Bharat Express DD Free Dish

India-Bangladesh Trade: بھارت میں بنگلہ دیش کے ریڈی میڈ گارمنٹس اور پراسیسڈ فوڈ کی درآمد پر حکومت نے لگائی پابندی

وزارت تجارت اور صنعت کے تحت ڈائریکٹوریٹ جنرل آف فارن ٹریڈ (DGFT) نے ایک نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے اس کی اطلاع دی ہے۔

تجارتی پالیسی میں ایک اہم تبدیلی کرتے ہوئے ہندوستان نے فوری اثر کے ساتھ بنگلہ دیش سے زمینی بندرگاہوں کے ذریعے بنگلہ دیش میں تیار ملبوسات (آر ایم جی)، پراسیس شدہ خوراک اور دیگر اشیاء کی درآمد پر پابندی لگا دی ہے۔ وزارت تجارت اور صنعت کے تحت ڈائریکٹوریٹ جنرل آف فارن ٹریڈ (DGFT) نے ایک نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے اس کی اطلاع دی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ریڈی میڈ گارمنٹس اور پراسیسڈ فوڈ کی بنگلہ دیش سے ہندوستان درآمد پر لینڈ پورٹ پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ ڈی جی ایف ٹی نے اپنے نوٹیفکیشن میں کہا ’’تاہم اس طرح کی پابندیاں ان بنگلہ دیشی سامانوں پر لاگو نہیں ہوں گی جو ہندوستان سے ہو کر گزرتی ہیں ۔ لیکن ہندوستان کے راستے نیپال اور بھوٹال جانے والے سامانوں پر ضرور لاگو ہوں گی۔‘‘

کن چیزوں پر پابندی لگائی گئی؟

نوٹیفکیشن کے مطابق ’’بنگلہ دیش سے ہر قسم کے ریڈی میڈ ملبوسات کی درآمد کی اجازت کسی بھی زمینی بندرگاہ کے ذریعے نہیں ہوگی، تاہم اس کی اجازت صرف نہوا شیوا اور کولکتہ بندرگاہوں سے ہے۔ اس کے علاوہ دیگر پابندیاں پھلوں یا پھلوں کے ذائقہ دار اور کاربونیٹیڈ مشروبات، پراسیسڈ فوڈ آئٹمز، کپاس اور سوتی دھاگے کا فضلہ، پلاسٹک اور پی وی سی سے تیار شدہ سامان اور لکڑی کے فرنیچر کی درآمد پر ہیں۔‘‘

نوٹیفکیشن کے مطابق آسام، میگھالیہ، تریپورہ اور میزورم میں کسی بھی لینڈ کسٹم اسٹیشن (ایل سی ایس) یا انٹیگریٹڈ چیک پوسٹ (آئی سی پی) کے ذریعے ان اشیاء کی درآمد کی اجازت نہیں ہوگی۔ نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ بندرگاہ کی پابندیوں کا اطلاق بنگلہ دیش سے مچھلی، ایل پی جی، خوردنی تیل اور پسے ہوئے پتھر کی درآمد پر نہیں ہوتا۔

واضح رہے کہ اپریل کے شروع میں بنگلہ دیش کی حکومت نے نیشنل بورڈ آف ریونیو (این بی آر) کے ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے زمینی بندرگاہوں کے ذریعے ہندوستان سے سوت کی درآمد پر پابندی لگا دی تھی۔ بنگلہ دیش کے اس فیصلے کے پیش نظر ہندوستان نے یہ نیا قدم اٹھایا ہے۔ بھارت نے بنگلہ دیش کے لیے ٹرانس شپمنٹ کی سہولت بھی ختم کر دی ہے۔

بھارت بنگلہ دیش کا دوسرا بڑا تجارتی شراکت دار ہے

قابل ذکر ہے کہ چین کے بعد بھارت بنگلہ دیش کا دوسرا بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ مالی سال 2022-23 میں بنگلہ دیش اور بھارت کی تجارت تقریباً 16 بلین ڈالر رہی۔ انڈسٹری کے اعداد و شمار کے مطابق، بنگلہ دیش نے تقریباً 14 بلین ڈالر کی اشیا درآمد کیں، جب کہ بھارت کو اس کی برآمدات 2 بلین ڈالر تھیں۔

بھارت ایکسپریس اردو



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read