مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے سکھ برادری کے ممتاز ارکان پر مشتمل ایک کمیٹی کے ہمراہ وزیراعظم نریندر مودی کو ’’جوڑے صاحب‘‘ کی حفاظت اور موزوں عوامی نمائش سے متعلق سفارشات پیش کی ہیں۔ واضح رہے کہ ’’جوڑے صاحب‘‘ وہ تاریخی چپل ہیں جو سکھوں کے دسویں گرو گرو گوبند سنگھ جی اور ان کی اہلیہ ماتا صاحب کور جی سے منسوب ہیں اور جسے ’پوری خاندان‘ نے نسل در نسل محفوظ رکھا ہے۔ تقریباً 300 سال پرانے ان مقدس سکھ آثار میں گرو گوبند سنگھ جی کا دایاں چپل (11 انچ لمبا، 3.5 انچ چوڑا) اور ماتا صاحب کور جی کا بایاں چپل (9 انچ لمبا، 3 انچ چوڑا) شامل ہے۔ ہردیپ سنگھ پوری نے بتایا کہ ان کے خاندان کو گرو جی کی براہِ راست خدمت کا اعزاز حاصل رہا اور انھی کی اجازت سے یہ تبرکات ان کے خاندان کے سپرد کیے گئے تھے۔
انھوں نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ’’ہماری کمیٹی نے وزیراعظم مودی جی سے ملاقات کی اور ’جوڑے صاحب‘ کی مناسب دیکھ بھال اور اس کی باوقار عوامی نمائش کے لیے اپنی سفارشات پیش کیں۔ یہ گرو گوبند سنگھ جی مہاراج، بانی خالصہ پنتھ اور ماتا صاحب کور جی کی نشانیاں ہیں۔‘‘ ہردیپ پوری نے مزید کہا کہ ان کے مرحوم کزن سردار جسمیت سنگھ پوری، جو دہلی کے کرول باغ میں مقیم تھے، اس تبرک کے آخری نگہبان تھے۔ ان کی اہلیہ منپریت کور نے ہردیپ پوری سے گزارش کی کہ ان مقدس اشیاء کے لیے کوئی موزوں مقام تلاش کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ عقیدت مند ان کی زیارت کر سکیں۔
وزارتِ ثقافت نے ان تبرکات کی تاریخی اہمیت کو ثابت کرنے کے لیے کاربن ڈیٹنگ ٹیسٹ بھی کرایا ہے، جس کے نتائج سے ان کی اصالت اور روحانی قدر کی تصدیق ہوئی ہے۔ ہردیپ پوری نے وزیراعظم مودی کی سکھ برادری سے محبت کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ گرو صاحبان کی تعلیمات اور سکھوں کے جذبات کا احترام کرتے آئے ہیں۔ ان کے دورِ حکومت میں کئی سکھ مذہبی مقامات کی ترقی اور ان تک بہتر رسائی کو یقینی بنایا گیا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔



