Bharat Express DD Free Dish

Heavy Rain Alert for Parts of Kerala: کیرالہ کے کئی علاقوں میں موسلادھار بارش کا الرٹ، کوژیکوڈ کے تعلیمی ادارے بند

محکمۂ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق اکتیس جولائی کی صبح 8 بج کر 30 منٹ سے یکم اگست کی صبح 5 بج کر 30 منٹ تک کیرالہ کے کئی علاقوں میں 60 ملی میٹر سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔

ترواننت پورم: کیرالہ میں ہفتہ کے روز موسلادھار بارش اور تیز ہواؤں کے پیشِ نظر الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق 31 جولائی اور یکم اگست 2026 کو کیرالہ اور لکشدیپ میں 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز سطحی ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ اسی کے پیشِ نظر ضلع کوژیکوڈ کے پہاڑی علاقوں میں تمام تعلیمی اداروں میں تعطیل کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

انتہائی بھاری بارش کی پیش گوئی

محکمۂ موسمیات کے مطابق کیرالہ کے بعض علاقوں میں شدید سے انتہائی شدید بارش ہو سکتی ہے۔ چوبیس گھنٹوں کے دوران سات سے گیارہ سینٹی میٹر تک شدید اور بارہ سے بیس سینٹی میٹر تک انتہائی شدید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ دو اگست کو بھی کیرالہ کے بعض مقامات پر سات سے گیارہ سینٹی میٹر بارش متوقع ہے، جبکہ لکشدیپ میں 31 جولائی اور یکم اگست کو شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

متعدد علاقوں میں ریکارڈ بارش

محکمۂ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق اکتیس جولائی کی صبح 8 بج کر 30 منٹ سے یکم اگست کی صبح 5 بج کر 30 منٹ تک کیرالہ کے کئی علاقوں میں 60 ملی میٹر سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔ پتھنمتھٹا ضلع کے لاہا میں 236 ملی میٹر، وینکورنجی میں 198 اعشاریہ 5 ملی میٹر اور رنی چیتھکل میں 182 اعشاریہ 5 ملی میٹر بارش ہوئی۔ ارناکولم کے نیریامن گلم میں 171اعشاریہ 5 ملی میٹر اور کوتھاٹکولم میں 114 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

اسی طرح ترواننت پورم کے پالوڈے میں 148 اعشاریہ 5 ملی میٹر اور تھٹاتھومالا میں بانوے ملی میٹر بارش ہوئی۔ کولم کے پونالور میں 119 ملی میٹر، تین ملا میں انہتر ملی میٹر، کنور کے ایان کنّو میں پچانوے ملی میٹر اور چیمبیری میں اٹھاسی ملی میٹر بارش درج کی گئی۔

کوژیکوڈ میں ریڈ الرٹ، احتیاط کی ہدایت

کوژیکوڈ کی ضلع کلکٹر ایم ایس مادھویکٹی نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ ضلع کے لیے ریڈ الرٹ نافذ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے خصوصاً پہاڑی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو انتہائی احتیاط برتنے کا مشورہ دیا اور اعلان کیا کہ یکم اگست کو تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ پبلک سروس کمیشن اور یونیورسٹی کے امتحانات اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق منعقد ہوں گے۔ اس کے علاوہ آن لائن کلاسوں پر تعطیل کا کوئی اثر نہیں پڑے گا اور وہ حسبِ معمول جاری رہیں گی۔

بھارت ایکسپریس۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read