Bharat Express DD Free Dish

PM Modi Highlights Struggles of BJP Workers: چائے پلانے اور انتخابی پوسٹر اٹھانے سے کونسلر بننے تک، وزیر اعظم مودی نے بی جے پی کارکنوں کی جدوجہد کی پیش کیں مثالیں

وزیر اعظم مودی نے بی جے پی کا کارکن ہونے کو ایک ’خوش قسمتی‘ قرار دیا اور پارٹی کارکنوں کی کئی نسلوں کی خدمات کو یاد کیا، جنہوں نے تنظیم کی روایات اور اقدار کو برقرار رکھا ہے۔

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو بی جے پی کے دو ایسے کارکنوں کا ذکر کیا، جنہوں نے انتہائی معمولی سطح سے اپنے سیاسی سفر کا آغاز کیا اور آج کونسلر بن چکے ہیں۔ ان مثالوں کے ذریعے انہوں نے بتایا کہ بی جے پی کس طرح زمینی سطح پر کام کرنے والے کارکنوں کو ان کے عہدے یا پس منظر کی پروا کیے بغیر آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرتی ہے۔

محنت اور لگن کو عہدے سے زیادہ اہمیت

گجرات بھر میں منعقد ہونے والے ’دیوالی اور نئے سال کے سنیہ ملن‘ پروگرام کے دوران بی جے پی کارکنوں سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے رمیش بھائی بھیل اور اتل بھائی مستری کی مثالیں پیش کیں۔ ان کی جدوجہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ بی جے پی میں عہدے کے بجائے کام اور لگن کو زیادہ اہمیت دی جاتی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آپ نے ایک بات ضرور دیکھی ہوگی کہ بی جے پی میں عہدے سے زیادہ سخت محنت کی قدر کی جاتی ہے۔ یہاں عہدے کو نہیں بلکہ کام کو اہمیت دی جاتی ہے۔

تین دہائیوں تک پارٹی دفتر میں کارکنوں کو چائے پلائی

رمیش بھائی بھیل کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے بتایا کہ انہوں نے تقریباً تین دہائیوں تک بی جے پی دفتر میں پوری لگن کے ساتھ پارٹی کارکنوں اور لیڈران کو چائے پلائی۔ انہوں نے کہا کہ بھیل، جو اب کونسلر ہیں، نے کئی سال تک پارٹی دفتر میں کام کرتے ہوئے گزارے۔

آٹو رکشہ چلانے والے اتل بھائی مستری بھی بنے کونسلر

وزیر اعظم مودی نے اتل بھائی مستری کا بھی ذکر کیا، جو کبھی آٹو رکشہ چلایا کرتے تھے اور انتخابی مہم کے دوران پوسٹر اور دیگر انتخابی سامان پہنچانے میں مدد کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مستری بھی کونسلر بن گئے۔ ان دونوں کارکنوں کا سفر ظاہر کرتا ہے کہ جو لوگ تنظیم اور اس کے کام کے تئیں وقف رہتے ہیں، انہیں بی جے پی میں آگے بڑھنے کے کتنے مواقع ملتے ہیں۔

عام کارکن سے بڑی ذمہ داریوں تک کا سفر

اپنے سیاسی سفر کو یاد کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ پارٹی نے ان جیسے ایک عام کارکن کو بھی بدلا اور انہیں بڑی ذمہ داریاں سنبھالنے کے مواقع فراہم کیے۔ انہوں نے کہا، ’’پارٹی میں کتنے ہی لوگوں نے مجھے تراشنے کے لیے سخت محنت کی! انہوں نے ایک ایک کرکے میرا امتحان لیا اور مجھے آگے بڑھنے کے مواقع دیے۔ یہ سب صرف بی جے پی میں ہی ممکن ہے۔‘‘

مشکل دور میں بھی کارکنوں نے عوام کی خدمت جاری رکھی

وزیر اعظم نے بی جے پی کا کارکن ہونے کو ایک ’خوش قسمتی‘ قرار دیا اور پارٹی کارکنوں کی کئی نسلوں کی خدمات کو یاد کیا، جنہوں نے تنظیم کی روایات اور اقدار کو برقرار رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنوں نے اس وقت بھی عوام کی خدمت جاری رکھی، جب بی جے پی کے پاس سیاسی طاقت بہت کم تھی اور انتخابی کامیابی دور کی بات معلوم ہوتی تھی۔ وزیر اعظم مودی نے گجرات کی ترقی میں تعاون کے لیے ریاست کے بی جے پی کارکنوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ کارکنوں کی لگن اور سخت محنت کی بدولت ہی پارٹی ریاست، ملک اور کئی دیگر ریاستوں کی خدمت کر پائی ہے۔

بھارت ایکسپریس۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read