نئی دہلی: ڈیجیٹل دور میں جہاں ٹیکنالوجی نے زندگی آسان بنائی ہے، وہیں سائبر جرائم ایک سنگین چیلنج بن کر سامنے آئے ہیں۔ آئے دن بینک اکاؤنٹس خالی ہونے، ڈیجیٹل گرفتاری کے نام پر دھمکانے اور آن لائن فراڈ کے واقعات سامنے آ رہے ہیں۔ ان بڑھتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے لیے حکومتِ ہند نے اب فیصلہ کن قدم اٹھایا ہے۔ دہلی کے بھارت منڈپم میں منعقد ایک اہم قومی کانفرنس کے دوران وزیر داخلہ امت شاہ نے واضح کیا کہ بھارت اب سائبر مجرموں کے لیے ’’نو گو زون‘‘ بننے جا رہا ہے۔وزیر داخلہ امت شاہ نے سوشل میڈیا کے ذریعے ملک کو یقین دلایا کہ شہریوں کی سلامتی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ سائبر جرائم آج پوری دنیا کے لیے ایک بڑا خطرہ بن چکے ہیں اور حکومت اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سی بی آئی کی جانب سے منعقد قومی کانفرنس میں سائبر بنیاد پر ہونے والی دھوکہ دہی اور سائبر نیٹ ورکس کو ختم کرنے کی حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا جا رہا ہے۔
10 اور 11 فروری 2026 کو ہونے والی اس دو روزہ کانفرنس کی سب سے بڑی پیش رفت سی بی آئی کی نئی سائبر کرائم برانچ کا افتتاح ہے۔ اب تک سی بی آئی کی مختلف شاخیں سائبر معاملات دیکھ رہی تھیں، لیکن اب ایک علیحدہ اور مخصوص یونٹ صرف ڈیجیٹل جرائم کی تفتیش اور مجرموں کے نیٹ ورک کو توڑنے پر کام کرے گی۔اس موقع پر امت شاہ نے ‘S4C’ یعنی اسٹیٹ سائبر کرائم کوآرڈی نیشن سینٹر ڈیش بورڈ بھی لانچ کیا۔ یہ ایک قومی سطح کا جدید پلیٹ فارم ہے جس کے ذریعے ملک بھر کی پولیس اور تحقیقاتی ایجنسیاں ایک ہی جگہ پر ڈیٹا شیئر کر سکیں گی۔ اس نظام سے خاص طور پر مشتبہ مِیول بینک اکاؤنٹس کی فوری نشاندہی ممکن ہوگی، جنہیں سائبر ٹھگ رقم چھپانے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
حکومت نے جعلی سم اور ای سم کے ذریعے ہونے والے فراڈ کو روکنے کے لیے محکمہ ٹیلی کام کے ساتھ مل کر سخت نگرانی کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ اب تحقیقات میں مصنوعی ذہانت کا استعمال کیا جائے گا، تاکہ مجرموں کے طریقۂ واردات اور پیٹرن کو پہلے ہی سمجھ کر کارروائی کی جا سکے۔امت شاہ نے کہا کہ بھارت میں یو پی آئی اور ڈیجیٹل بینکنگ کے تیز پھیلاؤ کے ساتھ ہی سائبر ٹھگوں نے بھی اپنے ہتھکنڈے بدل لیے ہیں۔ ڈیجیٹل گرفتاری، سرمایہ کاری فراڈ اور فشنگ جیسے طریقوں سے عام شہریوں کی محنت کی کمائی لوٹی جا رہی تھی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ سائبر جرائم کی کوئی سرحد نہیں ہوتی، اس لیے مرکز اور ریاستی ایجنسیاں ایک ٹیم کی طرح مل کر کام کریں گی تاکہ سائبر مجرموں کے پورے نیٹ ورک کو جڑ سے ختم کیا جا سکے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔
