڑ گئے اور وہ سڑک سے دور جا گری۔ حادثے میں ٹرک کا اگلا حصہ بھی بری طرح تباہ ہوگیا۔ ٹکر کے بعد موقع پر چیخ و پکار مچ گئی۔ مقامی لوگوں اور راہ گیروں کی مدد سے پولیس نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا اور زخمیوں کو نکال کر اسپتال پہنچایا۔
پی ایم مودی نے کیا 2-2 لاکھ روپے کی امداد کا اعلان
حادثے کی اطلاع ملتے ہی وزیر اعظم دفتر (پی ایم او) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اظہارِ افسوس کیا۔ پی ایم مودی نے کہا کہ مہاراشٹر کے ناندیڑ میں حادثے میں لوگوں کی موت سے انہیں گہرا دکھ ہوا ہے۔ غم کی اس گھڑی میں ان کی ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔ اس کے ساتھ ہی پی ایم مودی نے وزیر اعظم قومی راحت فنڈ (PMNRF) سے مرنے والوں کے اہلِ خانہ کو 2-2 لاکھ روپے کی ایکس گریشیا رقم اور شدید زخمیوں کو 50 ہزار روپے کی مالی مدد دینے کا اعلان کیا۔
حادثے کی وجہ جاننے میں مصروف پولیس
فی الحال پولیس نے تمام 8 لاشوں کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے، جبکہ شدید زخمی افراد کا اسپتال میں علاج جاری ہے۔ پولیس اب اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ اس بھیانک ٹکر کی اصل وجہ کیا تھی۔ یہ بھی جانچ کی جا رہی ہے کہ کہیں کسی گاڑی کا بریک فیل تو نہیں ہوا تھا یا حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

