Bharat Express DD Free Dish

Axiom-4 docks successfully: ایکزیوم-4 مشن کامیابی کے ساتھ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے ساتھ ہوا منسلک، سبھانشو شکلا نے ٹیم کا شکریہ ادا کیا

اسپیس ایکس ڈریگن خلائی جہاز 25 جون کو ناسا کے کینیڈی اسپیس سینٹر سے شبھانشو شکلا، پیگی وِٹسن، سلاوش اوزنانسکی اور ٹیبور کاپو کو لے کر روانہ ہوا۔ ایکزیوم-4 کی ٹیم 14 دن تک بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر قیام کرے گی، جہاں وہ مختلف سائنسی تجربات، سماجی رابطہ و آگاہی، اور تجارتی منصوبوں پر کام کرے گی۔

اسپیس ایکس ڈریگن خلائی جہاز پر سوار ایکزیوم-4 مشن جمعرات کو کامیابی سے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) سے منسلک ہو گیا۔ یہ منسلک ہونا وقت سے پہلے ممکن ہوا، جب بھارتی وقت کے مطابق شام 4 بج کر 5 منٹ پر ڈریگن نے آئی ایس ایس کے ہارمونی ماڈیول کے خلا کی جانب رخ کرنے والے پورٹ سے خودکار طریقے سے جڑنے کا عمل مکمل کیا۔ ناسا کی فلائٹ انجینئرز این مک کلین اور نکول ایئرز نے ڈریگن کی خودکار پرواز اور جڑنے کے مراحل کی نگرانی کی۔ ایکزیوم-4 کے عملے کو جلد ہی سات رکنی مہم ایکسپیڈیشن 73 کی ٹیم خوش آمدید کہے گی اور بعد ازاں انہیں حفاظتی بریفنگ دی جائے گی۔

ایکزیوم-4 مشن کل دوپہر کو ہوا تھا روانہ

یہ مشن سابق NASA خلاباز پیگی وِٹسن، بھارتی خلائی تحقیقاتی ادارے (ISRO) کے خلاباز گروپ کیپٹن شبھانشو شکلا، یورپی خلائی ایجنسی (ESA) کے پولینڈ سے سلاوش اوزنانسکی- وسنیوسکی اور ہنگری سے ٹیبور کاپو پر مشتمل ہے۔ ان سب نے 25 جون کو دوپہر 12 بجے (بھارتی وقت) NASA کے کینیڈی اسپیس سینٹر کے لانچ کمپلیکس 39A  سے SpaceX کے فالکن 9 راکٹ پر خلا کی طرف روانہ ہو کر اپنی تاریخی پرواز کا آغاز کیا۔

شبھانشو شکلا نے لانچ کو جادوئی لمحہ قرار دیا

یہ خلاباز تقریباً دو ہفتے خلائی اسٹیشن پر قیام کریں گے۔ اس مشن کے ذریعے پہلی بار ISRO کا کوئی خلاباز انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن تک پہنچا ہے، جو ناسا اور ISRO کے مشترکہ تعاون کا نتیجہ ہے۔ ساتھ ہی پولینڈ اور ہنگری کے پہلے خلاباز بھی پہلی مرتبہ اسٹیشن پر قیام کریں گے۔ اس سے قبل خلائی جہاز کے اندر سے براہِ راست گفتگو میں مشن کے پائلٹ کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے گروپ کیپٹن شبھانشو شکلا نے لانچ کو جادوئی لمحہ قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ میں یہاں اپنے ساتھی خلابازوں کے ساتھ موجود ہوں، اور یہ ایک ناقابلِ یقین تجربہ رہا۔ جب میں کل لانچ پیڈ پر گریس کیپسول میں بیٹھا تھا، 30 دن کے قرنطینہ کے بعد، میرے ذہن میں صرف ایک ہی بات تھی: چلو بس اب روانہ ہو جائیں۔ جب لانچ ہوا، تو سب کچھ بدل گیا۔ جیسے ہی راکٹ نے رفتار پکڑی، آپ اپنی سیٹ میں دھنس جاتے ہیں—اور پھر اچانک خاموشی چھا جاتی ہے۔ آپ خلا میں تیرتے ہوئے محسوس کرتے ہیں، اور یہ جادوئی لمحہ ہوتا ہے۔ شکلا نے مشن ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس تجربے کو اجتماعی کامیابی قرار دیا۔ میں ان تمام افراد کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں جنہوں نے اس سفر کو ممکن بنایا۔ انہوں نے کہا یہ صرف میری ذاتی کامیابی نہیں بلکہ ہم سب کی مشترکہ کامیابی ہے۔

خلاباز مختلف تجربات کو انجام دیں گے

اسپیس ایکس ڈریگن خلائی جہاز 25 جون کو ناسا کے کینیڈی اسپیس سینٹر سے شبھانشو شکلا، پیگی وِٹسن، سلاوش اوزنانسکی اور ٹیبور کاپو کو لے کر روانہ ہوا۔ ایکزیوم-4 کی ٹیم 14 دن تک بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر قیام کرے گی، جہاں وہ مختلف سائنسی تجربات، سماجی رابطہ و آگاہی، اور تجارتی منصوبوں پر کام کرے گی۔ یہ اب تک کا ایکزیوم اسپیس کا سب سے تحقیقی مشن تصور کیا جا رہا ہے، جس میں ناسا اور ISRO مشترکہ طور پر پٹھوں کی مرمت، خوردنی مائیکروالجی کی افزائش، آبی خوردبینی حیات کی بقاء، اور مائیکرو گریوٹی میں ڈیجیٹل ڈسپلے کے ساتھ انسانی تعامل جیسے تجربات انجام دیں گے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read