سپر اسٹار جونیئر این ٹی آر۔
امراوتی: ٹالی ووڈ سپر اسٹار جونیئر این ٹی آر کے بارے میں ٹی ڈی پی (تیلگو دیشم پارٹی) کے ایم ایل اے کے مبینہ توہین آمیز ریمارکس اور ان کی فلم کے بائیکاٹ کی اپیل نے ایک تنازعہ کھڑا کر دیا ہے۔ اس کے بعد این ٹی آر کے مداحوں نے سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ایم ایل اے سے عوامی معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔
سوشل میڈیا پر ایک آڈیو کلپ ہوئی وائرل
اننت پور اربن سے ٹی ڈی پی ایم ایل اے دگگوپتی وینکٹیشور پرساد پر الزام ہے کہ انہوں نے جونیئر این ٹی آر کے خلاف توہین آمیز الفاظ استعمال کیا اور ان کی آنے والی فلم وار 2 کا بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی۔ سوشل میڈیا پر ایک آڈیو کلپ وائرل ہوئی، جس میں ایم ایل اے کی آواز مبینہ طور پر سنی جا سکتی ہے۔
ایم ایل اے کی رہائش گاہ کے باہر سیکورٹی بڑھی
اس آڈیو کلپ کے منظر عام پر آنے کے بعد این ٹی آر کے مداحوں نے اتوار کے روز اننت پور میں ایم ایل اے کے گھر کے باہر احتجاج کیا۔ انہوں نے نعرے لگائے، پوسٹر اور فلیکسز پھاڑ دیے اور ایم ایل اے سے عوامی معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔ بڑھتی کشیدگی کو دیکھتے ہوئے پولیس نے ایم ایل اے کی رہائش گاہ اور دفتر کے باہر سیکورٹی بڑھا دی۔
پرساد نے الزام کی تردید کرتے ہوئے ویڈیو کیا جاری
ایم ایل اے پرساد نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا۔ انہوں نے کہا کہ آڈیو کلپ میں جو آواز سنی گئی ہے وہ ان کی نہیں اور یہ ان کے سیاسی حریفوں کی سازش ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ نارا اور ننداموری خاندانوں کے مداح ہیں۔ حالانکہ، انہوں نے کہا کہ اگر این ٹی آر کے مداحوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے تو وہ ان سے معافی مانگتے ہیں، لیکن مداحوں کا کہنا ہے کہ ایم ایل اے کو میڈیا کے سامنے آکر عوامی سطح پر معافی مانگنی چاہئے۔
’’اگر فلم اچھی ہے تو کوئی اسے روک نہیں سکتا‘‘
وائی ایس آر کانگریس لیڈر اور سابق وزیر آر کے روجا نے بھی اس تنازعہ پر ردعمل کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاست اور فلموں کو ایک دوسرے سے نہیں ملانا چاہئے۔ روجا خود بھی ایک اداکارہ ہیں اور انہوں نے کہا کہ جونیئر این ٹی آر سیاست میں سرگرم نہیں ہیں، اس لیے ان کے خلاف اس طرح کی باتیں نہیں کی جانی چاہئے۔ انہوں نے طنزیہ لہجے میں کہا، ’’این ٹی آر کی فلم کے بائیکاٹ کی اپیل کرنا سورج کو ہتھیلی سے ڈھانپنے جیسا ہے، اگر فلم اچھی ہے تو کوئی اسے روک نہیں سکتا۔‘‘
روجا نے نائب وزیر اعلیٰ پون کلیان پر کیا طنز
روجا نے نائب وزیر اعلیٰ پون کلیان پر بھی طنز کیا اور کہا کہ ان کے لیے اراکین اسمبلی نے ٹکٹ خریدے تھے، لیکن پھر بھی ان کی فلم ’ہری ہرا ویرا مَلّو‘ کو نہیں بچا سکے۔
’’کوئی بھی مجھے نقصان نہیں پہنچا سکتا‘‘
بتایا جا رہا ہے کہ ٹی ڈی پی کے حامیوں کا ایک حصہ جونیئر این ٹی آر سے ناراض ہے۔ حال ہی میں، اپنی فلم وار 2 کی پری ریلیز تقریب میں، اداکار نے کہا تھا کہ جب تک ان کے دادا ننداموری تارک راما راؤ (این ٹی آر) کا آشیرواد ان کے ساتھ ہے، کوئی بھی انہیں نقصان نہیں پہنچا سکتا۔
ٹی ڈی پی کے بانی کے پوتے ہیں جونیئر این ٹی آر
غور طلب ہے کہ جونیئر این ٹی آر ٹی ڈی پی کے بانی اور آندھرا پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ این ٹی آر کے پوتے ہیں۔ این ٹی آر کے داماد این چندرا بابو نائیڈو نے 1995 میں بغاوت کے بعد پارٹی اور اقتدار کی باگ ڈور سنبھالی تھی۔ اب چیف منسٹر نائیڈو اپنے بیٹے نارا لوکیش کو سیاسی جانشین کے طور پر تیار کر رہے ہیں۔ وہیں، این ٹی آر کے کچھ مداحوں کا خیال ہے کہ جونیئر این ٹی آر کو اپنے دادا کی سیاسی وراثت کو آگے بڑھانا چاہئے۔
بھارت ایکسپریس۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

