اتوار کی شام جموں و کشمیر کے سانبا، راجوری اور پونچھ اضلاع میں اس وقت ہائی الرٹ نافذ کر دیا گیا ،جب بین الاقوامی سرحد اور لائن آف کنٹرول کے قریب مشتبہ پاکستانی ڈرونز دیکھے گئے۔ سکیورٹی حکام کے مطابق کم از کم پانچ مرتبہ ڈرونز کی نقل و حرکت ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد فوج، پولیس اور دیگر سکیورٹی ایجنسیوں نے مشترکہ طور پر بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔سکیورٹی ایجنسیوں کا کہنا ہے کہ تمام مشتبہ اڑنے والی اشیاء پاکستان کی جانب سے بھارتی حدود میں داخل ہوئیں۔ یہ ڈرونز کچھ دیر تک حساس علاقوں کے اوپر منڈلاتے رہے اور بعد میں واپس اسی سمت چلے گئے جہاں سے آئے تھے۔ حکام کو شبہ ہے کہ ان ڈرونز کے ذریعے اسلحہ یا کوئی ممنوعہ سامان گرایا جا سکتا تھا، جس کے پیش نظر فوراً حفاظتی اقدامات سخت کر دیے گئے۔
راجوری ضلع کے نوشہرہ سیکٹر میں شام تقریباً 6 بج کر 35 منٹ پر گنیا کلسیاں گاؤں کے قریب ایک ڈرون دیکھا گیا۔ فوج نے اسے روکنے کے لیے میڈیم اور لائٹ مشین گن سے فائرنگ بھی کی۔ اسی دوران تریاتھ علاقے کے خبّر گاؤں میں بھی پلک جھپکتی روشنی والا ایک ڈرون نظر آیا۔ سانبا ضلع کے رام گڑھ سیکٹر کے چک ببرال گاؤں میں شام 7 بج کر 15 منٹ کے قریب ایک اور ڈرون چند منٹ تک فضاء میں منڈلاتا رہا۔پونچھ ضلع میں بھی اسی طرح کی سرگرمی دیکھی گئی۔ منکوٹ سیکٹر میں شام 6 بج کر 25 منٹ پر ایک مشتبہ ڈرون تاین گاؤں سے ٹوپا کی جانب بڑھتا ہوا نظر آیا، جو کچھ ہی دیر میں اوجھل ہو گیا۔ ان تمام واقعات کے بعد سکیورٹی فورسز کو الرٹ کر دیا گیا اور حساس علاقوں میں کڑی نگرانی شروع کر دی گئی۔
A few Pakistan Army drones were sighted along the line of control in the Naushera-Rajouri sector of Jammu and Kashmir. The Indian Army troops undertook counter-unmanned aerial systems measures, forcing them to return: Defence Sources pic.twitter.com/yxsrOygfCD
— ANI (@ANI) January 11, 2026
ڈرون کی ان مشتبہ سرگرمیوں کے بعد دیر رات تک وسیع سرچ آپریشن جاری رہا۔ فوج اور پولیس نے مشترکہ طور پر جنگلات، کھیتوں اور سرحدی دیہات میں تلاشی لی تاکہ کسی بھی ممکنہ اسلحہ یا مشتبہ سامان کو برآمد کیا جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تاحال کسی نئی برآمدگی کی تصدیق نہیں ہوئی، قابل ذکر بات یہ ہےکہ نگرانی اور تلاش کا عمل مسلسل جاری ہے۔یہ واقعہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب چند روز قبل ہی سانبا ضلع کے پالورا گاؤں سے اسلحے کا ایک ذخیرہ برآمد ہوا تھا۔ حکام کے مطابق یہ اسلحہ بھی پاکستانی ڈرون کے ذریعے ہی گرایا گیا تھا، جس میں دو پستول، تین میگزین، سولہ کارتوس اور ایک گرنیڈ شامل تھے۔ اس پس منظر میں حالیہ ڈرون سرگرمیوں کو سکیورٹی ایجنسیز انتہائی سنجیدگی سے لے رہی ہیں۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔




