بالی ووڈ اداکار وویک اوبرائے۔
نئی دہلی: بالی ووڈ اداکار وویک اوبرائے نے اپنے پرسنالٹی رائٹس کے تحفظ کے لیے قانونی قدم اٹھایا ہے۔ انہوں نے اپنی شبیہ اور شناخت کے مبینہ غلط استعمال کے معاملے میں دہلی ہائی کورٹ کا رخ کیا ہے۔ اداکار کی جانب سے وکیل ثنا رئیس خان نے عدالت میں عرضی دائر کی ہے۔
معاملے میں وویک اوبرائے نے عدالت کو بتایا ہے کہ ان کے نام، تصویر، آواز اور شناخت سے جڑے عناصر کا کئی ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور ویب سائٹس پر بغیر اجازت استعمال کیا جا رہا ہے۔ یہ استعمال نہ صرف تجارتی فائدے کے لیے کیا گیا بلکہ اس سے ان کی عوامی شبیہ کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
وویک اوبرائے کا کہنا ہے کہ ایک عوامی شخصیت ہونے کے باوجود ان کی شناخت پر پہلا اور قانونی حق خود انہی کا ہے، اور کوئی بھی ادارہ یا فرد ان کی اجازت کے بغیر اس کا استعمال نہیں کر سکتا۔
دہلی ہائی کورٹ میں دائر عرضی میں کہا گیا ہے کہ موجودہ دور میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس، ڈیپ فیک ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل اشتہارات کے ذریعے کسی سیلیبریٹی کی شبیہ کو توڑ مروڑ کر پیش کرنا آسان ہو گیا ہے۔ اگر بروقت اس پر روک نہ لگائی گئی تو اس سے نہ صرف مالی نقصان ہو سکتا ہے بلکہ سماجی اور ذہنی سطح پر بھی سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
وویک اوبرائے نے عدالت سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے شخصی حقوق کا تحفظ کیا جائے اور مستقبل میں کسی بھی قسم کے غیر مجاز استعمال پر پابندی عائد کی جائے۔
اداکار نے واضح کیا ہے کہ ان کی یہ عرضی تخلیقی اظہار یا صحافت کی آزادی کے خلاف نہیں ہے۔ ان کا مقصد صرف یہ یقینی بنانا ہے کہ ان کی شناخت کا استعمال صرف ان کی واضح اجازت سے ہی ہو۔ اشتہارات، پروموشن، ڈیجیٹل مواد یا کسی بھی تجارتی سرگرمی میں ان کی شبیہ استعمال کرنے سے پہلے اجازت لینا لازمی ہو۔
وویک اوبرائے کی وکیل ثنا رئیس خان نے عدالت میں دلیل دی کہ پرسنالٹی رائٹس بھارتی قانون کے تحت فرد کی وقار اور نجی زندگی سے جڑے ہوتے ہیں۔ کسی سیلیبریٹی کی مقبولیت کا غلط فائدہ اٹھا کر منافع کمانا قانوناً غلط ہے اور اس پر سخت پابندی ضروری ہے۔ اگر عدالت ایسے معاملات میں واضح رہنما اصول طے نہیں کرتی تو مستقبل میں یہ مسئلہ مزید سنگین ہو سکتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ حالیہ برسوں میں کئی بھارتی فنکاروں اور عوامی شخصیات نے اپنے پرسنالٹی رائٹس کے تحفظ کے لیے عدالتوں کا رخ کیا ہے۔ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے بڑھتے اثر و رسوخ کے باعث یہ مسئلہ مسلسل سنگین ہوتا جا رہا ہے۔
بھارت ایکسپریس۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


