Bharat Express DD Free Dish

Russian Forces Capture Settlement in Kharkiv: روسی فوج نے یوکرین کے خارکیف علاقے میں ایک بستی پر کیا قبضہ، توانائی اور بندرگاہی ٹھکانوں سمیت 144 مقامات پر حملے

جمعہ کو روس کے ایک سینئر سفارت کار نے کہا کہ یوکرین کو سکیورٹی ضمانتیں دینے کے معاملے پر اسی وقت بات چیت ہوسکتی ہے، جب کیف یہ تسلیم کرلے کہ وہ نیٹو کا رکن نہیں بنے گا۔

ماسکو: روسی فوج نے یوکرین کے خارکیف علاقے میں واقع سوسنووی بور نامی بستی پر قبضہ کرلیا ہے۔ روس کی وزارت دفاع نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔ روسی سوشل نیٹ ورک ’میکس‘ پر جاری ایک بیان میں وزارت دفاع نے کہا کہ اس کی ’نارتھ گروپ‘ فوج کی یونٹوں نے فعال فوجی کارروائی کے دوران اس بستی پر قبضہ کیا۔ روس نے دعویٰ کیا کہ اس کی آپریشنل ٹیکٹیکل فضائیہ، ڈرون، میزائل فورسز اور توپ خانے نے یوکرین کے ’نیپچون‘ ساحلی میزائل نظام کے ایک لانچر کو تباہ کردیا۔

روسی فوج نے یوکرینی فوج کے زیر استعمال توانائی اور نقل و حمل کے بنیادی ڈھانچے، ڈرون بنانے اور ذخیرہ کرنے کی تنصیبات، ڈرون لانچ کرنے کے مقامات اور یوکرینی فوجی دستوں نیز غیر ملکی جنگجوؤں کے عارضی ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا۔ روس کے مطابق، ایسے 144 مقامات پر حملے کیے گئے۔ روسی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران چار گائیڈیڈ فضائی بموں اور 792 فکسڈ ونگ ڈرونز کو مار گرایا۔

بندرگاہی ڈھانچے اور جہازوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

خبر رساں ایجنسی ژنہوا کی رپورٹ کے مطابق، وزارت دفاع نے ایک دوسرے بیان میں کہا کہ روسی فوج نے رات بھر ڈرون حملے کرکے یوکرین کی توانائی تنصیبات، بندرگاہی ڈھانچے اور جہازوں کو نشانہ بنایا۔ روس کے مطابق، ان حملوں میں زاپوریزیا شہر میں واقع 330 کے وی کی ’پراووبیریژنا‘ بجلی کی سب اسٹیشن بھی متاثر ہوئی۔ روس کا دعویٰ ہے کہ یہ سب اسٹیشن یوکرین کے فوجی صنعتی اداروں کو بجلی فراہم کرتی ہے۔

بندرگاہی علاقے اور مال بردار جہاز پر حملے کا دعویٰ

وزارت دفاع نے کہا کہ یوکرین کے اوڈیسا علاقے کی کِلیا بندرگاہ میں اس ڈھانچے کو نشانہ بنایا گیا، جسے یوکرینی فوج کے لیے فوجی سازوسامان اور دیگر اشیا پہنچانے کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔ اس کے علاوہ روس نے دعویٰ کیا کہ اوڈیسا کے شمال مشرقی سمندری علاقے میں ایک مال بردار جہاز پر بھی حملہ کیا گیا۔ یہ جہاز یوکرینی فوج کے لیے دوہرے استعمال کی اشیا، یعنی فوجی اور شہری دونوں مقاصد کے لیے استعمال ہونے والا سامان لے جارہا تھا۔

اس دوران، جمعہ کو روس کے ایک سینئر سفارت کار نے کہا کہ یوکرین کو سکیورٹی ضمانتیں دینے کے معاملے پر اسی وقت بات چیت ہوسکتی ہے، جب کیف یہ تسلیم کرلے کہ وہ نیٹو کا رکن نہیں بنے گا۔ روس کے نائب وزیر خارجہ سرگئی ریابکوف نے کہا، ’’جب اس بات کو تسلیم کرلیا جائے گا، تب کسی نہ کسی شکل میں سکیورٹی ضمانتوں کے معاملے پر بات چیت کی جاسکتی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ روس مذاکرات کے خلاف نہیں ہے، لیکن یوکرین کی نیٹو میں شمولیت کے معاملے پر کوئی بات چیت نہیں کرے گا۔ ریابکوف نے ایک بار پھر دہرایا کہ یوکرین کی نیٹو رکنیت ماسکو کے لیے مکمل طور پر ناقابل قبول ہے۔

بھارت ایکسپریس۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read