امریکی فوج نے ایک ماہ بعد پہلی بار ایران کے خلاف بڑی فوجی کارروائی کرتے ہوئے آبنائے ہرمز میں ایرانی فوجی تنصیبات کونشانہ بنایا، جس کے بعد ایران نے بھی جوابی کارروائی کی۔ ان حملوں میں دو افراد کی موت کی اطلاع ہے۔ تنازع کے طول پکڑنے کے ساتھ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے جنگ جلد ختم کرنے سے متعلق بیانات بھی کمزور پڑتے دکھائی دے رہے ہیں۔
آبنائے ہرمز میں ایرانی راکٹ لانچر پر امریکی حملہ
امریکی فوج نے اتوارکو آبنائے ہرمزمیں ایرانی راکٹ لانچرکونشانہ بنایا۔ امریکی سینٹرل کمانڈ کے ترجمان ٹم ہاکنزکے مطابق، پاسداران انقلاب کے اہلکار آبنائے ہرمز میں سمندری بارودی سرنگوں کے ساتھ راکٹ لانچ کرنے کی تیاری کرتے ہوئے دیکھے گئے تھے۔ امریکی فوج نے گزشتہ ہفتے ہی بین الاقوامی شپنگ روٹ سے سی مائنز ہٹانے کا کام مکمل کیا تھا۔ ایران نے فوری طور پر امریکی حملے کا بدلہ لینے کا عزم ظاہر کیا اور بعد میں امریکی جہازوں کو نشانہ بنایا۔ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق پاسداران انقلاب نے اپنے متعدد اہلکاروں اور شہریوں کے ہلاک و زخمی ہونے کی اطلاع دی ہے۔ امریکی فوج نے آخری بار 29 جولائی کو ایران کے خلاف کارروائی کی تصدیق کی تھی۔ اس وقت ساحلی نگرانی اور دفاعی مقامات سمیت پاسداران انقلاب کے متعدد ٹھکانوں پر بڑے پیمانے پر حملے کیے گئے تھے۔ اس کے بعد یکم اگست کو صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ خلیجی اتحادیوں قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی درخواست پر وہ نئے حملے روکنے کا حکم دیں گے۔
امریکہ نے اقتصادی دباؤ بڑھانے کی کوشش کی
یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب ٹرمپ انتظامیہ نے ایران کے ساتھ جنگ ختم کرنے کے لیے فوجی کارروائی کے بجائے اقتصادی دباؤ بڑھانے پر توجہ دینے کی بات کہی تھی۔ اس حکمت عملی کے تحت ان ممالک اور اداروں کے خلاف کارروائی کی دھمکی دی جا رہی ہے جو تہران کے ساتھ تجارت جاری رکھیں گے۔ ایرانی میڈیا میں شائع بیان میں پاسداران انقلاب کے ترجمان جنرل حسین موحیبی نے امریکی کارروائی کو ٹرمپ حکومت کی ایک خطرناک غلطی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دشمن کو اس کے فوجی اور اقتصادی نتائج بھگتنا ہوں گے۔ امریکی انتظامیہ ایسے وقت میں طویل جنگ کے اثرات کا جائزہ لے رہی ہے جب کئی ماہ کے تنازع کے بعد اس کے ہتھیاروں کے ذخیرے کم ہونے کی بات سامنے آ رہی ہے۔ اس سے خدشات بڑھ رہے ہیں کہ طویل جنگ دنیا کے دیگر حصوں میں امریکی فوج کی تیاریوں کو متاثر کر سکتی ہے۔
ایران کا آبنائے ہرمز پر زور
ایران اپنی طاقت کے اظہار کے لیے آبنائے ہرمز کو اہم ذریعہ سمجھتا ہے۔ اس راستے سے عام حالات میں دنیا کا تقریباً 20 فیصد تیل گزرتا ہے۔ موجودہ تنازع کے دوران بہت کم تجارتی جہاز اس راستے سے گزرنے کا خطرہ مول لے رہے ہیں، جبکہ ایران کے پاس اب بھی اتنے ڈرون اور میزائل موجود ہیں کہ وہ اس آبی راستے سے گزرنے والے جہازوں کو نشانہ بنا سکے۔ ٹرمپ مسلسل دعویٰ کرتے رہے ہیں کہ امریکہ اور اسرائیل کی کارروائیوں سے ایران کی بحری اور فضائی طاقت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ دوسری جانب ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ جنگ کے نتیجے میں ملک کو تقریباً 270 ارب امریکی ڈالر کا براہ راست اور بالواسطہ نقصان ہوا ہے۔
ٹینکر پر حملہ، 83 تجارتی جہازوں کا رخ بدلا
برطانوی میری ٹائم نگرانی ادارے کے مطابق ہفتے کے روز آبنائے ہرمز میں عمان کے خصب کے شمال میں ایک ٹینکر جہاز پر کسی نامعلوم چیز، ممکنہ طور پر پروجیکٹائل، سے حملہ کیا گیا۔ کسی جانی یا ماحولیاتی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ امریکی فوج کے مطابق اتوار تک ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی کے تحت 83 تجارتی جہازوں کا راستہ تبدیل کیا گیا، جبکہ تین جہازوں کو روک لیا گیا۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


