Urdu Conclave 2026

Bharat Express Urdu Conclave:  مرکزی وزیر کرن رجیجو کی موجودگی میں بھارت ایکسپریس اردو   کانکلیوآغاز

مورخہ 17 ستمبر کو نئی دہلی کے انڈیا انٹرنیشنل سینٹر میں بھارت ایکسپریس اردو کے نیشنل کانکلیو کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے، بزم صحافت کے اس تاریخی کانکلیو میں مرکزی وزیر کرن رجیجو کے ساتھ  ہی ملک کی سیاسی ،سماجی و  ادبی شخصیات موجود ہیں۔

نئی دہلی: ہندوستان میں تقریباً 15 کروڑ لوگوں کی زبان اردو محض اظہار و ابلاغ کا ذریعہ نہیں بلکہ ایک جذباتی سہارا، ثقافتی ورثہ اور ملک کی مشترکہ گنگا جمنی تہذیب سے وابستہ ایک زندہ رشتہ ہے۔ اسی ورثے اور اردو صحافت کے بدلتے منظرنامے پر بامعنی گفتگو کے لیے بھارت ایکسپریس اردو کی جانب سے ’بزمِ صحافت: نئے بھارت کی بات، اردو کے ساتھ‘ کے عنوان سے اردو صحافت پر قومی کانکلیو کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

’بزمِ صحافت‘ کا تیسرا ایڈیشن 17 ستمبر 2026 کو نئی دہلی کے انڈیا انٹرنیشنل سینٹر، میکس مولر مارگ، لودھی روڈ میں جاری ہے۔ ایک روزہ کانکلیو میں مرکزی وزیر کرن رجیجو کے علاوہ ممتاز صحافی، دانشور، پالیسی ساز، ذرائع ابلاغ سے وابستہ شخصیات اور ثقافتی شعبے کے نمائندے اپنی موجودگی درج کرا رہے ہیں۔ تقریب تقریب کا باقاعدہ آغاز اسٹیج پر تشریف فرماں مہمان کے ذریعہ شمع روشن کرکے کیا گیا۔

مہمانان کا استقبال

بھارت ایکسپریس اردو کے ایڈیٹر ڈاکٹر خالد رضا خان نے اپنے استقبالیہ خطاب میں  مرکزی وزیر کرن رجیجو اور تمام مہمانان کا بھارت ایکسپریس کی جانب سے استقبال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور و پارلیمانی امور کرن رجیجو کی اردو کے تئیں غیر معمولی دلچسپیوں اور اردو زبان و ادب سے لگاؤ کا تذکرہ کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے بتایا کہ پورے دن جاری رہنے والے اس کانکلیو میں اردو زبان کے فروغ، اردو صحافت کی نئی سمتوں اور قومی مکالمے میں اردو کے مقام کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

سی ایم ڈی اپیندر رائے کی قیادت میں اردو صحافت کے لیے نئی پہل

ڈاکٹر خالد رضا خان  نے بھارت ایکسپریس نیوز نیٹ ورک کے سی ایم ڈی اپیندر رائے کی کاوشوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ایکسپریس  اردو نے اپنے سی ایم ڈی اپیندر رائے کی قیادت میں ’بزمِ صحافت‘ کا تصور پیش کیا ہے۔ اپیندر رائے 25 برس سے زائد عرصے سے صحافت سے وابستہ ہیں اور اسٹار نیوز، سی این بی سی، تہلکہ اور سہارا انڈیا میڈیا جیسے اداروں میں ادارتی قیادت کی ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اردو صحافت کے تئیں اپیندر رائے کی وابستگی بھی طویل عرصے پر محیط ہے۔ تقریباً ڈیڑھ دہائی قبل سہارا انڈیا میڈیا کے چیف ایگزیکٹو افسر کی حیثیت سے انہوں نے ہندوستان کے پہلے 24 گھنٹے چلنے والے اردو نیوز چینل ’عالمی سہارا ٹی وی‘ کے قیام میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ آج اسی وابستگی کا اظہار ’بھارت ایکسپریس اردو‘ کے ذریعے ہو رہا ہے، جس نے 3 برس کے مختصر عرصے میں اپنے خبروں، مواد اور ویڈیوز کے ذریعے ایک مسلسل بڑھتی ہوئی ناظرین کی بنیاد قائم کی ہے۔

واضح رہے کہ کانکلیو کا مقصد اردو صحافت کو محض حاشیائی آواز کے بجائے ملک کے جمہوری، ثقافتی اور فکری ڈھانچے میں مؤثر شراکت دار کے طور پر پیش کرنا ہے۔ ایک روزہ پروگرام میں اردو صحافت سے متعلق اہم موضوعات، بدلتے سماجی و ثقافتی منظرنامے اور ذرائع ابلاغ میں اردو کے نئے امکانات پر بامعنی تبادلہ خیال ہوگا۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

    Tags:

Also Read