پرتاپ گڑھ میں مسلسل بارش کے باعث تقریباً ایک صدی پرانا بوسیدہ مکان اچانک منہدم ہوگیا۔ حادثے کے وقت گھر میں ایئر کنڈیشنر چل رہا تھا، جس کی وجہ سے خاندان کے تمام افراد ایک ہی کمرے میں سو رہے تھے اور ملبے تلے دب گئے۔ پولیس حکام کے مطابق یہ حادثہ پرتاپ گڑھ کے نگر کوتوالی علاقے کے محلہ مہولی میں دیر رات پیش آیا۔
ایک ہی خاندان کے چھ افراد موقع پر ہی جاں بحق
حادثے میں دو کم سن بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے چھ افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ ایک نوجوان شدید زخمی ہوگیا۔ اطلاع ملتے ہی سٹی سرکل آفیسر آشوتوش مشرا بھاری پولیس نفری کے ساتھ موقع پر پہنچے۔ پولیس، فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیموں نے ملبہ ہٹا کر متاثرین کو باہر نکالا۔سٹی سی او آشوتوش مشرا نے خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس کو بتایا کہ رات تقریباً دو بجے کوتوالی پولیس کو اطلاع ملی کہ مہولی علاقے میں ایک مکان کی چھت گر گئی ہے، جس کے نتیجے میں پرمود شریواستو اور ان کے خاندان کے پانچ دیگر افراد ملبے تلے دب گئے ہیں۔ پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں، ملبہ ہٹایا اور تمام متاثرین کو ضلع اسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔
جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 60 سالہ پرمود شریواستو، ان کی 55 سالہ اہلیہ ریتا، 25 سالہ بیٹے نتن، 23 سالہ بہو مادھوری، ایک سالہ پوتے مادھو اور 10 ماہ کے پوتے اَدوک کے طور پر ہوئی ہے۔ زخمی نوجوان کی شناخت امن شریواستو کے نام سے ہوئی ہے۔
’ جب میری آنکھ کھلی تو مجھے احساس ہوا کہ میں ملبے کے نیچے دبا ہوا ہوں‘
حادثے میں زندہ بچ جانے والے امن شریواستو نے بتایا، ’’جب میری آنکھ کھلی تو مجھے احساس ہوا کہ میں ملبے کے نیچے دبا ہوا ہوں۔ کسی طرح باہر نکلا تو دیکھا کہ خاندان کے تمام افراد اندر پھنسے ہوئے ہیں۔ میں نے پہلے خود انہیں نکالنے کی کوشش کی، لیکن کامیاب نہ ہوسکا، پھر مدد کے لیے شور مچایا۔ اہلِ محلہ اور رشتہ دار موقع پر جمع ہوگئے۔ ہم ساتوں افراد ایک ہی کمرے میں سو رہے تھے۔ میرے والدین، چھوٹا بھائی، میری اہلیہ اور ہمارے دو معصوم بچے اندر تھے۔ مجھے تو بچا لیا گیا، مگر وہ سب دنیا سے چلے گئے۔‘‘پڑوس میں رہنے والی پونم شریواستو نے آئی اے این ایس کو بتایا کہ پورا خاندان سو رہا تھا کہ اچانک چھت گر گئی۔ اوپری منزل کا ملبہ نیچے آ گرا، جس سے اندر موجود تمام افراد ملبے میں دب گئے۔ گھر میں سات افراد موجود تھے، جن میں سے ایک شخص کو زندہ نکال لیا گیا جبکہ دو بچوں سمیت چھ افراد کی جان چلی گئی۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

