دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان اور وزیر اعظم نریندر مودی۔
نئی دہلی: دبئی کے ولی عہد، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے نائب وزیر اعظم اور وزیر دفاع شیخ حمدان بن محمد آل مكتوم نے منگل کو وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ وہ ہندوستان کے دو روزہ دورے پر منگل کے روز نئی دہلی پہنچے ہیں۔
پی ایم مودی نے ایکس پر پوسٹ کیا، ’’دبئی کے ولی عہد حمدان بن محمد آل مكتوم سے مل کر خوشی ہوئی۔ دبئی نے ہندوستان-یو اے ای جامع اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو آگے بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ یہ خصوصی دورہ ہماری گہری دوستی کی تصدیق کرتا ہے اور مستقبل میں مزید مضبوط تعاون کی راہ ہموار کرے گا۔‘‘
دوسری جانب ولی عہد نے ایکس پر لکھا، ’’آج نئی دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی سے مل کر خوشی ہوئی۔ ہماری بات چیت نے متحدہ عرب امارات اور ہندوستان کے تعلقات کی مضبوطی کی تصدیق کی، جو اعتماد پر مبنی ہیں، تاریخ کی شکل میں ہیں، اور مواقع، اختراعات اور دیرپا خوشحالی سے بھرپور مستقبل کی تعمیر کے لیے مشترکہ وژن سے متاثر ہیں۔‘‘
ولی عہد کی حیثیت سے ہندوستان کا پہلا سرکاری دورہ
شیخ حمدان بن محمد آل مكتوم کا دبئی کے ولی عہد کی حیثیت سے ہندوستان کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے اور ان کے ساتھ متعدد وزراء، اعلیٰ سرکاری افسران اور ایک اعلیٰ سطحی تجارتی وفد بھی ہے۔ وزیر اعظم مودی نے معزز مہمان کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا اور ولی عہد نے وزیر خارجہ ایس جے شنکر اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ سے بھی ملاقاتیں کیں۔
وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے ولی عہد کا کیا استقبال
اس سے قبل وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے ولی عہد کا استقبال کیا۔ انہوں نے ایکس پر لکھا، ’’دبئی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کے نائب وزیر اعظم اور وزیر دفاع شیخ حمدان محمد کے ہندوستان کے پہلے سرکاری دورے پر خوش آمدید کہتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے۔ ہمارے وسیع تر تعاون اور متحرک تعلقات کے لیے ان کے مثبت جذبات کی تعریف کرتا ہوں۔‘‘
شیخ حمدان گول میز کانفرنس میں کریں گے شرکت
دہلی کے بعد، شیخ حمدان ممبئی کا دورہ کریں گے اور دونوں اطراف کے بڑے کاروباری رہنماؤں کے ساتھ ایک کاروباری گول میز کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ یہ بات چیت ہندوستان-یو اے ای اقتصادی اور تجارتی تعاون کو مضبوط کرے گی۔
بھارت ایکسپریس۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔




