بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان۔
ممبئی: بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کی فلموں نے کئی دہائیوں سے ناظرین کے دلوں پر راج کیا ہے۔ ان کی اداکاری کا جادو اور اسکرین پر ان کا پُرکشش انداز نہ صرف بھارت میں بلکہ دنیا بھر میں انہیں ایک منفرد شناخت دے چکا ہے۔
خصوصی فلم فیسٹیول کا اعلان
شاہ رخ خان کی فلموں نے ہمیں کئی بار محبت، درد، ہمت اور دوستی کی کہانیاں سنائی ہیں۔ ان کے فلمی سفر میں رومانس، ایکشن، کامیڈی اور ڈراما—ہر طرح کی کہانیاں شامل ہیں جو لوگوں کے دلوں کو چھو جاتی ہیں۔ اب جب کہ شاہ رخ خان اپنی 60ویں سالگرہ کی جانب بڑھ رہے ہیں، وہ اپنے مداحوں کے لیے ایک خاص تحفہ لے کر آئے ہیں۔ انہوں نے اپنے فلمی سفر کو یادگار بنانے کے لیے ایک خصوصی فلم فیسٹیول کا اعلان کیا ہے۔
مداحوں کو فیسٹیول میں شامل ہونے کی دعوت
اس فیسٹیول کا مقصد شاہ رخ خان کے کیریئر کی سب سے یادگار فلموں کو دوبارہ بڑی اسکرین پر پیش کرنا ہے۔ جن کرداروں اور اداکاری نے ناظرین کے دلوں پر چھاپ چھوڑی، اب انہیں سینما گھروں میں دوبارہ دیکھنے کا موقع ملے گا۔ جمعہ کے روز شاہ رخ نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے فیسٹیول کا اعلان کیا اور کہا کہ ان کے لیے یہ ضروری نہیں کہ لوگ انہیں کیا سمجھتے ہیں یا نہیں، بلکہ یہ اہم ہے کہ روشنی، کیمرا اور تھوڑی سی محبت اب بھی باقی ہے۔ انہوں نے اپنے مداحوں کو فیسٹیول میں شامل ہونے کی دعوت دی۔
ویڈیو کے ساتھ شاہ رخ نے کیپشن میں لکھا، ’’میں کون ہوں، کون نہیں… اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، جب تک لائٹس، کیمرا اور تھوڑا سا پیار برقرار ہے۔ آج سے PVR Inox کے اشتراک سے ملک بھر کے منتخب سینما گھروں میں ’شاہ رخ خان فلم فیسٹیول‘ شروع ہو رہا ہے۔‘‘
فیسٹیول میں شاہ رخ کی کئی مقبول فلمیں شامل
فیسٹیول میں شاہ رخ خان کی کئی مقبول فلمیں شامل ہیں، جن میں ‘کبھی ہاں کبھی نا’، ‘دل سے’، ‘دیو داس’، ‘میں ہوں نا’، ‘اوم شانتی اوم’، ‘چنئی ایکسپریس’ اور ان کی حالیہ بلاک بسٹر فلم ‘جوان’ شامل ہیں۔ یہ فلمیں بھارت کے منتخب PVR اور Inox سینما گھروں کے ساتھ ساتھ Cinépolis کی کچھ اسکرینز پر بھی دکھائی جائیں گی۔
اس کے علاوہ YRF International کے ذریعے یہ فیسٹیول مشرقِ وسطیٰ، امریکہ، برطانیہ، یورپ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں بھی پیش کیا جائے گا۔
شاہ رخ خان 2 نومبر کو اپنی 60ویں سالگرہ منانے جا رہے ہیں، اور اس موقع پر ان کے فلمی کیریئر کی جھلک دکھانے کے لیے دو ہفتوں پر مشتمل ایک بڑا فیسٹیول منعقد کیا گیا ہے۔ بھارت میں یہ تقریب 30 سے زیادہ شہروں کے 75 سے زائد سینما گھروں میں PVR اور Inox کے ذریعے منعقد کی جائے گی۔
بھارت ایکسپریس۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


