Bharat Express DD Free Dish

Amit Shah arrives in Kolkata for two-day trip: امت شاہ دو روزہ بنگال دورے پر کولکاتا پہنچے، ہوائی اڈے پر پارٹی کارکنوں میں خاصا جوش وخروش آیا نظر

دو روزہ دورے کے دوران مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ تنظیمی اجلاسوں کے ساتھ ساتھ بڑے پیمانے پر عوامی رابطہ پروگراموں پر خصوصی زور دیں گے۔ اس مرتبہ ان کا فوکس اندرونی تنظیمی سرگرمیوں کے مقابلے میں عوامی اجتماعات اور پارٹی کارکنوں سے براہ راست گفتگو پر زیادہ رہے گا

نئی دہلی : مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ جمعہ کی دیر رات اپنے دو روزہ مغربی بنگال دورے پر کولکاتا پہنچ گئے۔ رات تقریباً 12:30 بجے وہ نیتاجی سبھاش چندر بوس بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اترے، جہاں بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈروں  نے ان کا پرتپاک اور شاندار استقبال کیا۔ ہوائی اڈے پر پارٹی کارکنوں اور قیادت میں خاصا جوش و خروش دیکھا گیا۔ اس موقع پر بی جے پی کے ریاستی صدر شمک بھٹاچاریہ، مرکزی وزیر سکانت مجمدار، قائدِ حزبِ اختلاف شوبھندو ادھیکاری، مرکزی وزیر شانتنو ٹھاکر، مرکزی وزیر مملکت نشیتھ پرمانک سمیت کئی سینئر رہنما موجود تھے۔ پارٹی لیڈروں نے پھولوں کے گلدستے پیش کر کے امت شاہ کا خیرمقدم کیا اور پارٹی کے حق میں نعرے لگائے گئے۔

دو روزہ دورے کے دوران مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ تنظیمی اجلاسوں کے ساتھ ساتھ بڑے پیمانے پر عوامی رابطہ پروگراموں پر خصوصی زور دیں گے۔ اس مرتبہ ان کا فوکس اندرونی تنظیمی سرگرمیوں کے مقابلے میں عوامی اجتماعات اور پارٹی کارکنوں سے براہ راست گفتگو پر زیادہ رہے گا، تاکہ انتخابی ماحول کو مزید گرم کیا جا سکے اور کارکنوں میں نیا جوش پیدا ہو۔بی جے پی کی ریاستی کمیٹی کے ایک رکن کے مطابق، کولکاتا پہنچنے کے بعد امت شاہ آج ریاستی بی جے پی کی کور کمیٹی کے ساتھ ایک اہم اجلاس کریں گے، جس میں آئندہ انتخابات کی تیاریوں، تنظیمی حکمتِ عملی اور زمینی سطح پر پارٹی کی کارکردگی پر تفصیلی تبادلۂ خیال ہوگا۔

اپنے دورے کے دوران امت شاہ دو بڑے عوامی جلسوں اور پارٹی کارکن کنونشنز سے خطاب کریں گے۔ پہلی ریلی شمالی 24 پرگنہ ضلع کے بیرک پور علاقے میں منعقد کی جائے گی، جب کہ دوسری ریلی شمالی بنگال کے دارجلنگ ضلع کے سلی گڑی میں ہوگی۔ سلی گڑی کے پروگرام کے بعد وہ بگڈوگرا ہوائی اڈے سے نئی دہلی روانہ ہوں گے۔پارٹی ذرائع کے مطابق بیرک پور کے جلسے میں بنگاؤں، باراسات، بشیرہاٹ اور بیرک پور لوک سبھا حلقوں کے کارکن شریک ہوں گے، جب کہ سلی گڑی کے پروگرام میں سلی گڑی، دارجلنگ، جلپائی گڑی، علی پور دوار اور کوچ بہار کے تنظیمی اضلاع سے بی جے پی کارکنوں کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔

سیاسی تجزیہ نگاروں کا ماننا ہے کہ انتخابی تاریخوں کے اعلان سے پہلے ایک ہی مہینے میں وزیر اعظم نریندر مودی، بی جے پی کے نو منتخب قومی صدر نتن نوین اور اب مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ کا مغربی بنگال کا دورہ اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ بی جے پی ریاستی اسمبلی انتخابات کو لے کر پوری طرح متحرک اور سنجیدہ نظر آ رہی ہے۔ واضح رہے کہ دسمبر کے آخر میں بھی امت شاہ کولکاتا آئے تھے، جہاں انہوں نے ایک اہم تنظیمی اجلاس کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کیا تھا اور وزیرِ اعلیٰ ممتا بنرجی کی حکومت پر سخت تنقید کی تھی۔ ایک ماہ کے اندر ان کا دوسرا دورہ سیاسی اعتبار سے نہایت اہم تصور کیا جا رہا ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read