نئی دہلی : ہندی سنیما کی تاریخ میں کچھ اداکارائیں ایسی رہی ہیں جنہوں نے نہ صرف اپنے دور میں شہرت حاصل کی بلکہ آنے والی نسلوں کے فنکاروں کو بھی متاثر کیا۔ آنجہانی اداکارہ شری دیوی بھی ایسی ہی عظیم فنکارہ تھیں۔ بالی ووڈ کی متعدد اداکارائیں انہیں اپنی تحریک اور رول ماڈل قرار دیتی رہی ہیں، جن میں کاجول کا نام بھی شامل ہے۔ کاجول نے ایک پرانے انٹرویو میں بتایا تھا کہ وہ شری دیوی کی اداکاری سے اس قدر متاثر تھیں کہ چاہتی تھیں وہ اپنا ایک ایکٹنگ اسکول کھولیں اور وہ اس اسکول کی پہلی طالبہ بنیں۔کاجول نے یہ دلچسپ بات اداکار انوپم کھیر کے معروف ٹاک شو ’دی انوپم کھیر شو‘ میں کہی تھی۔ گفتگو کے دوران انوپم کھیر نے کاجول سے پوچھا تھا کہ فلموں میں آنے سے قبل ان کی پسندیدہ اداکارائیں کون تھیں۔ اس سوال پر کاجول نے بتایا کہ جب وہ بہت چھوٹی تھیں تو ان کی کوئی ایک مخصوص پسندیدہ اداکارہ نہیں تھی، لیکن عمر بڑھنے کے ساتھ شری دیوی کی اداکاری نے انہیں بے حد متاثر کیا۔
’شری دیوی ایک شاندار اداکارہ تھیں‘
کاجول نے کہا تھا کہ شری دیوی ایک غیر معمولی اداکارہ تھیں اور وہ ہمیشہ ان سے کہتی تھیں کہ انہیں اپنا ایکٹنگ اسکول کھول لینا چاہیے۔ کاجول کے مطابق اگر شری دیوی ایسا اسکول کھولتیں تو وہ خود اس کی پہلی طالبہ بننا چاہتی تھیں تاکہ ان سے اداکاری کے فن کے بارے میں بہت کچھ سیکھ سکیں۔کاجول نے شری دیوی کی سب سے بڑی خوبی ان کی اداکاری میں کردار کے مطابق مکمل تبدیلی کو قرار دیا۔ ان کے مطابق شری دیوی جس کردار کو ادا کرتی تھیں، اس میں پوری طرح ڈھل جاتی تھیں۔ ناظرین اس قدر متاثر ہوجاتے تھے کہ انہیں یہ احساس بھی نہیں رہتا تھا کہ وہ ایک اداکارہ کو دیکھ رہے ہیں، بلکہ انہیں صرف وہی کردار نظر آتا تھا جسے شری دیوی پردے پر پیش کر رہی ہوتی تھیں۔
’چاندنی‘ سے ’لمحے‘ تک ہر کردار منفرد
کاجول نے شری دیوی کی اداکاری کی مثال دیتے ہوئے ’چاندنی‘، ’چالباز‘، ’صدمہ‘ اور ’لمحے‘ جیسی فلموں کا ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان تمام فلموں میں شری دیوی کے کردار ایک دوسرے سے بالکل مختلف تھے، لیکن انہوں نے ہر کردار کو اتنی حقیقت پسندانہ انداز میں ادا کیا کہ وہ مکمل طور پر قابلِ یقین محسوس ہوا۔کاجول کے مطابق شری دیوی کے کرداروں میں کہیں نہ کہیں ان کی اپنی شخصیت کی ہلکی سی جھلک ضرور نظر آتی تھی، لیکن ان کی ذاتی شخصیت کبھی کردار پر حاوی نہیں ہوتی تھی۔ یہی چیز انہیں ایک حقیقی اور عظیم اداکارہ بناتی تھی۔کاجول نے فلم ’خدا گواہ‘ میں بھی شری دیوی کی اداکاری کو شاندار قرار دیا۔ انہوں نے کہا تھا کہ شری دیوی کی آنکھوں میں کبھی عمر کا احساس دکھائی نہیں دیتا تھا۔ ان کے اندر زندگی کے لیے ہمیشہ جوش اور کچھ نیا کرنے کی خواہش نظر آتی تھی۔ ایسا محسوس ہوتا تھا کہ انہوں نے چاہے کتنا ہی کام کیوں نہ کرلیا ہو، لیکن ان کے اندر مزید کچھ کرنے کی جستجو ہمیشہ باقی ہے۔
54 برس کی عمر میں دنیا سے رخصت
شری دیوی کا 24 فروری 2018 کو 54 برس کی عمر میں انتقال ہوگیا تھا۔ دبئی میں ایک خاندانی تقریب کے دوران ہوٹل کے باتھ ٹب میں حادثاتی طور پر ڈوبنے سے ان کی موت ہوئی تھی۔ ان کے اچانک انتقال کی خبر نے پوری فلم انڈسٹری اور ان کے کروڑوں مداحوں کو صدمے میں مبتلا کردیا تھا۔ آج بھی شری دیوی کو بھارتی سنیما کی عظیم ترین اداکاراؤں میں شمار کیا جاتا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


