Bharat Express DD Free Dish

Haridwar stampede: ہریدوار بھگدڑ میں منسادیوی مندر ٹرسٹ اور حکومت اترکھنڈ کی جانب سے متاثرین کے اہل خانہ کو دو لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان

ریاست کے وزیراعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے واقعے کی مجسٹریٹی جانچ کے احکامات بھی جاری کر دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں کا علاج جاری ہے، کچھ کو رشی کیش کے ایمس اسپتال بھی ریفر کیا گیا ہے۔ ہمارا پہلا مقصد یہی ہے کہ زخمیوں کو بہترین علاج فراہم کیا جائے تاکہ وہ جلد صحتیاب ہو سکیں۔

ہریدوار (اترکھنڈ): اتوار کی صبح اترکھنڈ کے شہر ہریدوار میں واقع منسادیوی مندر کے قریب بھگدڑ کے المناک واقعے کے بعد منسادیوی مندر ٹرسٹ نے مرنے والوں کے اہل خانہ کو دو لاکھ روپے اور زخمیوں کو پچاس ہزار روپے فی کس بطور مالی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس حادثے میں کم از کم چھ افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جب کہ متعدد دیگر زخمی ہوئے۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مندر میں عقیدت مندوں کا زبردست ہجوم جمع تھا۔

مندر ٹرسٹ اور اتراکھنڈ حکومت دونوں دیں گے معاوضہ

اترکھنڈ کی حکومت نے بھی ٹرسٹ کی طرز پر یہی معاوضہ فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ریاست کے وزیراعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے واقعے کی مجسٹریٹی جانچ کے احکامات بھی جاری کر دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں کا علاج جاری ہے، کچھ کو رشی کیش کے ایمس اسپتال بھی ریفر کیا گیا ہے۔ ہمارا پہلا مقصد یہی ہے کہ زخمیوں کو بہترین علاج فراہم کیا جائے تاکہ وہ جلد صحتیاب ہو سکیں۔

دھامی نے ہریدوار ضلع اسپتال جا کر زخمیوں کی عیادت کی

وزیراعلیٰ دھامی نے ہریدوار ضلع اسپتال جا کر زخمیوں کی عیادت کی اور ڈاکٹروں کو ہدایت دی کہ متاثرین کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر طرح کی امداد فراہم کی جائے گی۔

10 میں سے 4 مریضوں کی حالت تشویشناک

دریں اثنا، ایمس رشی کیش کی ڈائریکٹر ڈاکٹر مینو سنگھ نے بتایا کہ حادثے کے بعد 15 مریض اسپتال لائے گئے، جن میں سے 10 کو داخل کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ان مریضوں میں دو بچے بھی شامل ہیں، جب کہ چار مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

جمہوریہ دروپدی مرمو نے رنج و غم کا اظہار کیا

صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے بھی اس دلخراش واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ایک سوشل میڈیا پیغام میں لکھا کہ ہریدوار کے مانسادیوی مندر کی طرف جاتے ہوئے بھگدڑ میں متعدد عقیدت مندوں کی موت کی خبر انتہائی تکلیف دہ ہے۔ میں سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کرتی ہوں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہوں۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read